اہم خبریں: ڈاکٹر کفیل کی رہائی کے لئے عآپ رہنما سنجے سنگھ نے صدر جمہوریہ کو لکھا خط

سنجے سنگھ، تصویر سوشل میڈیا
سنجے سنگھ، تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

08 Aug 2020, 6:55 PM

رانچی کے برسا منڈا ہوائی اڈہ پر بڑا طیارہ حادثہ ٹلا

رانچی: کیرالہ کے کوزی کوڈ طیارہ حادثہ کے دوسرے دن سنیچر کو جھارکھنڈ کی راجدھانی رانچی کے برسا منڈا ہوائی اڈہ پر بڑا طیارہ حادثہ ٹل گیا۔ سرکاری ذرائع نے یہاں بتایا کہ برسا منڈا ہوائی اڈہ سے ٹیک آف کررہے ایئر ایشیا کے طیارہ کے انجن میں تیز آواز کے ساتھ اچانک چنگاری نکلنے لگی۔ بہرحال پائلٹ نے سمجھداری سے ایمرجنسی بریک لگا کر طیارہ کو فوری طور پر روک دیا جس سے بڑا حادثہ ٹل گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ تقریباً 175 مسافروں اور عملہ کے اراکین کو لیکر صبح ممبئی جارہی ایئر ایشیا کی فلائٹ کلیئرنس کے بعد رنوے پر آگے بڑھ رہی تھی اسی دوران یہ حادثہ ہوا۔ اس بات کا اندیشہ ہے کہ پرندے کے ٹکرانے سے ایسا ہوا ہے۔ حادثہ کے بعد مسافروں کو باہر نکال کر ٹکنیشین کی ٹیم طیارہ کی جانچ کر رہی ہے۔ خیال رہے کہ کیرالہ میں کوزی کوڈ ہوائی اڈہ پر ایئر انڈیا ایکسپریس کا ایک طیارہ جمعہ کی شام حادثہ کا شکار ہوگیا، جس سے دو پائلٹ سمیت 15 سے زائد لوگوں کی موت ہوگئی۔

08 Aug 2020, 9:27 PM

ڈاکٹر کفیل کی رہائی کے لئے عآپ رہنما سنجے سنگھ نے صدر جمہوریہ کو لکھا خط

عآپ رہنما سنجے سنگھ نے صدر جمہوریہ ہند رام ناتھ کوند کو ڈاکٹر کفیل کی رہائی کے سلسلے میں ایک خط لکھا ہے، انہوں لکھا کہ گزشتہ کئی مہینوں سے این ایس اے قانون کے تحت متھرا جیل میں بند ہیں، ڈاکٹر کفیل خان عوام کی خدمت کرنے میں ہمیشہ پیش پیش رہے ہیں، وہ اس وقت علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف مبینہ اشتعال انگیز تقریر کرنے کے الزام میں اتر پردیش کی متھرا جیل میں بند ہیں۔ انہوں صدر جمہوری سے گزارش کی ہے کہ انہیں جلد رہا کیا جائے۔

08 Aug 2020, 7:47 PM

ملازمین اور مزدور تنظیموں کا احتجاجی مظاہرہ

امرتسر: ہندوستان چھوڑو تحریک کی برسی کے موقع پر سینٹرل ٹریڈ یونینوں اور ملازمین فیڈریشنوں کے یونائٹیڈ نیشنل فورم کی طرف سے ستیہ گرہ شروع کرنے کی اپیل پر ہفتہ کے روز مزدوروں کی متعدد اہم تنظیموں بشمول ایٹک (آئی ٹی یو سی)، ہند مزدور سبھا، انٹک اور سی ٹی یو پنجاب نے یہاں گول باغ میں سخت احتجاج کیا۔

سی ٹی یو پنجاب کے صدر وجے مشرا، پنجاب اے آئی ٹی یو سی کے سکریٹری امرجیت سنگھ آسال، کلونت سنگھ باوا، جنرل سکریٹری ہند مزدور سبھا پنجاب، بٹھو ورکنگ پرنسپل ڈسٹرکٹ آئی این ٹی یو سی نے مطالبہ کیا کہ مزدوروں سے متعلق پارلیمنٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق مزدوروں کے لئے گریچویٹی لاگو کرنے کی مدت ایک سال کی جائے۔ پی ایف فنڈ کے لیے 20 ملازمین کی شرط ختم کرکے تمام ملازمین کو اس میں شامل کیا جانا چاہیے۔ مظاہرین یہ مطالبہ بھی کر رہے تھے کہ مزدوروں کی کم سے کم اجرت 21000 روپے مقرر کی جائے اور مہنگائی بھتہ روکنے کا حکم منسوخ کیا جائے۔


08 Aug 2020, 6:04 PM

جب جب ملک جذباتی ہوا تو فائلیں غائب ہوگئیں... راہل گاندھی

راہل گاندھی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ جب جب ملک جذباتی ہوا تو فائلیں غائب ہوگئیں، مالیا ہو یا رافیل، مودی یا چوکسی… اب گمشدہ فہرست میں چینی تجاوزات کے دستاویزات ہیں، یہ کوئی اتفاق نہیں ہے، یہ مودی حکومت کا جمہوریت مخالف تجربہ ہے۔

08 Aug 2020, 4:51 PM

ابھیشیک بچن کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا، اسپتال سے گھر جانے کو تیار

ابھیشیک بچن کو کورونا پازیٹو پائے جانے کے بعد 11 جولائی کو ممبئی کے ناناوتی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ اب ان کا ٹیسٹ منفی آگیا ہے اور وہ گھر جانے کے لئے تیار ہیں۔ ابھیشک نے خود اس خبر کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے۔


08 Aug 2020, 3:20 PM

سری لنکا، مہندا راج پکشے 9 اگست کو وزیر اعظم کے عہدے کا حلف لیں گے

کولمبو: ڈیموکریٹک سوشلسٹ ریپبلک پارٹی کے رہنما مہندرا راج پکشے 9 اگست کو سری لنکا کے وزیر اعظم کی حیثیت سے حلف لیں گے۔ وہ ملک کے نویں وزیر اعظم ہوں گے۔ اٹارنی جنرل سکریٹری ساگرا کیریا واسم نے یہ اعلان ہفتے کے روز کیا۔ انہوں نے بتایا کہ حلف برداری کی تقریب کیلانیا راجاماہا ویہارایا میں ہوگی۔ نئی پارلیمنٹ کا پہلا اجلاس 20 اگست کو طلب کیا جائے گا۔ راج پکشے کی پارٹی نے 5 اگست کو ہونے والے انتخابات میں دو تہائی اکثریت سے 225 میں سے 145 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ سری لنکا کے حکمران راج پکشے بھائیوں کو ایوان میں دو تہائی اکثریت حاصل ہوگئی ہے۔ جس کے ساتھ ہی انہیں آئین میں ترمیم کرنے اور اپنا تسلط بڑھانے کا موقع مل گیا ہے۔

08 Aug 2020, 2:23 PM

طیارہ حادثے میں ہلاک ہونے والے 18 افراد کی تفصیلات جاری

کوزیکوڈ: ملاپورم ضلع ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے۔ گوپال کرشنن نے ہفتہ کے روز ایئر انڈیا ایکسپریس کے طیارہ حادثے میں ہلاک ہونے والے 18 مسافروں کے نام اور تفصیلات جاری کیں۔ مرنے والوں کے نام، عمر اور رہائش گاہ کی تفصیلات مندرجہ ذیل ہیں۔

  1. محمد ریاض وی پی (24) - پلککڑ

  2. شہیر سید (38) ۔ملپپورم

  3. لیلاٰ بی کے وی (51) - ملپپورم

  4. راجیو چیرککاپرمبلم (61) - کوزیکوڈ

  5. منال احمد (25) - کوزیکوڈ

  6. شرف الدین (35) - کوزیکوڈ

  7. جانکی کنوتھ (55) - کوزیکوڈ

  8. احسن محمد چیمبئی (1) - کوزیکوڈ

  9. شانتا مرککات (59) - ملپپورم

  10. اکھلیش کمار (ایئر انڈیا ایکسپریس)

  11. دیپک وسنت ساٹھے (ایئر انڈیا ایکسپریس)

  12. سدھیر ویرئیات (45) - ملپپورم

  13. شائستہ فاطمہ (2) - ملپپورم

  14. رامیا مرلیتھرن (32) - کوزیکوڈ

  15. عائشہ دعا (2) - پلککڑ

  16. سیواتمیکا (5) - کوزیکوڈ

  17. شینوبیا (40) - کوزیکوڈ

  18. شاہرہ بانو (29) - کوزیکوڈ


08 Aug 2020, 1:13 PM

کیرالہ حادثہ: طیارہ کی پہلی صف اور آخری 3-2 صفوں میں بیٹھے لوگ زیادہ متاثر ہوئے

ائیرپورٹ-2 آئی جی سی وی آنند کا بیان کیرالہ طیارہ حادثہ کے تعلق سے سامنے آیا ہے۔ انھوں نے میڈیا کو بتایا کہ طیارہ حادثہ کے پہلے پہلی صف اور آخر کی 3-2 صفیں بری طرح متاثر ہوئی تھیں۔ سی وی آنند نے مزید بتایا کہ کچھ مسافر طیارہ میں پھنسے تھے اور ان کو باہر نکالنے کے لیے میٹل کٹر کا استعمال کیا گیا۔

08 Aug 2020, 11:58 AM

کیرالہ: حادثہ زدہ طیارہ سے ڈیجیٹل فلائٹ ڈاٹا ریکارڈر اور کاک پٹ وائس ریکارڈ برآمد

کیرالہ میں ہوئے اندوہناک طیارہ حادثہ کے تعلق سے جانچ شروع ہو گئی ہے۔ طیارہ حادثہ جانچ بیورو یعنی اے اے آئی بی نے طیارہ سے ڈیجیٹل فلائٹ ڈاٹا ریکارڈر اور کاک پٹ وائس ریکارڈر برآمد کر لیا ہے۔ انھیں آگے کی جانچ کے لیے دہلی لایا جائے گا۔


08 Aug 2020, 11:01 AM

گریش چندر مرمو نے سی اے جی کا حلف لیا

جموں و کشمیر کے سابق لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو نے آج راشٹرپتی بھون میں ہندوستان کے کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل (سی اے جی) کی شکل میں حلف لے لیا۔ گزشتہ دنوں جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کے عہدہ سے گریش چندر مرمو نے استعفیٰ دے دیا تھا اور اس کے بعد جمعہ کو انھیں سی اے جی بنائے جانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

08 Aug 2020, 10:01 AM

ہندوستان: گزشتہ 24 گھنٹوں میں 933 افراد ہلاک، 61537 نئے کیسز درج

ہندوستان میں جمعہ کے روز بھی کورونا کا قہر جاری رہا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جہاں 61537 نئے کورونا کے مریض سامنے آئے وہیں 933 لوگوں کی جان بھی اس وبا کی وجہ سے چلی گئی۔ ہندوستان میں اب مجموعی مریضوں کی تعداد 20 لاکھ 88 ہزار 612 ہو گئی ہے جب کہ مہلوکین کی تعداد بڑھ کر 42 ہزار 518 تک پہنچ چکی ہے۔


08 Aug 2020, 9:02 AM

حکومت گونگی تو تھی ہی، اب شاید اندھی-بہری بھی ہے: راہل گاندھی

آشا کارکنان کے مسائل کو لے کر کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ”آشا کارکنان ملک بھر میں گھر گھر تک ہیلتھ سیکورٹی پہنچاتی ہیں۔ وہ سچ معنوں میں ہیلتھ واریرس ہیں لیکن آج خود اپنے حق کے لیے ہڑتال کرنے پر مجبور ہیں۔“ ساتھ ہی راہل گاندھی نے یہ بھی لکھا ہے کہ ”حکومت گونگی تو تھی ہی، اب شاید اندھی بہری بھی ہے۔“

08 Aug 2020, 8:36 AM

کیرالہ طیارہ حادثہ میں 2 پائلٹ سمیت 18 لوگوں کی موت افسوسناک: ہردیپ سنگھ پوری

جمعہ کی شب کیرالہ کے کوزی کوڈ ہوائی اڈہ میں ہوا طیارہ حادثہ بہت اندوہناک ثابت ہوا ہے۔ اس واقعہ کے بعد مرکزی وزیر برائے شہری ہوابازی ہردیپ سنگھ پوری جائے حادثہ کا دورہ کرنے والے ہیں۔ اس دورہ سے قبل مرکزی وزیر نے کہا کہ ”حادثے میں 2 پائلٹ سمیت 18 لوگوں کی موت ہوئی ہے، یہ بہت افسوسناک ہے۔ 127 لوگ اسپتال میں داخل ہیں۔ شکر ہے کہ طیارہ میں آگ نہیں لگی۔ میں کوزی کوڈ ائیرپورٹ جا رہا ہوں۔“

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔