فرانس کا ایفل ٹاور عام لوگوں کے لئے پھر سے کھول دیا گیا

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

26 Jun 2020, 8:35 AM

فرانس کا ایفل ٹاور عام لوگوں کے لئے پھر سے کھول دیا گیا

عالمی وبا کورونا وائرس کے پیش نظر گزشتہ تین مہینوں سے بند مشہورزمانہ ایفل ٹاور جمعرات کو عام لوگوں کے لئے پھر سے کھول دیا گیا۔سرکاری اطلاع کے مطابق ایفل ٹاور کو 30 جون تک سیڑھیوں سےدوسری منزل تک کے لئے کھولا جائے گا جبکہ لفٹ کے ذریعہ آناجانا یکم جولائی سے شروع ہوگا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سیاحوں اور ملازموں کی سلامتی کے لئے ہدایات کے تحت ماسک لگانے اور سوشل ڈسٹنسنگ کی پیروی کرنے کو یقینی بنایا جائے گا۔
فرانس نے دو مہینے کے طویل لاک ڈاؤن کے بعد پبلک مقامات کو کھولنے کے ساتھ عام زندگی کی بحالی کا عمل شروع کیا ہے۔ ان میں میوزیم اور دیگر ثقافتی مقامات کو جون کے ابتداء میں کھول دیا گیا تھا، حالانکہ احتیاطا اجتماعی تقریبات پر پابندی برقرار ہے۔

26 Jun 2020, 7:48 AM

دہلی میں کورونا کے 73000 سے زائد معاملے، 2429 اموات

راجدھانی دہلی میں کورونا کا خطرہ بنا ہوا ہے اور یہاں کل 3390 نئے مریض سامنے آنے سے متاثرین کی تعداد 73000 سے زائد ہوگئی ہے۔ مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 2429 ہوگئی ہے۔جمعرات کو وزارت صحت کے اعدادوشمار کے مطابق 3328 نئے معاملوں سے کل متاثرین کا اعدادوشمار 73ف ہزار 780 اور 64 مریضوں کی اموات سے مرنے والوں کی تعداد 2429 پہنچ گئی ہے۔
دہلی کے لئے راحت کی بات یہ رہی کہ اس دوران 3328 افراد صحتیاب ہوئے ہیں اور اب تک 44766 افراد کورونا کو شکست دے چکے ہیں۔ آج سرگرم معاملوں کی تعداد 26588 رہی۔ اب تک 438012 مریضوں کی جانچ کی جاچکی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 17305 لوگوں کی جانچ ہوئی ہے۔ یہاں کنٹین منٹ زون کی تعداد 280 ہوگئی ہے۔ دہلی میں کل 13411 کورونا بیڈس ہیں جس میں 6214 مریض زیرعلاج ہیں جبکہ 7170 خالی ہیں۔

25 Jun 2020, 4:04 PM

ہندوستان: کورونا انفیکشن سے صحت یاب ہونے کی شرح 57 فیصد سے تجاوز

ہندوستان میں بھلے ہی کورونا انفیکشن والے مریضوں کی تعداد روزانہ ریکارڈ توڑ رہی ہے، لیکن اس درمیان اچھی بات یہ ہے کہ لوگوں کے صحت مند ہونے کی شرح میں بھی لگاتار اضافہ ہو رہا ہے۔ وزارت صحت کے ذریعہ جاری نئے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا انفیکشن کے کل 13012 مریض ٹھیک ہوئے اور اب کورونا وائرس کا ریکوری ریٹ 57.43 تک پہنچ گیا ہے۔


25 Jun 2020, 3:10 PM

آئندہ 3 دن ہندوستان کے کئی حصوں میں ہوگی زبردست بارش!

محکمہ موسمیات کے سینئر سائنسداں آر کے جینامنی کا کہنا ہے کہ آئندہ 3 دنوں میں آسام، میگھالیہ، اروناچل پردیش، بہار، مغربی بنگال اور سکم وغیرہ ریاستوں میں زبردست بارش ہونے کا امکان ہے اور اس سلسلے میں متنبہ کیا گیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ سیلاب کے امکانات کے پیش نظر ہم نے ریاست اور مرکزی حکومت کو مطلع کر دیا ہے۔

25 Jun 2020, 2:04 PM

تیل قیمتوں پر کانگریس کے احتجاج سے بوکھلائی یوگی حکومت، اجے للو سمیت متعدد کارکنان گرفتار

لکھنؤ میں پٹرول اور ڈیزل کی بے تحاشہ بڑھتی قیمتوں کے خلاف کانگریس کے احتجاج کے دوران ریاستی صدر اجے کمار للو سمیت متعدد کارکنان کو پولس نے حراست میں لے لیا ہے۔ پٹرول-ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف کانگریس کارکنان اکا گاڑی کھینچ کر اپنا احتجاج درج کرا رہے تھے۔

واضح رہے کہ اجے کمار للو حال ہی میں ضمانت پر رہا ہو کر آئے ہیں۔ انہیں لاک ڈاؤن میں پریشان حال مہاجر مزدوروں کے مسائل پر احتجاج کرنے کے دوران گرفتار کر کے جیل میں ڈال دیا گیا تھا۔


25 Jun 2020, 1:10 PM

مہاراشٹر: گزشتہ 24 گھنٹے میں 3 پولس اہلکاروں کی موت

مہاراشٹر میں کورونا انفیکشن کے بڑھتے قہر کے درمیان پولس اہلکاروں کو کافی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ جان جوکھم میں ڈال کر اپنی ذمہ داری نبھا رہے پولس والوں پر کورونا کا خطرہ بہت زیادہ ہے اور اس کا ہی نیتجہ ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں 3 پولس اہلکاروں کی موت ہو گئی ہے۔ ان اموات کے ساتھ ہی مہاراشٹر میں پولس اہلکاروں کی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 54 ہو گئی ہے۔

25 Jun 2020, 12:13 PM

راجستھان کے بعد مہاراشٹر میں بھی 'کورونیل' دوا پر لگی پابندی

کورونا انفیکشن کی دوا بنانے کا دعویٰ کرنے والی یوگ گرو رام دیو کی کمپنی پتنجلی کے لیے مشکلیں بڑھتی جا رہی ہے۔ راجستھان حکومت کے بعد اب مہاراشٹر حکومت نے بھی 'کورونیل' دوا پر پابندی لگا دی ہے۔ مہاراشٹر حکومت میں وزیر داخلہ انل دیشمکھ نے اس سلسلے میں کہا ہے کہ کورونیل کے کلینیکل ٹرائل کے بارے میں ابھی تک کوئی پختہ جانکاری نہیں ہے، ایسے میں مہاراشٹر میں اس دوا کی فروخت پر پابندی رہے گی۔


25 Jun 2020, 11:13 AM

بہار: آر جے ڈی لیڈروں نے پٹرول-ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف نکالا سائیکل مارچ

پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں لگاتار ہو رہے اضافہ سے اپوزیشن پارٹیاں ناراض ہیں۔ اس سلسلے میں آج بہار کی راجدھانی پٹنہ میں آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو، تیج پرتاپ یادو اور دیگر پارٹی کارکنان نے احتجاجی طور پر سائیکل مارچ نکالا۔ قابل ذکر ہے کہ آج لگاتار 19ویں دن ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے اور پٹرول کی قیمت میں بھی 19 میں سے 18 دن اضافہ کیا گیا۔

25 Jun 2020, 10:31 AM

ادھو ٹھاکرے نے پی ایم مودی خط لکھ کر میڈیکل پوسٹ گریجویشن امتحان ملتوی کرنے کا کیا مطالبہ

مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے میڈیکل پوسٹ گریجویشن کے امتحان کو ملتوی کرنے سے متعلق وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھا ہے۔ کورونا واریرس کی فکر کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ادھو ٹھاکرے نے پی ایم مودی سے اس سال کے آخر میں ریاست میں ایم ڈی اور ایم ایس میں نامزد میڈیکل طلبا کے لیے پوسٹ گریجویشن امتحان کو ملتوی کرنے کے لیے مداخلت کرنے کو کہا ہے۔


25 Jun 2020, 9:39 AM

کورونا انفیکشن: گزشتہ 24 گھنٹے میں 16922 نئے معاملے درج، 418 اموات

وبائی امراض کے ماہرین نے کئی بار اس بات کو کہا ہے کہ ہندوستان میں کورونا انفیکشن کا عروج ابھی باقی ہے، اور یہ اب واضح بھی ہوتا جا رہا ہے کیونکہ روزانہ درج ہو رہے نئے معاملے ریکارڈ توڑ رہے ہیں۔ حکومت کے ذریعہ جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں 16922 نئے کیسز درج کیے گئے اور اس دوران 418 لوگوں کی اموات بھی ہوئیں۔

25 Jun 2020, 8:35 AM

پٹرول-ڈیزل کی قیمت میں آج پھر اضافہ، ڈیزل 80 روپے فی لیٹر کے پار

پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ جاری ہے اور اپوزیشن پارٹیوں کے احتجاج کا کوئی اثر نظر نہیں آ رہا ہے۔ آج لگاتار 19ویں دن ڈیزل کی قیمت میں اضافہ کیا گیا اور پٹرول کی قیمت بھی بڑھائی گئی۔ راجدھانی دہلی میں جہاں ڈیزل کی قیمت 14 پیسے فی لیٹر بڑھی وہیں پٹرول کی قیمت میں 16 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا۔ اس طرح سے ڈیزل کی قیمت 80 روپے فی لیٹر کے پار ہو گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔