سر ڈیوڈ ایٹنبرو ڈیجیٹل تقریب میں 'اندرا گاندھی امن ایوارڈ 2019' سے سرفراز

ڈیجیٹل تقریب میں ایٹنبرو کو اندرا گاندھی امن ایوارڈ 2019 سے نوازا گیا۔ تقریب میں سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ، کانگریس صدر سونیا گاندھی اور پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی بھی شامل ہوئے۔

user

تنویر

کورونا بحران کے درمیان ایک ورچوئل تقریب میں مشہور و معروف شخصیت اور ماحولیات و جانداروں سے محبت رکھنے والی عظیم ہستی سر ڈیوڈ ایٹنبرو کو پیر کے روز 'اندرا گاندھی امن ایوارڈ 2019' سے نوازا گیا۔ اندرا گاندھی میموریل ٹرسٹ کی جانب سے منعقد ڈیجیٹل تقریب میں ایٹنبرو کو اس ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا۔ تقریب میں سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ، کانگریس صدر سونیا گاندھی اور پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی بھی شامل ہوئے۔

قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی کی صدارت والی بین الاقوامی جوری نے سر ایٹنبرو کا انتخاب امن، تخفیف اسلحہ اور ترقی کے لیے اندرا گاندھی ایوارڈ سے نوازنے کا فیصلہ کیا تھا۔ حال ہی میں پرنب مکھرجی کورونا انفیکشن میں مبتلا ہونے کے بعد انتقال فرما گئے جس کے لیے سات دنوں کا قومی سوگ بھی منایا گیا تھا۔

بہر حال، اندرا گاندھی میموریل ٹرسٹ کے مطابق ماحولیات کے شعبہ میں کیے گئے کاموں کے مدنظر ایٹنبرو کو یہ انعام دیا گیا ہے۔ اس انعام کے تحت 25 لاکھ روپے کی نقد رقم اور سرٹیفکیٹ پیش کیا جاتا ہے۔ سر ایٹنبرو طویل مدت سے بی بی سی کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں اور انھیں نائٹ ہُڈ سمیت کئی اعزاز بھی مل چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 07 Sep 2020, 7:11 PM