اہم خبریں LIVE: ’پی ایم مودی نے منی پور کو اس کے حال پر چھوڑ دیا‘، راہل کا قافلہ روکے جانے پر کھڑگے کا رد عمل

<div class="paragraphs"><p>ملکارجن کھڑگے، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

ملکارجن کھڑگے، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

29 Jun 2023, 5:01 PM

پی ایم مودی نے منی پور کو اس کے حال پر چھوڑ دیا: ملکارجن کھڑگے

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے اپنے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ منی پور میں راہل گاندھی کے قافلے کو بشنوپور کے پاس پولیس نے روک دیا۔ وہ راحت کیمپوں میں متاثرین سے ملنے اور تشدد سے پریشان ریاست میں راحت پہنچانے کے لیے وہاں جا رہے ہیں۔ کھڑگے نے مزید لکھا کہ پی ایم مودی نے منی پور پر اپنی خاموشی توڑنے کی زحمت نہیں اٹھائی ہے اور ریاست کو اس کے حال پر چھوڑ دیا ہے۔

29 Jun 2023, 3:17 PM

منی پور کانگریس لیڈر میگھ چندر نے وزیر اعلیٰ پر لگایا سنگین الزام

منی پور کانگریس کمیٹی کے صدر میگھ چندر نے راہل گاندھی کو بشنوپور میں پولیس کے ذریعہ روکے جانے پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’راہل گاندھی کے استقبال کے لیے لوگ سڑکوں پر کھڑے ہیں لیکن بشنو پور ایس پی، اے ایس پی، اے ڈی ایم اور دیگر پولیس افسران سڑکوں پر رخنہ پیدا کر رہے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے منی پور کے وزیر اعلیٰ پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں نے سنا ہے منی پور کے وزیر اعلیٰ کے ذریعہ سڑکوں کو رخنہ انداز کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ وہ اس پر سیاست کر رہے ہیں۔‘‘

29 Jun 2023, 1:29 PM

راحتی کیمپ کی طرف بڑھ رہے راہل گاندھی کا قافلہ منی پور پولیس نے روکا

کانگریس لیڈر راہل گاندھی 2 دنوں کے دورہ پر منی پور پہنچ تو گئے ہیں، لیکن آج جب وہ ایئرپورٹ سے سیدھے تشدد متاثرہ افراد سے ملاقات کرنے کے لیے نکلے تو پولیس نے راستے میں ہی انھیں روک دیا۔ راہل گاندھی کا قافلہ راحتی کیمپ کی طرف بڑھ رہا تھا جب پولیس نے انھیں روکا اور کہا کہ آگے حالات بہتر نہیں ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق راہل گاندھی کا قافلہ بشنوپور ضلع میں روکا گیا ہے۔ راہل گاندھی امپھال سے ابھی تقریباً 20 کلومیٹر ہی آگے بڑھ پائے ہیں۔


29 Jun 2023, 12:45 PM

راہل گاندھی 2 روزہ دورے پر منی پور پہنچے

تشدد متاثرہ منی پور کے 2 روزہ دورے پر کانگریس لیڈر راہل گاندھی امپھال پہنچ گئے ہیں۔ اپنے دورہ کے دوران راہل گاندھی راحتی کیمپوں میں پناہ لیے لوگوں سے بات چیت کریں گے اور شہری سماج کے نمائندوں سے موجودہ حالات پر تبادلہ خیال کریں گے۔

29 Jun 2023, 10:47 AM

ممبئی میں بارش بنی آفت، درخت گرنے سے تین افراد جاں بحق

ممبئی میں بارش لوگوں کے لیے آفت بن گئی ہے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق ممبئی میں زوردار بارش کے درمیان الگ الگ مقامات پر درخت گرنے سے تین لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک موت ملاڈ، ایک گوریگاؤں اور ایک بھائے کھلا میں ہوئی ہے۔


29 Jun 2023, 9:28 AM

دہلی کے کئی علاقوں میں بارش نے گرمی سے دلائی راحت

دہلی اور این سی آر کے کئی علاقوں میں آج صبح بارش نے لوگوں کو گرمی اور اُمس سے تھوڑی راحت پہنچائی ہے۔ نوئیڈا کے کچھ علاقوں میں تو موسلادھار بارش ہوئی جس کے سبب سڑک پر آبی جماؤ کا نظارہ دیکھنے کو ملا۔

29 Jun 2023, 8:41 AM

راہل گاندھی 2 روزہ منی پور دورہ کے لیے دہلی سے روانہ

منی پور میں تقریباً دو ماہ سے حالات کشیدہ ہیں اور رہ رہ کر پرتشدد واقعات پیش آ رہے ہیں۔ اس درمیان کانگریس لیڈر راہل گاندھی دہلی ایئر پورٹ سے منی پور کے 2 روزہ دورہ کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔ وہ 29 اور 30 جون کو منی پور میں مختلف مقامات پر تیار ریلیف کیمپ کا دورہ کریں گے اور وہاں پناہ لیے لوگوں سے بات چیت کریں گے۔ بتایا جا رہا ہے کہ راہل گاندھی امپھال اور چراچندپور میں سول سوسائٹی کے نمائندوں سے موجودہ حالات کو لے کر بات چیت بھی کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔