اہم خبریں: مغربی بنگال میں اسکول-کالج 31 جولائی تک بند رکھنے کا اعلان

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

23 Jun 2020, 4:47 PM

کورونا انفیکشن: مغربی بنگال حکومت نے اسکول و کالج 31 جولائی تک بند رکھنے کا کیا اعلان

مغربی بنگال کی ممتا حکومت نے کورونا انفیکشن کے بڑھتے اثرات کو دیکھتے ہوئے اسکول و کالج 31 جولائی تک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں مغربی بنگال کے وزیر تعلیم پارتھ چٹرجی نے میڈیا کو جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ ریاست کے سبھی اسکول و کالج کورونا انفیکشن سے بچاؤ کے پیش نظر احتیاطی طور پر 31 جولائی تک بند رہیں گے۔

23 Jun 2020, 4:00 PM

بابا رام دیو نے کورونا کی دوا 'کورونل' کیا لانچ

یوگ گرو بابا رام دیو کی کمپنی ’پتنجلی‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے ذریعہ تیار کی گئی دوا کورونل عالمی وبا کورونا کے علاج میں صد فیصد کامیاب ہے۔ بابا رام دیو نے آج باضابطہ اس دوا کو لانچ کیا اور اس موقع پر انھوں نے کہا کہ ”دوا کو ہم نے دو بار ٹرائل کیا تھا۔ پہلا کلینکل کنٹرول اسٹڈی، دوسرا کلینکل کنٹرول ٹرائل۔“ بابا رام دیو نے مزید کہا کہ دہلی سے لے کر کئی شہروں میں ہم نے کلینکل کنٹرول اسٹڈی کیا۔ اس کے تحت ہم نے 280 مریضوں کو شامل کیا۔ کلینکل اسٹڈی کے ریزلٹ میں 100 فیصد مریضوں کی ریکوری ہوئی اور ایک بھی موت نہیں ہوئی۔

23 Jun 2020, 3:00 PM

دہلی ہائی کورٹ نے صفورہ زرگر کی ضمانت عرضی منظور کی

مرکزی حکومت صفورہ زرگر کو اخلاقی بنیاد پر جیل سے چھوڑنے کے لیے رضامند ہو گئی ہے۔ اس کے بعد منگل کو دہلی ہائی کورٹ نے جامعہ ملیہ اسلامیہ طالبہ کی ضمانت عرضی منظور کر لی۔ مرکز نے اس سلسلے میں کہا کہ صفورہ زرگر کو انسانیت کے ناطے چھوڑنے کو لے کر اسے کوئی اعتراض نہیں ہے۔ دراصل صفورہ زرگر پر دہلی تشدد کی سازش تیار کرنے کا الزام ہے اور حاملہ ہونے کی وجہ سے لگاتار ان کی ضمانت کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔ 10 اپریل کو گرفتار کی گئیں صفورہ اس وقت تہاڑ جیل میں بند ہیں۔


23 Jun 2020, 1:57 PM

اڈیشہ: جگن ناتھ رتھ یاترا سے قبل ہوئے کورونا ٹیسٹ میں ایک خادم کی رپورٹ پازیٹو برآمد

اڈیشہ کے وزیر قانون پرتاپ جینا نے میڈیا سے بات چیت کے دوران بتایا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق پوری میں جگن ناتھ یاترا نکالے جانے سے قبل سبھی سیوایت (پجاری یا خادم) کا کورونا ٹیسٹ کرایا گیا۔ ان میں سے ایک کی رپورٹ پازیٹو برآمد ہوئی جنھیں رتھ یاترا میں شامل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔

23 Jun 2020, 1:08 PM

بی جے پی رکن پارلیمنٹ پرگیا سنگھ ٹھاکر کی طبیعت بگڑی

مدھیہ پردیش کے بھوپال سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ پرگیا سنگھ ٹھاکر کی طبیعت آج اچانک بگڑ گئی۔ میڈیا ذرائع کے مطابق وہ بھوپال کے بی جے پی دفتر میں ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کے یوم وفات پر ایک نمائش کا افتتاحی پروگرام میں شرکت کرنے پہنچی تھیں۔ طبیعت خراب ہونے کے بعد انھیں گھر لے جایا گیا ہے۔


23 Jun 2020, 12:10 PM

ہندوستان میں پیدا مشکل حالات اور چین کے ساتھ سرحدی تنازعہ کے لیے غلط پالیسی ذمہ دار: سونیا

ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ شروع ہوئی کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) کی میٹنگ میں سب سے پہلے لداخ کے گلوان وادی میں شہید ہوئے 20 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ میٹنگ کی صدارت کر رہی کانگریس صدر سونیا گاندھی نے اس موقع پر کہا کہ ہندوستان ایک زبردست معاشی بحران، کورونا وبا اور اب چین کے ساتھ سرحد تنازعہ کا سامنا کر رہا ہے۔ ہر بحران کے لیے بی جے پی حکمراں ریاست کی بدانتظامی اور اس کی غلط پالیسی ذمہ دار ہے۔

23 Jun 2020, 11:29 AM

آگرہ میں کورونا سے شرح اموات دہلی-ممبئی سے بھی زیادہ: پرینکا گاندھی

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا نے ایک اخبار کی کٹنگ اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ کورونا کی وجہ سے ہونے والی اموات کی شرح اتر پردیش کے شہر آگرہ میں دہلی اور ممبئی سے بھی زیادہ ہے۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ”یہاں (آگرہ) کورونا سے مریضوں کی شرح اموات 6.8 فیصد ہے۔ یہاں کورونا سے جان گنوانے والے 79 مریضوں میں سے کل 35 فیصد یعنی 28 لوگوں کی موت اسپتال میں داخل ہونے کے 48 گھنٹے کے اندر ہوئی ہے۔“

اپنے ٹوئٹ میں پرینکا گاندھی نے یہ سوال بھی اٹھایا ہے کہ ”آگرہ ماڈل کا جھوٹ پھیلا کر شہر کو اس مشکل حالات میں دھکیلنے کے لیے ذمہ دار کون ہے؟“ ساتھ ہی انھوں نے لکھا ہے کہ ”وزیر اعلیٰ جی 48 گھنٹے کے اندر عوام کو اس کی وضاحت پیش کریں اور کووڈ مریضوں کی حالت اور تعداد میں کی جا رہی ہیرا پھیری پر جوابدہی لازمی بنائیں۔“


23 Jun 2020, 10:41 AM

کیا ہندوستانی زمین پر چین نے قبضہ کیا: راہل گاندھی

کانگریس لیڈر اور سابق پارٹی صدر راہل گاندھی نے چین معاملہ پر ایک بار پھر مودی حکومت سے سوال کیا ہے۔ انھوں نے اپنے تازہ ٹوئٹ میں کہا ہے کہ چینی حملہ کے خلاف ہم سب متحد ہو کر کھڑے ہیں، لیکن ساتھ ہی راہل گاندھی نے یہ سوال بھی کیا کہ ”کیا ہندوستانی زمین پر چین نے قبضہ کیا ہے؟“

23 Jun 2020, 9:29 AM

ممبئی: منڈالا واقع پٹاخہ گودام میں آتشزدگی، آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری

ممبئی کے منڈالا واقع مان خرد-گھاٹ کوپر لنک روڈ پر موجود پٹاخہ گودام میں زبردست آگ لگ گئی ہے۔ اس آگ پر قابو پانے کے لیے موقع پر فائر بریگیڈ کی 4 گاڑیاں موجود ہیں۔ آگ کس طرح لگی، اس سلسلے میں ابھی کوئی جانکاری حاصل نہیں ہو سکی ہے۔


23 Jun 2020, 8:35 AM

لگاتار 17ویں دن پٹرول-ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ

عوام پر مہنگائی کی مار جاری ہے اور حکومت کو لوگوں کی کوئی فکر ب ھی نہیں ہے۔ اس کی مثال یہ ہے کہ آج لگاتار 17ویں دن پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا۔ ہندوستان کی راجدھانی دہلی میں آج پٹرول کی قیمت میں جہاں 20 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا وہیں ڈیزل کی قیمت بھی 55 پیسے فی لیٹر بڑھا دی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔