کورونا کے خلاف جانسن اینڈ جانسن کی ’سنگل شاٹ‘ ویکسین تیار!

جانسن اینڈ جانسن کی ’سنگل شاٹ‘ ویکسین کو اگر ایمرجنسی استعمال کی منظوری مل جاتی ہے تو یہ ہندوستان میں پانچویں ویکسین ہوگی، حالانکہ سنگل شاٹ والی ہندوستان میں یہ پہلی ویکسین ہوگی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

کورونا کے خلاف جنگ میں ٹیکہ کاری کو سب سے بڑا ہتھیار مانا جا رہا ہے اور ہندوستان میں اب تک چار ویکسین کو ایمرجنسی استعمال کی منظوری مل چکی ہے اور کئی ویکسین منظوری کے لیے قطار میں کھڑی نظر آ رہی ہیں۔ اس درمیان ’جانسن اینڈ جانسن‘ نے ’سنگل شاٹ‘ ویکسین تیار کر لیا ہے جس کے ایمرجنسی استعمال کی منظوری کے لیے حکومت ہند سے مطالبہ کیا گیا ہے۔ ایمرجنسی استعمال کے لیے منظوری کی درخواست حکومت ہند سے کیے جانے سے قبل گزشتہ پیر کو کمپنی نے کہا تھا کہ وہ ہندوستان میں اپنی سنگل ڈوز والی کووڈ ویکسین لانے کے لیے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں حکومت ہند کے ساتھ جاری بات چیت کو لے کر پرامید ہے۔

بہر حال، جانسن اینڈ جانسن کمپنی کے ترجمان نے ایک تازہ بیان میں کہا ہے کہ ’’جانسن اینڈ جانسن پرائیویٹ لمیٹڈ نے 5 اگست 2021 کو حکومت ہند کے پاس اپنی سنگل ڈوز والی کووڈ-19 ویکسین سے متعلق ’ای یو اے‘ کے لیے درخواست کی۔‘‘ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ ایک اہم سنگ میل ہے جو بایولوجیکل ای لمیٹڈ کے ساتھ کمپنی کے اتحاد سے ہندوستان کے لوگوں اور باقی دنیا کو کووڈ ویکسین کے ’سنگل شاٹ‘ (ایک خوراک) پر مبنی متبادل دیتا ہے۔


قابل ذکر ہے کہ وزارت صحت نے بھی گزشتہ دنوں جانسن اینڈ جانسن کی ویکسین کو لے کر ایک بیان دیا تھا۔ نیتی آیوگ کے ہیلتھ رکن ڈاکٹر وی کے پال نے بتایا تھا کہ جانسن اینڈ جانسن کی ویکسین کا پروڈکشن باہر ہوتا ہے۔ حکومت ہند کے منصوبہ کے مطابق اس ویکسین کا پروڈکشن حیدر آباد کے بایو ای میں بھی کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ فی الحال ملک میں 4 کورونا ویکسین کو ایمرجنسی استعمال کی اجازت ملی ہے جن میں کووی شیلڈ، کوویکسن، اسپوتنک وی اور ماڈرنا کی ویکسین شامل ہے۔ جانسن اینڈ جانسن کو منظوری مل جاتی ہے تو یہ ہندوستان میں پانچویں ویکسین ہوگی۔ حالانکہ سنگل شاٹ والی ہندوستان میں یہ پہلی ویکسین ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔