اہم خبریں: کوررونا وائرس، پٹنہ ایمس کے 400 نرسنگ ملازمین ہڑتال پر، بڑھیں مشکلیں

ایمس مازمین، تصویر یو این آئی
ایمس مازمین، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

23 Jul 2020, 7:03 PM

کوررونا وائرس، پٹنہ ایمس کے 400 نرسنگ ملازمین ہڑتال پر، بڑھیں مشکلیں

پٹنہ: پٹنہ کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس ( ایمس) میں ٹھیکہ پر بحال لگ بھگ 400 نرسنگ ملازمین نے چھ نکاتی مطالبات کی حمایت میں جمعرات کو ہڑتال شروع کر کے کرونا وبا سے جنگ لڑ رہے بہار کی مشکلیں بڑھا دی ہیں۔ ہڑتال پر گئے سبھی نرسنگ ملازمین ایمس کے مین گیٹ کے باہر اپنا کام بند کر کے کھڑے ہوگئے ہیں۔ سبھی ملازمین ایمس کے آغاز سے ہی ٹھیکہ پر کام کر رہے ہیں۔ ہڑتال کر رہے ملازمین نے مطالبات کیے ہیں کہ ایمس میں ان کی تقرری مستقل کیے جانے کے ساتھ ہی کووڈ۔19 میں معاہدہ پر کام کرنے والے ملازمین کے بیمار پڑنے اور مستقبل میں ان کی صحت سے متعلق کوئی تکلیف ہونے پر انہیں بھی مستقل ملازمین کی طرح ہی میڈیکل سہولیات فراہم کرائی جائیں۔

ہڑتال پر گئے ملازمین کے مطالبات میں مرکزی حکومت کی ضوابط اور شرطوں کو دیکھتے ہوئے یکساں کام کے لئے یکساں تنخواہ اور انہیں مستقل ملازم کی طرح چھٹی دی جانی بھی شامل ہے۔ پٹنہ ایمس کو کووڈ۔19 اسپتال کے طورپر نشان زد کیا گیا ہے جہاں بڑی تعداد میں اس سے متاثر مریضوں کا علاج چل رہا ہے۔ اسی درمیان ملازمین کی ہڑتال کو دیکھتے ہوئے اسپتال احاطہ میں کثیر تعداد میں پولیس فورس کو تعینات کر دیا گیا ہے۔

23 Jul 2020, 8:18 PM

پرانے گیس پائپ لائن میں لگی آگ بجھائی گئی

جیسلمیر: راجستھان میں جیسلمیر سے 70 کلومیٹر دور لانگو والا شاہراہ پر 32 سال پرانا بند پڑا گیس کا کنواں اور اس کی پائپ لائنوں میں گیس کے اخراج کے بعد لگنے والی آگ پر منگل دیر رات قابو پالیا گیا۔ ذرائع نے آج بتایا کہ اس خشک کنواں میں گیس کہاں سے آئی، کس طرح اخراج ہوا، اس کی جانچ کی جائے، سب سے بڑی سرکاری آئل گیس کمپنی آئل انڈیا لمیٹڈ نے ماہرین کی چھ رکنی ایک اعلی سطحی تکنیکی ٹیم تشکیل دی ہے جو جودھ پور سے جیسلمیر کے لئے روانہ ہو گئی ہے اور جمعہ کو موقع پر ہی جانچ کرے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ کنواں ممکنہ طور پر آئل انڈیا کا ہے۔ اس بند پڑے کنواں کے ساتھ نامعلوم افراد کی طرف سے چھیڑ چھاڑ کرنے کی بات ابتدائی جانچ سامنے آ رہی ہے۔ فی الحال آئل انڈیا کی جانب سے اپنی عبوری رپورٹ ضلع کلکٹر کو سونپی جا رہی ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد اس کنواں کو مرکزی حکومت کے قواعد کے مطابق بند کر دیا جائے گا۔

23 Jul 2020, 6:02 PM

پٹنہ میں دودھ پارلر مالک کا گولی مار کر قتل

پٹنہ:بہار میں پٹنہ ضلع کے عالم گنج تھانہ علاقہ میں جمعرات کی صبح بدمعاشوں نے دودھ پارلر مالک کا گولی مار کرقتل کر دیا۔ پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ گائے گھاٹ محلہ باشندہ ونے تیواری (45) صبح اپنی دکان جا رہے تھے تبھی گائے گھاٹ پل کے نیچے بدمعاشوں نے ان کا گولی مار کرقتل کر دیا۔ متوفی اصل میں بکسر ضلع کے رہنے والے تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ قتل کی وجوہات کا فی الحال پتہ نہیں چل سکا ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچی پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دی ہے۔ معاملے کی تفتیش کی جارہی ہے۔


23 Jul 2020, 5:18 PM

الیکشن کمیشن کی ضمنی انتخابات کو لے کر جمعہ کو میٹنگ

نئی دہلی: الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ 56 اسمبلی سیٹوں اور ایک پارلیمانی سیٹ پر ضمنی انتخابات کرانے کا فیصلہ جلد کیا جائے گا۔ کمیشن نے جمعرات کو یہاں ایک ریلیز میں کہا کہ الیکشن کمیشن کی جمعہ کو ہونے والی میٹنگ میں ان سیٹوں کے ضمنی انتخابات کے بارے میں غوروفکر کیا جائے گا۔ کمیشن نے کہا ہے کہ 22 جولائی کو کمیشن کے سینئر پرنسپل سکریٹری سمت مکھرجی کے ذریعہ جاری ریلیز سے میڈیا میں مغالطہ کی صورت پیدا ہوگئی تھی، اس لئے یہ واضح کیا جاتا ہے کہ آٹھ اسمبلی حلقوں کے ضمنی انتخابات کے بارے میں جو فیصلہ کیا گیا تھا وہ ایک مخصوص صورت حال میں لیا گیا تھا، لیکن کمیشن نے عوامی نمائندہ قانون کی دفعہ 151 کے تحت مذکورہ بالا سبھی سیٹوں پر ضمنی انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریلیز میں کہا گیا ہے کہ آٹھ اسمبلی حلقوں کے لئے ضمنی انتخابات سات ستمبر تک ملتوی کر دیئے گئے ہیں لیکن کل کی میٹنگ میں سبھی سیٹوں کے ضمنی انتخابات کرانے کے بارے میں غور کیا جائے گا۔

23 Jul 2020, 3:35 PM

پاکستان: مندر کی تعمیر پر عدالتی فیصلہ محفوظ

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے مندر کی تعمیر کے فیصلے کے خلاف درخواستوں پر اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا۔ قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے معاملے کی سماعت کی۔ ایک درخواست گزار کے وکیل نے یہ موقف اختیار کیا تھا کہ مجوزہ پلاٹ اقلیتوں کے قبرستان کے لئے الاٹ ہوا، مندر کی تعمیر کے لئے نہیں۔ چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے درخواست گزار کے وکیل سے سوال کیا کہ آپ کو پتہ ہے برطانیہ میں کتنی مساجد ہیں؟ لندن میں مسجد کس نے بنائی؟ یہ اطلاع روزنامہ جنگ نے دی ہے۔ چیف جسٹس نے یہ بھی سوال کیا کہ کیا آپ چاہتے ہیں کہ بیرون ملک مسلمانوں کے ساتھ بھی ایسا ہی سلوک ہو؟ فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے اپیلوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا، درخواست گزار نے سنگل بنچ کا 7 جولائی کا فیصلہ چیلنج کر رکھا ہے۔


23 Jul 2020, 3:09 PM

شنکرآچاریہ نے رام مندر کے 'بھومی پوجن مہورت' پر اٹھایا سوال

جیوتیش پیٹھادھیشور اور دوارکا شارد پیٹھا دھییشور جگد گورو شنکرآچاریہ سوامی سوروپانند سرسوتی نے رام مندر کا سنگ بنیاد رکھنے کے لئے 5 اگست کے 'مہورت' پر سوال کیا ہے۔ شنکرآچاریہ نے کہا کہ عام طور پر ہندو کلینڈر کے ’اتم کال کھنڈ‘ میں اچھا کام کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "5 اگست کو ہندو کلینڈر کے حساب سے بھدرا پد ماہ میں پڑ رہا ہے۔ 5 اگست کو کرشنا پکش کی دوسری تاریخ ہے۔ جبکہ شاستر میں بھدرا پد کے مہینے میں گھر / مندر کی تعمیر شروع کرنا ممنوع ہے۔"

23 Jul 2020, 2:39 PM

افغانستان میں 45 طالبانی ہلاک

کابل: افغانستان کے دو صوبوں میں حفاظتی دستوں کی کارروائی میں 45 طالبانی مارے گئے ہیں۔ پہلا واقعہ قندھار کا ہے جہاں حفاطتی دستوں کے ساتھ تصادم میں 31 شدت پسند مارے گئے۔ صوبے کے ترجمان عطا اللہ خوگیانی نے جمعرات کو بتایا کہ افغان فوج اور طالبان شدت پسندوں کے درمیان بدھ سے زبردست لڑائی ہو رہی ہے۔ ضلع کے کیلاگھو علاقے میں حفاظتی دستوں کے جوابی حملے میں 13 پاکستانیوں سمیت 31 طالبانیوں کی موت ہوگئی ہے۔ ایک کو زندہ پکڑ لیا گیا جبکہ 15 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔


23 Jul 2020, 1:21 PM

نوئیڈا: زیر تعمیر عمارت سے گرنے پر 4 سالہ بچہ ہلاک

نوئیڈا کے بسرکھ میں ایک زیر تعمیر عمارت سے گر کر 4 سالہ بچے کی موت ہو گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ بچہ اپنے مزدور ماں-باپ کے ساتھ اوپر گیا تھا اور پھر یہ حادثہ ہو گیا۔

23 Jul 2020, 11:07 AM

ہندوستان میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 45720 مریض آئے سامنے، 1129 اموات

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہندوستان میں کورونا نے اپنا زبردست قہر برپا کیا ہے۔ اس دوران ایک طرف تو ریکارڈ 45720 نئے معاملے سامنے آئے ہیں اور دوسری طرف 1129 لوگوں کی موت بھی ہو گئی ہے۔ وزارت صحت کے ذریعہ جاری تازہ معاملوں اور اموات کے بعد ہندوستان میں کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد 1238635 ہو گئی ہے جب کہ مجموعی اموات کی تعداد 29861 تک پہنچ گئی ہے۔


23 Jul 2020, 9:33 AM

اب مزید وقت دیا تو یہ ملک کو پوری طرح تباہ کر دیں گے: کانگریس

کانگریس نے اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے ایک ٹوئٹ کر کے مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس نے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ”نوٹ بندی میں وقت مانگا اور معیشت تباہ کر دی۔ کورونا میں وقت مانگا اور زندگیاں تباہ کر دی۔ اب مزید وقت دیا تو یہ ملک کو پوری طرح تباہ کر دیں گے۔“

23 Jul 2020, 8:44 AM

آسام میں سیلاب سے صورت حال نازک، 89 افراد ہلاک

آسام میں سیلاب کی صورت حال لگاتار سنگین ہوتی جا رہی ہے۔ اب تک ریاست کے 26 اضلاع بری طرح متاثر ہوئے ہیں جن میں تقریباً 26 لاکھ لوگوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایک سرکاری بلیٹن میں دی گئی جانکاری کے مطابق جہاں سیلاب نے اب تک ریاست میں 89 لوگوں کی جان لی ہے، وہیں زمین دھنسنے کے واقعات میں 26 لوگ ہلاک ہوئے ہیں۔ ڈبرو گڑھ کے دو گاؤں تو پوری طرح غرقاب ہو گئے ہیں اور یہاں رہنے والے 95 خاندان شیلٹر ہوم میں پناہ لینے کے لیے مجبور ہوئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔