نیویارک میں مہاتما گاندھی کا مجسمہ توڑا گیا، ہندوستانی قونصلیٹ ناراض

گاندھی میموریل انٹرنیشنل فاؤنڈیشن نے 8 فُٹ اونچا مہاتما گاندھی کا یہ مجسمہ عطیہ کیا تھا اور مہاتما گاندھی کے 117ویں یومِ پیدائش کے موقع پر 2 اکتوبر 1986 میں نیو یارک کے مینہٹن میں نصب کیا گیا تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

امریکہ کے نیویارک میں مہاتما گاندھی کے ایک مجسمہ کو نقصان پہنچائے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطبق مینہٹن میں گاندھی جی کے کانسہ سے بنے مجسمہ کے ساتھ ہفتہ کے روز شر پسند عناصر نے توڑ پھوڑ کی۔ اس واقعہ کی خبر ملنے کے بعد ہندوستانی قونصلیٹ کی طرف سے ناراضگی ظاہر کی گئی ہے۔ ہند-امریکی طبقہ نے بھی اس واقعہ پر شدید مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

نیویارک میں ہندوستان کے قونصلیٹ نے کہا کہ یہ واقعہ ہفتہ کے روز صبح کا ہے جب کچھ نامعلوم لوگوں نے مہاتما گاندھی کے مجسمہ کے ساتھ توڑ پھوڑ کی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’قونصلیٹ مجسمہ کے ساتھ توڑ پھوڑ کے اس واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔‘‘ فی الحال اس معاملے کو مقامی افسران کے سامنے اٹھایا گیا ہے۔ قونصلیٹ کا کہنا ہے کہ ’’امریکہ کے محکمہ خارجہ کے سامنے فوری جانچ کے لیے معاملے کو رکھا گیا ہے۔ افسران سے اس مذموم عمل کے لیے ذمہ دار لوگوں کے خلاف مناسب کارروائی کی اپیل کی گئی ہے۔‘‘


قابل ذکر ہے کہ گاندھی میموریل انٹرنیشنل فاؤنڈیشن نے 8 فُٹ اونچا یہ مجسمہ عطیہ کیا تھا اور مہاتما گاندھی کے 117ویں یومِ پیدائش کے موقع پر 2 اکتوبر 1986 میں نصب کیا گیا تھا۔ اس مجسمہ کو 2001 میں ہٹا دیا گیا اور 2002 میں از سر نو نصب کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی کچھ نامعلوم شرپسندوں نے اسی طرح امریکہ کے کیلیفورنیا میں مہاتما گاندھی کے ایک دیگر مجسمہ کے ساتھ توڑ پھوڑ کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔