سینئر کانگریس لیڈر محمد نفیس عباسی کا انتقال، تدفین آبائی وطن امروہہ میں

نفیس عباسی نے امروہہ میں چھوٹے چھوٹے کاروباری یونٹ بنا کر لوگوں کو روزگار سے جوڑا۔ امروہہ میں اہلیہ کے نام سے نایاب عباسی پی جی کالج قایم کیا جس میں ان کے دیرینہ دوست اسلم فاروقی نے ان کا ساتھ دیا۔

تصویر بذریعہ مہتاب امروہوی
تصویر بذریعہ مہتاب امروہوی
user

ڈاکٹر مہتاب امروہوی

امروہہ: انڈین نیشنل کانگریس کے سنیر لیڈر اور سابق وزیر اعظم ڈاکٹرمنموہن سنگھ کے بے حد قریبی دوست محمد نفیس عباسی کا گزشتہ شب طویل علالت کے بعد گروگرام کےمیکس اسپتال میں انتقال ہو گیا۔ ان کی امر 79 برس تھی۔ سماجی رکن اور نایاب عباسی پی جی کالج امروہہ کے بانی محمد نفیس عباسی ملک اور بیرون ملک کی بیشمار سماجی ادبی اور سیاسی تنظیموں سے منسلک تھے۔ ان کا جسد خاکی آج شام تک امروہہ لایا جائےگا جہاں نایاب عباسی پی جی کالج کیلسہ روڈ پربعد عشاء تدفین ہوگی۔

ذرائع کے مطابق نماز جنازہ مفتی سید محمد عفان منصور پوری ادا کرائیں گے۔ انڈین نیشنل کانگریس میں مسز اندرا گاندھی سے لیکر راجیوگاندھی ،سنجے گاندھی ،سونیا گاندھی اور راہل گاندھی تک ان کو بہت اچھی طرح سے جانتے ہیں۔ ان کی شناخت ایک وفادرا کانگریسی کی رہی ہے۔

محمد نفیس عباسی کی پیدائش 14 ستمبر 1939 کو امروہہ کے محلہ چاہ ملا امان پر محمد یوسف عباسی کے گھر ہوئی تھی۔ انہوں نے امروہہ لوک سبھا سے 2009 میں الیکشن لڑا تھا۔ یہ الگ بات ہے کہ وہ جیت نہیں سکے تھے، لیکن آخر آخر تک ان کا تعلق کانگریس سے ہی رہا۔ آل انڈیا شوٹنگ بال فیڈریشن کے تقریباً چالیس سال مسلسل قومی صدر رہے۔ محمد نفیس عباسی نے دہلی اور امروہہ سے کپڑے بنا کر غیر ممالک کو ایکسوپورٹ کا کاروبار کیا جس میں بہت نام کمایا اور 1980 میں انہوں نے ایکسپورٹ کے میدان میں سب سے زیادہ زر مبادلہ کمانے کے لیے اس وقت کے صدرجمہوریہ ڈاکٹر شنکر دیال شرما سےگولڈ میڈل حاصل کیا تھا ۔ مسٹر عباسی نے امروہہ میں چھوٹے چھوٹے کاروباری یونٹ بنا کر لوگوں کو روزگار سے جوڑا۔ امروہہ میں اپنی اہلیہ کے نام سے نایاب عباسی پی جی کالج قایم کیا جس میں ان کے دیرینہ دوست شوٹنگ بال فیڈریشن کے قومی جنرل سیکریٹری محمد اسلم فاروقی نے ان کا ساتھ دیا اور ان کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کیا۔ اسلم فاروقی کی بے لوث خدمات بھی اس سلسلے میں ناقابل فراموش ہیں۔ امروہہ اور دہلی میں مشاعروں کے انعقاد کے شوقین مسٹر عباسی ایک طویل مدت سے انڈیا اسلامک سینٹرنئی دہلی سےبھی منسلک رہے ہیں۔ کئی بار وہ سینٹرکے ٹرسٹی بھی منتخب ہو چکے تھے۔ ان کے انتقال پر ملک اور بیرون ممالک میں رہنے والے ان کے دوست و احباب اور رشتے داروں نے گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔