سشمتا دیو نے نریندر مودی پر موجودہ ’ایمرجنسی‘ پر خاموش رہنے کا الزام عائد کیا

سشمتا دیو کا کہنا ہے کہ جب سے مودی حکومت برسراقتدار ہوئی ہے تب سے ملک میں ایمرجنسی لگی ہوئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں خواتین کے خلاف مظالم بڑھ گئے ہیں اور بولنے کی آزادی بھی چھینی جا رہی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ ملک کی سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کا موازنہ ہٹلر سے کیے جانے پر کانگریس نے بی جے پی کے خلاف حملہ آور رخ اختیار کر لیا ہے۔ اس معاملے پر بولتے ہوئے انڈین ویمن کانگریس کی صدر سشمتا دیو نے وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی پارٹی بی جے پی کی سخت تنقید کی۔ انھوں نے کہا کہ جب سے مودی حکومت برسراقتدار آئی ہے اس وقت سے ملک میں ایمرجنسی لگی ہوئی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ مودی حکومت میں خواتین کے خلاف مظالم بڑھ گئے ہیں، بولنے کی آزادی چھینی جا رہی ہے اور کسان خودکشی کر رہے ہیں، لیکن مودی جی نے ان ایشوز پر بات نہ کرنے کی ٹھان رکھی ہے۔

سشمتا دیو نے جارحانہ رخ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ جس وقت وزیر اعظم نریندر مودی ایمرجنسی پر تقریر کر رہے تھے، ٹھیک اسی وقت ’تھامسن رائٹرس فاؤنڈیشن‘ کے ذریعہ جاری رپورٹ دنیا بھر میں موضوعِ بحث بنی ہوئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ہندوستان خواتین کے لیے دنیا میں سب سے خطرناک ملک ہے۔ اس رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے سشمتا دیو نے پوچھا کہ کٹھوعہ عصمت دری و قتل اور اُناؤ اجتماعی عصمت دری جیسے شرمسار کر دینے والے واقعات سے مودی حکومت نے کچھ سبق حاصل نہیں کیا۔ انھوں نے کہا کہ مودی حکومت نے ملک کی خواتین کے لیے کوئی صحیح قدم نہیں اٹھائے۔

واضح رہے کہ 2011 میں ’تھامسن رائٹرس فاؤنڈیشن‘ کے ذریعہ جاری رپورٹ میں خواتین کے تحفظ کے لحاظ سے ہندوستان کو دنیا کی فہرست میں چوتھا مقام حاصل تھا۔ اس وقت بی جے پی نے کانگریس کی یو پی اے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ لیکن اب تازہ رپورٹ کو مودی حکومت اور راشٹریہ مہیلا آیوگ نے ماننے سے انکار کر دیا ہے۔

خواتین کے ایشوز کو سامنے رکھتے ہوئے سشمتا دیو نے کہا کہ ملک میں خواتین کے لیے کچھ نہ کرنے والی مودی حکومت اور ان کے لیڈر سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی پر سوال کھڑے کر رہے ہیں اور ایمرجنسی کو یومِ سیاہ کی شکل میں منا کر ڈھونگ رَچ رہے ہیں۔ سشمتا دیو نے اندرا گاندھی کو دنیا کی پہلی طاقتور خاتون اور مجاہد آزادی بتاتے ہوئے کہا کہ ’’جب مودی جی اور بی جے پی کی ذہنیت کے لوگ پیدا بھی نہیں ہوئے تھے اس وقت اندرا جی اپنے والد پنڈت نہرو اور والدہ کملا نہرو کے ساتھ آزادی کی لڑائی لڑ رہی تھیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔