خوشخبری! 2021 کا ٹی-20 عالمی کپ ہندوستان میں ہی منعقد ہوگا

آئی سی سی کی میٹنگ میں کہا گیا کہ پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق ہی 2021 کا ٹی-20 عالمی کپ ہندوستان میں کھیلا جائے گا اور 2022 کا ٹی-20 عالمی کپ آسٹریلیا میں منعقد ہوگا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

کورونا بحران کی وجہ سے ہر شعبے کی طرح کھیل کا شعبہ بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ کئی ٹورنامنٹ منسوخ ہو گئے تو کئی کو ملتوی کرنا پڑا۔ اس سال آسٹریلیا میں منعقد ہونے والا ٹی-20 عالمی کپ بھی کورونا کی نذر ہو گیا جس کے بعد کئی لوگوں کے ذہن میں یہ سوال تھا کہ اب 2021 کے ٹی-20 عالمی کپ کا کیا ہوگا؟ ویسے تو 2021 کا ٹی-20 عالمی کپ ہندوستان میں طے تھا، لیکن کورونا بحران اور آسٹریلیا میں اس سال ہونے والا ٹی-20 عالمی کپ ملتوی ہونے سے ایسی باتیں سامنے آ رہی تھیں کہ 2021 کا ٹی-20 عالمی کپ ہندوستان کی جگہ آسٹریلیا میں کھیلا جا سکتا ہے۔ لیکن جمعہ کے روز ہوئی آئی سی سی کی میٹنگ میں یہ واضح کر دیا گیا ہے کہ 2021 کا ٹی-20 عالمی کپ ہندوستان میں ہی کھیلا جائے گا۔

میٹنگ میں کہا گیا کہ پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق ہی 2021 کا ٹی-20 عالمی کپ ہندوستان میں کھیلا جائے گا اور 2022 کا ٹی-20 عالمی کپ آسٹریلیا میں منعقد ہوگا۔ آئی سی سی کی اس میٹنگ میں بی سی سی آئی سربراہ سورو گانگولی اور کرکٹ آسٹریلیا کے سربراہ بھی شامل تھے۔ دراصل بی سی سی آئی ہر حال میں چاہتی تھی کہ 2021 ٹی-20 عالمی کپ ہندوستان میں ہو نہ کہ 2022 کا ٹی-20 عالمی کپ۔ ایسا اس لیے کیونکہ 2023 ونڈے عالمی کپ کی تیاریوں کے لیے ہندوستان کو وقت مل جائے۔ یہاں قابل غور ہے کہ 2023 میں ونڈے عالمی کپ ہندوستان میں ہونے کی بات پہلے سے طے ہے اور جمعہ کو ہوئی میٹنگ میں آئی سی سی نے یہ بھی واضح کیا کہ 2023 عالمی کپ طے پروگرام کے مطابق ہندوستان میں ہی منعقد ہوگا۔


بتایا جاتا ہے کہ بی سی سی آئی 2021 کا ٹی-20 عالمی کپ ہندوستان میں منعقد کرنے کے لیے اس لیے زور دے رہی تھی تاکہ 2023 عالمی کپ کی تیاریوں کے لیے وقت مل جائے۔ اگر 2022 ٹی-20 عالمی کپ ہندوستان میں ہوتا تو ونڈے عالمی کپ کی تیاریوں میں مشکلیں پیش آ جاتیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 08 Aug 2020, 9:23 AM