اہم خبریں: میں نے کبھی ٹرینوں کو ’کورونا ایکسپریس‘ نہیں کہا... ممتا بنرجی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

10 Jun 2020, 5:15 PM

ٹرینوں کو 'کورونا ایکسپریس' کا نام میں نے نہیں، عوام نے دیا: ممتا بنرجی

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ”11 لاکھ مہاجر مزدور پہلے ہی ریاست لوٹ چکے ہیں، 30 ہزار آنے باقی ہیں۔ میں نے کبھی ٹرینوں کو ’کورونا ایکسپریس‘ نہیں کہا، عوام نے ٹرینوں کو اس نام سے بلایا تھا۔“

10 Jun 2020, 4:10 PM

مہاراشٹر: کارٹون دیکھنے کی ضد پوری نہ ہونے پر 14 سالہ لڑکے نے کی خودکشی

مہاراشٹر کے پونے واقع ببویواڈی علاقہ میں ایک 14 سالہ لڑکے نے خودکشی کر لی۔ پولس ذرائع کا کہنا ہے کہ لڑکا کارٹون دیکھنے کی بہت ضد کرتا تھا اور دادی کو نیوز چینل دیکھنا تھا اور اس کے بچہ راضی نہیں ہوا۔ یہ دیکھ کر ماں نے غصے میں ٹی وی بند کر دیا، جس کے بعد بچے نے خودکشی کر لی۔

10 Jun 2020, 3:10 PM

لالو یادو کا یوم پیدائش 'غریب سمّان دیوس' کے طور پر منایا جائے گا: تیجسوی یادو

آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ”کل ہم لالو جی کا یوم پیدائش ’غریب سمان دیوس‘ کے طور پر منائیں گے۔ کیک کاٹنے یا موم بتّی جلانے کی جگہ ہم غریبوں کو کھانا کھلائیں گے۔ ہم غریب، بے روزگار اور کسانوں کی فکر کرتے ہیں جب کہ ریاستی حکومت کو صرف انتخاب کی فکر ہے۔“


10 Jun 2020, 1:50 PM

پنجاب حکومت کی اجازت کے بعد گرودواروں میں پرساد اور لنگر کی تقسیم شروع

پنجاب حکومت کے ذریعہ گرودواروں میں پرساد اور لنگر کی تقسیم کی اجازت دیے جانے کے بعد لوگوں میں پرساد کی تقسیم شروع ہو گئی ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق پنجاب کے کئی گرودواروں میں پرساد کی تقسیم احتیاطی تدابیر کے ساتھ کی گئی۔

10 Jun 2020, 1:01 PM

دہلی: جامع مسجد کے شاہی امام سید احمد بخاری کے پی آر او کا انتقال، کورونا انفیکشن کا تھا اثر

کورونا انفیکشن کی وجہ سے دہلی واقع جامع مسجد کے شاہی امام سید احمد بخاری کے پی آر او امان اللہ کا منگل کی دیر رات انتقال ہو گیا۔ ان کا علاج صفدر جنگ اسپتال میں چل رہا تھا جہاں وہ زندگی کی جنگ ہار گئے۔ ان کے انتقال کے بعد اب اس طرح کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ ایک بار پھر جامع مسجد کے دروازے عام نمازیوں کے لیے بند کر دیے جائیں گے کیونکہ پہلے سے ہی اس بات پر مشورہ چل رہا تھا کہ دہلی میں کورونا کے بڑھتے معاملات کے درمیان مسجدوں کا دروازہ کھولا جانا مناسب ہے یا نہیں۔


10 Jun 2020, 12:39 PM

کورونا بحران: راجستھان حکومت نے بارڈر ایک بار پھر سیل کرنے کا کیا فیصلہ

راجستھان حکومت نے ریاست میں کورونا کے بڑھتے معاملات کو دیکھتے ہوئے ایک بار پھر سرحد سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ سرحدوں کو ایک ہفتہ کے لیے سیل کیا جا رہا ہے لیکن اس درمیان قابل قبول پاس رکھنے والے لوگوں کو داخلے کی اجازت دی جائے گی۔

10 Jun 2020, 11:48 AM

حیدر آباد: ڈاکٹروں اور اسٹاف پر حملہ کرنے والے شخص کے خلاف کیس درج

حیدر آباد کے گاندھی اسپتال میں ایک کورونا مریض کے تیماردار نے اس وقت ڈاکٹروں اور اسٹاف پر حملہ کر دیا جب اسے بتایا گیا کہ مریض کی موت ہو گئی ہے۔ اس واقعہ کے تعلق سے حملہ کرنے والے شخص کے خلاف کیس درج کر لیا گیا ہے اور پورے واقعہ کی جانچ ہو رہی ہے۔ ایک ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ ”ایک مریض سنگین حالت میں تھا، وہ دو دنوں سے آئی سی یو میں رکھا گیا تھا لیکن آج مریض کا انتقال ہو گیا اور جب ہم نے اس کی خبر اٹینڈینٹ کو دی تو اس نے ہم پر حملہ کرنا شروع کر دیا۔“


10 Jun 2020, 11:11 AM

دہلی میں اس وقت اسکول کھولنے کا کوئی ارادہ نہیں: منیش سسودیا

دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے ایک نیوز پورٹل سے بات چیت کرتے ہوئے اس بات کا اعلان کیا کہ فی الحال دہلی میں اسکول نہیں کھولے جائیں گے۔ انھوں نے کورونا انفیکشن کے لگاتار بڑھتے معاملوں کے پیش نظر اسکول نہیں کھولے جانے کی بات کہی اور یہ بھی کہا کہ اسکول کھول کر دوبارہ پھر اسے بند کرنے کا دہلی حکومت کوئی تجربہ نہیں کرنا چاہتی۔

10 Jun 2020, 10:02 AM

کورونا: گزشتہ 24 گھنٹے میں ایک بار پھر تقریباً 10 ہزار نئے معاملے آئے سامنے

جون کا مہینہ ہندوستان کے لیے خطرناک ثابت ہو رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹے میں ایک بار پھر تقریباً 10 ہزار کورونا انفیکشن کے نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔ آج صبح مرکزی حکومت کے ذریعہ جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں 9985 نئے کیس سامنے آئے جب کہ 279 اموات ہوئیں۔ ملک میں اب کورونا پازیٹو معاملوں کی کل تعداد 276583 ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ مجموعی اموات کی تعداد 7745 تک پہنچ گئی ہے۔


10 Jun 2020, 9:25 AM

رام جنم بھومی احاطہ میں آج بھگوان شیو کا 'رودرابھشیک' کیا جائے گا

ایودھیا واقع رام جنم بھومی احاطہ میں آج بھگوان شیو کا رودرابھشیک کیا جائے گا۔ بتایا جا رہا ہے کہ کچھ اہم لوگوں کی موجودگی میں پوجا کی یہ رسم ادا کی جائے گی۔ رودرابھشیک رام جنم بھومی احاطہ میں موجود کوبیر ٹیلہ میں ہوگا۔

10 Jun 2020, 8:35 AM

پنجاب: حکومت نے مذہبی مقامات پر لنگر اور پرساد تقسیم کرنے کی دی اجازت

حکومت پنجاب کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اب ریاست میں مذہبی مقامات پر کمیونٹی کچن، لنگر اور مذہبی مقامات پر پرساد تقسیم کرنے کی اجازت رہے گی۔ ساتھ ہی کہا گیا ہے کہ لنگر یا پرساد تیار کرتے اور تقسیم کرتے وقت سبھی طرح کے احتیاطی تدابیر کیے جائیں اور صفائی کا خاص خیال رکھا جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔