اہم خبریں: راجیہ سبھا میں اگلے ہفتے ہوگی مہنگائی اور بے روزگاری پر بحث

راجیہ سبھا / آئی اے این ایس
راجیہ سبھا / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

22 Jul 2021, 9:50 PM

اگلے ہفتہ راجیہ سبھا میں مہنگائی اور بے روزگاری پر بحث ہوگی

نئی دہلی: راجیہ میں اگلے ہفتے ملک کی معیشت سے متعلق مسائل جیسے مہنگائی اور بے روزگاری پر بحث ہوگی۔ راجیہ سبھا کے ذرائع نے جمعرات کو یہاں بتایا کہ ایوان کے چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو کی صدارت میں منعقد کی گئی ایک میٹنگ میں حکومت اور حذب مخالف کے مابین اتفاق ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق اگلے ہفتے راجیہ سبھا میں ملک کی معیشت پر بحث ہوگی۔ مہنگائی اور بے روزگاری جیسے مسائل پر ایوان میں چار گھنٹے متعین کیےگئے ہیں۔ میٹنگ کے دوران مسٹر نائیڈو نے حکومت اور اپوزیشن کے مابین تعاون پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قانون سازی کے کاموں کی ترجیح طے کرنے کےلیے حکومت کو اپوزیشن لیڈر کے ساتھ بات چیت کرنی چاہیے۔ دونوں فریق کوبحث میں شامل ہونے والے مسائل کو طے کر لینا چاہیے اور تفتیش کے لیے کمیٹیوں میں بھیجے جانے والے اراکین اسمبلی کےبل کی بابت فیصلہ بھی کرنا چاہیے۔ ونکیا نائیڈو نے کہا کہ مانسون سیشن کا تھوڑا وقت بچا ہے لہٰذا دونوں فریق کو ایوان چلانے میں تعاون کرنا چاہیے۔ ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ میں ان پانچ آرڈیننس پر بھی اتفاق ہوا جن کی جگہ قانون لائے جانے ہیں۔

22 Jul 2021, 8:19 PM

کاغذ پر سیاہی سے سچ لکھنا کمزور حکومت کو ڈرانے کے لیے کافی: راہل گاندھی

بھاسکر میڈیا گروپ سے جڑے دفاتر پر آج انکم ٹیکس محکمہ کے ذریعہ ہوئی چھاپہ ماری پر اپوزیشن لیڈران مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں راہل گاندھی نے بھی ایک طنزیہ ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’کاغذ پر سیاہی سے سچ لکھنا، ایک کمزور حکومت کو ڈرانے کے لیے کافی ہے۔‘‘

22 Jul 2021, 7:31 PM

روپیہ ہوا مضبوط، روپیہ میں 15 پیسہ کا اضافہ درج

ممبئی: دنیا کی بڑی کرنسیوں کے مقابلے میں امریکی کرنسی میں نرمی اور اسٹاک مارکیٹ کی جانب سے مضبوط حمایت کے پیش نظر انٹر بینکنگ کرنسی مارکیٹ میں روپیہ 15 پیسے اضافے سے 74.46 ڈالر فی ڈالر پر آگیا۔ پچھلے سیشن میں روپیہ 74.61 ڈالر فی ڈالر تھا۔ آج کے کاروبار میں ہی 15 پیسے کے اضافے کے ساتھ 74.46 روپے فی ڈالر پر کھلا۔ سیشن کے دوران اس کی مالیت کم ڈالر 74.53 روپے اور ایک ڈالر 74.33 روپے کے درمیان تھی۔ آخر میں یہ گذشتہ سیشن کے مقابلے میں 15 پیسے اضافے کے ساتھ 74.46 روپے فی ڈالر رہا۔


22 Jul 2021, 6:22 PM

دہلی: جنتر منتر پر’ کسان سنسد‘ کا اہتمام

نئی دہلی: زرعی اصلاحات کے قوانین کے خلاف احتجاج میں متحدہ کسان مورچہ کی جانب سے جمعرات کے روز قومی راجدھانی واقع جنتر منتر میں 'کسان سنسد‘ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ان کے مطالبات کی تکمیل تک تحریک جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر کسان رہنما یوگیندر یادو نے کہا کہ مرکزی حکومت کسان مخالف ہے اور اس سے کسانوں کی توہین ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کسانوں کی تنظیموں کی ایک تحریک ہے، جن میں سے کچھ سیاسی نظریہ بھی رکھتے ہیں۔ ملک میں یہ پہلا موقع ہے جب ووٹرز نے ایک وہپ جاری کیا ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کہتی کچھ ہے اور کرتی کچھ اور ہے۔ اگر حکومت ناراض کسانوں کو مٹھی بھر سمجھتی ہے تو پھر ان کی نگرانی کے لئے 30-40 ہزار پولیس اہلکار کیوں تعینات کیے گئے ہیں۔

22 Jul 2021, 5:51 PM

مدھیہ پردیش: پنا شاہی خاندان کی ملکہ جیتیشوری کماری گرفتار

پنا: مدھیہ پردیش کے پنا شاہی خاندان کی اس وقت کی مہارانی جیتیشوری کماری، جو گزشتہ کچھ عرصے سے قیمتی ہیروں اور بے تحاشا دولت کو لے کر تنازعات کی زد میں تھی، کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ کوتوالی نے اس وقت کی راج ماتا دلہار کماری کی رپورٹ پر جیتیشوری کماری کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسلحہ ایکٹ سمیت متعدد دفعات کے تحت اسے گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ماضی میں راج مندر پیلس میں تنازعہ ہوا تھا۔ اس کی اطلاع راج ماتا دلہار کماری نے تھانہ کوتوالی پنا میں دی تھی۔ راج ماتا کی رپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے گزشتہ شب مہارانی جیتیشوری کماری کو گرفتار کر لیا۔


22 Jul 2021, 4:10 PM

مانسون اجلاس ٹی ایم سی رکن پارلیمنٹ نے مرکزی وزیر کے ہاتھوں سے پیپر چھین کر پھاڑ ڈالا

مانسون اجلاس کے دوران دونوں ایوان میں خوب ہنگامہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ جمعرات کو نوبت یہاں تک آ گئی کہ ترنمول کانگریس اراکین پارلیمنٹ نے مرکزی وزیر مواصلات اشونی ویشنو کے ہاتھ سے بیان کی کاپی چھین کر پھاڑ دی۔ دراصل راجیہ سبھا میں وزیر مواصلات جب پیگاسس جاسوسی واقعہ پر بیان دینے کے لیے کھڑے ہوئے تو ان کے ہاتھ سے اسٹیٹمنٹ کا پیپر چھین کر ٹی ایم سی رکن پارلیمنٹ شانتنو سین نے پھاڑ کر ڈپٹی چیئرمین کی طرف اچھال دیا۔

22 Jul 2021, 3:08 PM

پارلیمنٹ ہاؤس: زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کی مظاہرہ میں راہل گاندھی کی شمولیت، کیا اتحاد کا مظاہرہ

متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف پارلیمنٹ کے باہر کسانوں کا مظاہرہ جاری ہے اور پارلیمنٹ کے اندر اپوزیشن پارٹیاں آواز اٹھا رہی ہیں۔ اس درمیان کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے پارلیمنٹ کے باہر کسانوں کے مظاہرہ میں شرکت کی اور ان کے ساتھ اتحاد کا مظاہرہ کیا۔ اس سلسلے میں انھوں نے ایک ٹوئٹ بھی کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’وہ جھوٹ، ناانصافی، تکبر پر بضد ہیں، ہم سچ، بے خوف، متحد یہاں کھڑے ہیں۔ جے کسان۔‘‘ اس ٹوئٹ کے ساتھ انھوں نے پارلیمنٹ میں کسانوں کے مظاہرہ کی تصویر بھی شیئر کی ہے جس میں وہ بھی کھڑے نظر آ رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔