اہم خَبریں: مودی حکومت نے دیا پرینکا گاندھی کو سرکاری رہائش گاہ خالی کرنے کا نوٹس

پرینکا گاندھی
پرینکا گاندھی
user

قومی آوازبیورو

01 Jul 2020, 10:07 PM

پرینکا گاندھی کو سرکاری رہائش گاہ خالی کرنے کے لئے نوٹس

نئی دہلی: مرکزی حکومت نے کانگریس کے سینئر لیڈر اور وزیراعظم راجیو گاندھی کی بیٹی پرینکا گاندھی وڈرا کو راجدھانی میں سرکاری رہائش گاہ خالی کرنے کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے ایک مہینے کا وقت دیا ہے۔ مرکزی وزارت رہائش و شہری امور نے بدھ کو یہاں نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی وزارت داخلہ نے پرینکا گاندھی کی خصوصی سیکورٹی ایس پی جی واپس لے لی ہے، اس لئے ان کو رہائش گاہ الاٹ کرنے کی بنیاد ختم ہوگئی ہے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پرینکا گاندھی کی رہائش گاہ کا الاٹمنٹ یکم جولائی کو رد کردیا گیا ہے اور ایک مہینے تک مکان میں رہنے کی چھوٹ دی گئی ہے، نوٹس کے مطابق یکم اگست 2020 کے بعد بھی الاٹ کئے گئے مکان میں رہنے پر نقصانات اور کرایہ کی ادائیگی کرنی ہوگی۔

وہیں کانگریس ترجمان رندیپ سرجے والا نے کہا کہ بی جے پی اور مودی حکومت کی کانگریس قیادت سے اندھی نفرت اور انتقام کا جذبہ عوام پر واضح ہے، اب وہ اور اوچھی حرکتوں اور ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔ پرینکا جی کا گھر خالی کرنے کے نوٹس سے مودی جی اور یوگی جی کی بے چینی ظاہر ہوتی ہے۔ ہم حکومت کے تغلقی فیصلوں سے خوفزدہ نہیں ہیں۔

01 Jul 2020, 11:00 PM

شراب نوشی پر پابندی سے متعلق سپریم کورٹ میں عرضی دائر

نئی دہلی:ادویات کے مقاصد کو چھوڑ کر شراب اور دیگر منشیات کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کی ہدایت سے متعلق ایک عرضی بدھ کے روز سپریم کورٹ میں دائر کی گئی تھی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر اور وکیل اشوانی اپادھیائے نے یہ مفاد عامہ کی عرضی دائر کر کے ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کو مدِ نظر رکھتے ہوئے شراب اور دیگر منشیات پر پابندی عائد کرنے کے لئے ہدایت جاری کرنے کی درخواست کی۔

عرضی میں استدعا کی گئی ہے کہ طبی استعمال کے علاوہ شراب اور دیگر منشیات کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کے لئے ایک موثر پالیسی تیار کرنے کی ہدایت دینے کی درخواست کی گئی۔ عرضی میں کہا گیا ہے کہ شراب کی بوتلوں اور کین کے دونوں طرف کم از کم 50 فیصد حصے میں اس کا استمعال صحت کے لئے نقصان دہ ہے، کے تعلق سے وارننگ مشتہر ہونی چاہیے۔

عرضی گزار کا کہنا ہے کہ شراب اور منشیات کے استعمال سے گھریلو تشدد، خواتین کے خلاف جرائم کے ساتھ ساتھ چوٹ لگنے کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ اس کے استعمال سے شخص کے رویہ میں کافی تبدیل آتی ہے جو کووڈ وبا کے دوران زیادہ مہلک ثابت ہوسکتی ہے۔ ۔عرضی میں دلیل دی گئی کہ کووڈ 19 وبا کے دوران شراب نوشی سے تیزی سے صحت خراب ہونے، ذہنی صحت متاثر ہونے اور تشدد کے خطرے ہوتے ہیں۔

01 Jul 2020, 9:52 PM

نجی کمپنیاں 109 روٹ پر ٹرینیں چلائیں

نئی دہلی: حکومت نے 109 روٹوں پر ٹرینوں کو چلانے کی پوری ذمہ داری نجی کمپنیوں کے حوالے کرنے کا منصوبہ بنایا ہے اور اس کے لئے ٹینڈر عمل شروع کردیا گیا ہے۔ اس میں، ٹرینوں کی خریداری، اس کے لئے رقم اکٹھا کرنے، ٹرینوں کے آپریشن اور دیکھ بھال کی ذمہ داری نجی کمپنی کے پاس ہوگی، جبکہ ڈرائیور اور گارڈ ریلوے کے ہوں گے۔ کمپنی ریلوے کو اپنی آمدنی میں حصہ دے گی۔ نیز، ٹریک کے استعمال کے لئے، یہ ریلوے کو مال بردار اور کھپت کی بنیاد پر بجلی کے فیس ادا کرے گی۔

ریکویسٹ فار کوالیفیکشن مدعو کے ساتھ ساتھ ٹینڈر کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ نجی کمپنی کو 12 کلسٹرز میں 109 روٹس پر چلنے والی 218 ٹرینیں ملیں گی، جن میں 'اپ' اور 'ڈاون' شامل ہیں۔ اس کے لئے انہیں کم از کم 16 کوچوں والی 151 جدید ٹرینیں خریدنی ہوں گی۔ اس میں، میک ان انڈیا بھی ترجیح کی شرط ہوگی۔ اس اقدام پر نجی کمپنیوں کے ذریعہ 30000 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کی توقع ہے۔


01 Jul 2020, 9:10 PM

افغانستان میں سلامتی فورس کے حملے میں 14 طالبان ہلاک

کابل: افغانستان کے غزنی صوبہ میں منگل کو قومی سلامتی فورس کے جوانوں نے جوابی کارروائی میں 14 طالبان کو ہلاک کر دیا جبکہ تین دیگر زخمی ہوگئے۔ وزارت دفاع نے بدھ کو یہ اطلاع دی۔ طلوع نیوز نے وزارت کے حوالہ سے بتایا کہ ’’افغان نیشنل سیکورٹی اور سیکورٹی فورسیز (اے این ڈی ایس ایف) نے غزنی صوبہ کے اندار ضلع میں طالبان کے حملے کا سخت جواب دیتے ہوئے 14 طالبان کوہلاک کردیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ حملے میں اے این ڈی ایس ایف کا کوئی جوان زخمی نہیں ہوا ہے۔ طالبان علاقے کو اپنے قبضے میں لینے کے لئے مسلسل کوششیں کر رہے ہیں جس کی وجہ سے افغانستان کے کئی علاقوں میں تشدد کے واقعات ہو رہے ہیں۔

01 Jul 2020, 8:08 PM

سابق اٹارنی جنرل مکل روہتگی نے ٹک ٹاک کا مقدمہ لڑنے سے کیا انکار

نئی دہلی: ملک کے اعلی سینئر وکیلوں میں شمار کیے جانے والے سابق اٹارنی جنرل مکل روہتگی نے چینی ایپ ٹک ٹاک کا مقدمہ لڑنے سے انکار کردیا ہے مکل روہتگی نے بدھ کے روز کہا کہ وہ چینی ایپ کے لئے ہندوستانی حکومت کے خلاف عدالت میں کھڑے نہیں ہوں گے۔ ہندوستانی حکومت کی جانب سے 59 چینی ایپ پر پابندی عائد کرنے کے فیصلے کے بعد ان میں سے ایک ایپ ’ٹک ٹاک‘ نے قانونی راستہ اختیار کرنے کی کوشش کی تھی، لیکن اسے پہلے ہی قدم پر ہی ایک دھچکا لگا ہے۔ ٹک ٹاک نے معاملے کی پیروی کرنے کے لئے مکل روہتگی سے رجوع کیا تھا، لیکن انہوں نے ٹک ٹاک کی طرف سے حکومت کے خلاف پیش ہونے سے انکار کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ چینی ایپ کے لئے ہندوستانی حکومت کے خلاف عدالت میں مقدمہ نہیں لڑیں گے۔


01 Jul 2020, 7:14 PM

امرتسر میں کورونا وائرس کے باعث تین ہلاکتیں

امرتسر: پنجاب کے شہر امرتسر میں کورونا وائرس ’کووڈ 19‘ کے 3 مریضوں کے ہلاک ہونے جانے سے ریاست میں ہلاکتوں کی تعداد 147 ہوگئی ہے۔ گورو نانک دیو اسپتال میں بدھ کی صبح کورونا وائرس سے متاثرہ تین مریض ہلاک ہو گئے۔ ان میں ایک 50 سالہ شخص گورداس پور، ایک 81 سالہ مریضہ ویرکا، اور دیگر 56 سالہ شخص ضلع ترن تارن سے تعلق رکھتا تھا۔

01 Jul 2020, 6:31 PM

ملک میں کورونا ریکوری کی شرح 59.43 فیصد

نئی دہلی؛ کورونا وائرس "کووڈ۔19" کی روک تھام اور علاج میں کی جانے والی جد وجہد سے کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے کی "ریکوری" شرح بڑھ کر 59.43 فیصد ہو گئی ہے۔ صحت اور خاندانی فلاح و بہبود کی مرکزی وزارت سے بدھ کے روز حاصل معلومات کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے 220114 فعال کیسز ہیں اور 347978 کورونا متاثرہ مریض مکمل صحتیاب ہو رہے ہیں جس سے ریکوری کی شرح 59.43 فیصد ہو گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں 13157 کورونا متاثر صحتیاب ہوئے ہیں۔ کورونا صحتیاب اور فعال کیسز کا فرق بدھ کے روز اب 127864 ہو گیا ہے۔ کورونا متاثرین کی شناخت کے لیے ٹیسٹ کی سہولت مہیا کروانے والے لیب کی تعداد بھی مسلسل بڑھ کر 1056 ہو گئی ہے جس سے سیمپل ٹیسٹ کی رفتار بھی تیز ہوئی ہے۔ ملک میں فی الحال اب تک 8826585 سیمپل کا ٹیسٹ کیا جا چکا ہے۔


01 Jul 2020, 6:03 PM

سلطانپور میں دو انعامی بدمعاش گرفتار

سلطانپور: اترپردیش کے ضلع سلطان پور میں پولیس نے بدھ کو 25۔25 ہزار روپئے کے دو انعامی بدمعاشوں کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس ترجمان نے یہاں بتایا کہ ایس پی سلطانپور کی جانب سے چلائے جا رہے انعامی اور مطلوب مجرموں کی گرفتاری مہم میں پولیس نے 25۔25 ہزار روپئے کے دو انعامی بدمعاشوں کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دیہات کوتوالی علاقے میں جڑاٹی گاؤں باشندہ انعامی بدمعاش پپو عرف علیم قصائی کو بابو گنج کے بھروکوا سے گرفتار کیا گیا ہے۔ ایس پی نے گزشتہ 29 جون کو اس کی گرفتاری پر 25 ہزار روپئے کے انعام کا اعلان کیا تھا۔ علیم پر سلطان پور اور پرتاپ گڑھ کے مختلف تھانوں میں کئی مقدمے درج ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ اس کے علاوہ پولیس نے دلشاد عرف نکے کو بابو گنج کے بھروکوا سے گرفتار کیا ہے۔ اس پر بھی پولیس نے 29جون کو 25ہزار روپئے کے انعام کا اعلان کیا تھا۔ اس پر سلطان پور کے کوتوالی دیہات میں کئی مقدمے درج ہیں۔ دونوں کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔

01 Jul 2020, 5:19 PM

آنندی بین پٹیل نے آج مدھیہ پردیش کے گورنر کی حیثیت سے حلف لیا

بھوپال: اترپردیش کے گورنر کی حیثیت سے اپنے فرائض کے علاوہ آنندی بین پٹیل نے آج مدھیہ پردیش کے گورنر کی حیثیت سے بھی حلف لیا۔


01 Jul 2020, 4:44 PM

ہندوستان چینی کمپنیوں کو شاہراہ منصوبوں میں حصہ نہیں لینے دے گا... نتن گڈکری

مرکزی وزیر نتن گڈکری نے کہا کہ ہندوستان چینی کمپنیوں کو شاہراہ منصوبوں میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دے گا ، چاہے وہ مشترکہ منصوبہ کے ذریعے ہی کیوں نہ شامل ہونا چاہیں۔

01 Jul 2020, 4:02 PM

گروگرام میں تمام شاپنگ مال عوام کے لئے کھل گئے

ہریانہ: گروگرام میں تقریباً 3 ماہ سے بند پڑے شاپنگ مال کو آج سے سبھی عام لوگوں کے لئے کھول دیئے گئے ہیں۔ سائبر سٹی مالز کے منیجنگ ممبر آر ایس فوگاٹ نے کہا کہ حکومت نے جو گائیڈ لائن جاری کیں ہیں ہم اسی کے مطابق تمام قواعد و ضوابط پر عمل کر رہے ہیں۔ یہاں صفائی، ستھرائی، ماسک اور معاشرتی فاصلے کا خاص طور سے دھیان دیا جا رہا ہے۔


01 Jul 2020, 3:43 PM

اہم خبریں: ٹِک ٹوک پر پابندی تو ٹھیک، سوالوں کے جواب کون دیگا؟... نصرت جہاں

ٹی ایم سی کی ممبر پارلیمنٹ نصرت جہاں نے کہا کہ "ٹک ٹوک ایک تفریحی ایپ ہے، اس پر عائد پابندی یہ ایک جلد بازی میں لیا گیا فیصلہ ہے۔ اس کے لئے منصوبہ بندی کیا ہے؟ ان لوگوں کا کیا ہوگا جو بے روزگار ہو جائیں گے؟ نوٹ بندی کی طرح لوگ متاثر ہوں گے۔ مجھے پابندی سے کوئی پریشانی نہیں، کیونکہ یہ قومی سلامتی کا معاملہ ہے لیکن ان سوالوں کا جواب کون دے گا۔"

01 Jul 2020, 2:33 PM

سوپور میں سیکورٹی فورس پر ملی ٹنٹ حملہ، دو لوگ ہلاک

ایس ایس سوپور جاوید اقبال نے کہا کہ سی آر پی ایف اور پولیس کی پٹرولنگ ٹیم پر ملی ٹنٹوں نے حملہ کیا ہے، اس حملہ میں راہ چلتے مسافر بھی زخمی ہوئے ہیں اور سی آر پی ایف کے 4 جوان بھی زخمی ہوئے ہیں، جس میں سے ایک جوان کی بعد میں موت ہوگئی، ساتھ ہی ایک عام شہری جو اپنے بچے کے ساتھ اپنی گاڑی سے کپواڑہ جارہا تھا وہ بھی اس حملہ میں جاں بحق ہو گیا، مگر بچے کو بچا لیا گیا ہے۔


01 Jul 2020, 1:12 PM

بے روزگاری کو لے کر پرینکا گاندھی نے ایک بار پھر یوگی حکومت پر کیا حملہ

پرینکا گاندھی نے سوشل میڈیا سائٹ فیس بک پر ایک پوسٹ کے ذریعہ ایک بار پھر اتر پردیش کی یوگی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اپنے پوسٹ میں پرینکا گاندھی نے ریاست میں بے روزگاری کے حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ”یو پی کے وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم صاحب کو بلا کر ایک تقریب کرایا اور ب تایا کہ چھوٹی اور درمیانی صنعتوں میں لاکھوں روزگار مل رہے ہیں۔ لیکن حقیقت دیکھیے۔ پی ایم کے پارلیمانی حلقہ کے بنکر جو وارانسی کی شان ہیں، آج گہنے اور گھر گروی رکھ کر گزارہ کرنے کو مجبور ہیں۔ لاک ڈاؤن کے دوران ان کا پورا کام ٹھپ ہو گیا۔“ اپنے پوسٹ میں پرینکا نے مزید لکھا ہے کہ ”چھوٹے تاجروں اور کاریگروں کی حالت بہت خراب ہے۔ ہوائی تشہیر نہیں، معاشی مدد کا ٹھوس پیکیج ہی انھیں اس تنگ حالی سے نکال سکتا ہے۔“

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔