زوبین گرگ موت معاملہ میں سنگاپور کورٹ کا سازش سے انکار
اسٹیٹ کورونر ایڈم ناخودا نے سنگاپور پولیس کوسٹ گارڈ کی تحقیقات کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ معاملے میں کسی طرح کی سازش یا زبردستی کے ثبوت نہیں ملے ہیں۔

معروف گلوکار زوبین گرگ کی موت کے معاملے میں سنگاپور ’اسٹیٹ کورونر کورٹ‘ نے کہا ہے کہ ان کی موت میں کسی قسم کی کوئی سازش شامل نہیں۔ اسٹیٹ کورونر ایڈم ناخودا نے سنگاپور پولیس کوسٹ گارڈ کی تحقیقات کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ معاملے میں کسی طرح کی سازش یا زبردستی کے ثبوت نہیں ملے ہیں۔ عدالت کے مطابق گرگ نے خود ہی سمندر میں تیراکی کا فیصلہ کیا تھا اور انہیں کسی نے پانی میں دھکا نہیں دیا۔ تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ واقعے کے دن گرگ نے شراب نوشی کر رکھی تھی، جس سے ان کے فیصلہ کرنے کی صلاحیت متاثر ہوئی۔
سنگاپور عدالت کے مطابق زوبین گرگ نے پہلی بار لائف جیکٹ پہن کر تیراکی کی، لیکن دوسری بار جیکٹ پہننے سے انکار کر دیا۔ اسی دوران وہ پانی میں بے بس ہو گئے اور بعد میں اسپتال میں ان کا انتقال ہو گیا۔ پوسٹ مارٹم میں موت کی وجہ ڈوبنا ہی پائی گئی۔ عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ ان کے ساتھ موجود لوگوں نے انہیں بچانے کی بھرپور کوشش کی اور کسی بھی قسم کی غفلت یا سازش کے شواہد نہیں ملے ہیں۔ تاہم آسام میں اس معاملے کو لے کر الگ سے قانونی کارروائی جاری ہے، جہاں کچھ لوگوں پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ’یا علی‘ فیم گلوکار زوبین گرگ ’نارتھ ایسٹ انڈیا فیسٹیول‘ کے کلچرل برانڈ ایمبیسڈر کے طور پر سنگاپور گئے تھے۔ وہاں انہیں فیسٹیول میں شرکت کرنی تھی، لیکن اس سے ٹھیک پہلے وہ دوستوں کے ساتھ ’یاٹ‘ پر گھومنے اور پارٹی کرنے گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس سیر کا اہتمام ’آسام ایسوسی ایشن سنگاپور‘ کے اراکین نے کیا تھا۔ پانی میں بغیر لائف جیکٹ کودنے کے بعد وہ تیراکی کے دوران بے ہوش ہو گئے۔ انہیں فوری طور پر سنگاپور جنرل اسپتال لایا گیا، جہاں انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔ سنگاپور کے حکام نے ڈیتھ سرٹیفکیٹ میں موت کی وجہ ’ڈوبنا‘ بتائی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔