بنگلورو میں ہونے والے جیولن تھرو مقابلے کے لیے نیرج چوپڑا نے پاکستانی کھلاڑی ارشد ندیم کو ہندوستان آمد کی دی دعوت

نیرج چوپڑا کلاسک مقابلہ بنگلورو کے کانتی راوا اسٹیڈیم میں ہوگا۔ اس مقابلے میں دنیا کے سرفہرست جیولن تھرو ایتھلیٹس حصہ لیں گے، جس میں اینڈرسن پیٹرس، تھامس روہلر اور جولیس یگو شامل ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>نیرج چوپڑا اور ارشد ندیم</p></div>

نیرج چوپڑا اور ارشد ندیم

user

قومی آواز بیورو

24 مئی سے بنگلورو میں ہونے والے نیرج چوپڑا کلاسک جیولن تھرو مقابلے میں پاکستان کے اولمپک میڈلسٹ ارشد ندیم کو مدعو کیا گیا ہے۔ لیکن ان کی جانب سے مقابلے میں شرکت کے حوالے سے اب تک کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔ 2 بار اولمپک میڈلسٹ نیرج چوپڑا نے اس حوالے سے بتایا کہ انہوں نے پاکستانی اولمپک چمپئن ارشد ندیم کو بھی مدعو کیا ہے جنہوں نے ابھی تک اس مقابلے میں شرکت کے حوالے سے کوئی جانکاری فراہم نہیں کی ہے۔ حالانکہ نیرج چوپڑا نے یہ ضرور بتایا ہے کہ ارشد نے کہا ہے کہ وہ اپنے کوچ سے بات کر کے انہیں مطلع کر دیں گے۔

واضح ہو کہ نیرج چوپڑا کلاسک مقابلہ بنگلورو کے کانتی راوا اسٹیڈیم میں ہوگا۔ اس مقابلے میں دنیا کے سرفہرست جیولن تھرو ایتھلیٹس حصہ لیں گے، جس میں اینڈرسن پیٹرس، تھامس روہلر اور جولیس یگو شامل ہیں۔ نیرج چوپڑا نے بتایا کہ اس مقابلے کو جے ایس ڈبلیو اسپورٹس کی مدد سے منعقد کیا جائے گا۔ یہ مقابلہ میرا خواب رہا ہے، یہ پہلے پنچکولہ میں ہونا تھا۔ لیکن روشنی کی کمی کی وجہ سے اس بنگلورو منتقل کر دیا گیا۔


اس مقابلہ میں حصہ لینے والے غیر ملکی جیولن تھرو کی بات کی جائے تو اینڈرسن پیٹرس دو بار عالمی چمپئن رہ چکے ہیں اور اولمپک میں کانسی کا تمغہ بھی حاصل کر چکے ہیں۔ ان کے علاوہ تھامس روہلر جو 2016 کے اولمپک چمپئن ہیں، اولمپک میڈلسٹ اور سابق عالمی چمپئن جولیس یگو اور امریکی کھلاڑی کرٹس تھامسن بھی اس مقابلے میں شرکت کرنے کے لیے ہندوستان آ رہے ہیں۔ ہندوستان کی جانب سے نیرج چوپڑا، روہت یادو سمیت کچھ کھلاڑی حصہ لیں گے۔

مقابلے کے حوالے سے نیرج چوپڑا نے کہا کہ یہ میرا خواب رہا ہے۔ جب میں بیرون ملک گیا تو وہاں کے مقابلے کو دیکھ کر کافی متاثر ہوا۔ میں اکثر سوچتا تھا کہ کیا ہندوستان میں بھی ایسے مقابلے ہو سکتے ہیں جہاں دنیا کے ٹاپ ایتھلیٹس حصہ لیں اور ہمارے ایتھلیٹس ان کے ساتھ مشترکہ طور پر کھیل سکیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ یہ مقابلہ ہر سال منعقد کیا جائے گا۔ آنے والے وقت میں جیولن تھرو کے علاوہ دیگر کھیلوں کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔