شاہنواز کی گرفتاری کے خلاف کانگریس کا احتجاج، للو اور مونا گرفتار

تصویر قومی آواز
تصویر قومی آواز
user

قومی آوازبیورو

30 Jun 2020, 12:53 PM

شاہنواز عالم کی گرفتاری کے خلاف کانگریس کا احتجاج، للو اور مونا گرفتار

اتر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اجے کام للو اور کانگریس قانون ساز پارٹی کی قائد ارادھنا مشرا مونا کو لکھنؤ پولیس نے اس وقت گرفتار کر لیا جب وہ یوپی کانگریس کے اقلیتی شعبہ کے سربراہ شاہناز عالم کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔ پولیس کے ذریعے کانگریس کے سینکڑوں کارکنان پر لاٹھی جارج اور انہیں بھی حراست میں لئے جانے کی اطلاع ہے۔

واضح رہے کہ کانگریس رہنما شاہنواز عالم کو سی اے اے مخالف احتجاج میں شامل ہونے کی پاداش میں گزشتہ روز گرفتار کیا گیا ہے۔ کانگریس کا الزام ہے کہ پولیس نے انہیں غیر قانونی طریقہ سے گرفتار کیا ہے۔

30 Jun 2020, 11:38 AM

بی جے پی کا نعرہ 'میک ان انڈیا'، لیکن سامانوں کی خریداری چین سے: راہل گاندھی

کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے ایک بار پھر بی جے پی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے۔ انھوں نے تازہ ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ "حقائق جھوٹ نہیں بولتے۔ بی جے پی کہتی ہے 'میک اِن انڈیا'۔ لیکن بی جے پی خریداری چین سے کرتی ہے۔" اس کے ساتھ ہی راہل گاندھی نے ایک تصویری گراف بھی پیش کیا ہے جس میں ظاہر ہو رہا ہے کہ سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کے دور میں چین سے سامانوں کی خریداری کم ہوتی تھی لیکن جب سے نریندر مودی وزیر اعظم بنے ہیں، چین سے خریداری بڑھتی ہی جا رہی ہے۔

30 Jun 2020, 10:59 AM

آسام: گواہاٹی میں 'مکمل لاک ڈاؤن' کے دوران سڑکوں پر پسرا سناٹا

کورونا کے بڑھتے انفیکشن کو دیکھتے ہوئے آسام کے گواہاٹی میں آج سے 12 جولائی تک کے لیے مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس لاک ڈاؤن کی وجہ سے گواہاٹی کی سڑکیں آج پوری طرح سنسان نظر آئیں۔ دکانیں بھی مکمل طور پر بند تھیں اور پولس اہلکار اس بات کو یقینی بنانے کے لیے جگہ جگہ کھڑے دکھائی دیے کہ کوئی بلاوجہ گھر سے باہر نہ نکلے۔


30 Jun 2020, 10:24 AM

ہندوستان: گزشتہ 24 گھنٹے میں پھر 18 ہزار سے زائد نئے کورونا کیسز درج، 418 اموات

ہندوستان میں ایک بار پھر گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 18 ہزار سے زائد کورونا انفیکشن کے نئے کیس درج کیے گئے۔ اس درمیان 418 اموات بھی ہوئیں۔ اس طرح سے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق اب ملک میں مجموعی کورونا مریضوں کی تعداد بڑھ کر 566840 ہو گئی ہے اور مجموعی مہلوکین کی تعداد 16893 پہنچ گئی ہے۔

30 Jun 2020, 9:29 AM

وشاکھاپٹنم: فارما کمپنی میں گیس رساؤ سے 2 ملازم کی موت

آندھرا پردیش کے وشاکھاپٹنم میں سیناور لائف سائنسز پرائیویٹ لمیٹڈ میں گیس کے رساؤ سے 2 ملازم کی موت ہو گئی۔ اس حادثہ میں 4 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنھیں بغرض علاج اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ پرواڑا پولس اسٹیشن کے انسپکٹر اودے کمار نے اس سلسلے میں میڈیا کو جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ حالات اب قابو میں ہے اور جن 2 لوگوں کی موت ہوئی ہے وہ مزدور تھے اور رساؤ والی جگہ پر موجود تھے۔


30 Jun 2020, 8:41 AM

تیل کی قیمت میں اضافہ کا سلسلہ آج رک گیا، دہلی میں کوئی بدلاؤ نہیں

لگاتار کئی دنوں سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا تھا لیکن آج راجدھانی دہلی میں نہ ہی ڈیزل کی قیمت میں اضافہ کیا گیا اور نہ ہی پٹرول کی قیمت میں۔ اپوزیشن پارٹیاں تیل کی قیمتوں میں لگاتار اضافہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کر رہی ہیں اور قیمتوں میں کمی کا مطالبہ بھی مرکزی حکومت سے کر رہی ہیں، لیکن قیمت میں کمی کے بھی کوئی آثار نظر نہیں آ رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔