ڈاکٹر ذاکر نائک نے عمان میں تقریر کے دوران مودی حکومت کو بنایا تنقید کا نشانہ، آر ایس ایس پر بھی کیا حملہ!

ڈاکٹر ذاکر نائک نے اپنی تقریر کے دوران کہا کہ ’’میں مسلموں اور غیر مسلموں کو قرآن پر ایک ’پبلک ڈائیلاگ‘ (عوامی گفتگو) کے لیے مدعو کرنا چاہتا ہوں۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مبلغ دین ڈاکٹر ذاکر نائک نے عمان میں مذہب اسلام اور قرآن کی اہمیت کو ظاہر کرتے ہوئے ایک انتہائی اہم تقریر کی ہے۔ لیکن اس دوران انھوں نے حکومت ہند اور آر ایس ایس کے خلاف کچھ ایسی باتیں کہیں جس پر سوشل میڈیا میں سخت اعتراض ظاہر کیا جا رہا ہے۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ ذاکر نائک کو عمان بلایا گیا تھا تاکہ وہ اسلام کے تعلق سے تقریر کریں، لیکن انھوں نے ہندوستان کے خلاف زہر افشانی کی۔

ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر ذاکر نائک نے تقریر تو بہت اچھے انداز میں شروع کیا تھا اور عمان حکومت کا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ کچھ اہم باتوں کا تذکرہ کیا تھا۔ انھوں نے تقریر کے آغاز میں کہا کہ ’’عمان میں میرا گرمجوشی سے استقبال کیا گیا، اس کے لیے میں تہہ دل سے شکرگزار ہوں۔‘‘ پھر انھوں نے پوری دنیا کے مسلمانوں سے مذہب اسلام کی تبلیغ کے لیے آگے آنے کی اپیل کی۔ ڈاکٹر ذاکر نائک نے کہا کہ ’’میں مسلموں اور غیر مسلموں کو قرآن پر ایک ’پبلک ڈائیلاگ‘ (عوامی گفتگو) کے لیے مدعو کرنا چاہتا ہوں۔‘‘


بتایا جاتا ہے کہ کچھ دیر کی تقریر کے بعد بہت ہی عقلمندی کے ساتھ ڈاکٹر ذاکر نائک نے حکومت ہند اور وزیر اعظم مودی کو تنقید کا نشانہ بنانا شروع کر دیا۔ انھوں نے ہندوستان میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کا تذکرہ کیا اور مودی حکومت کے ساتھ ساتھ آر ایس ایس کو بھی ہدف تنقید بنایا۔ ڈاکٹر ذاکر نائک کی تقریر کی کچھ ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہیں جن میں وہ ہندوستان کے موجودہ حالات کا تذکرہ کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر ذاکر نائک کو عمان میں 23 مارچ اور 25 مارچ کو لیکچر دینے کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔ 23 مارچ کا لیکچر انھوں نے پیش کر دیا ہے جس میں مبینہ طور پر انھوں نے حکومت ہند پر زہر افشانی کی۔ 25 مارچ کا لیکچر ابھی باقی ہے۔ عمان میں ڈاکٹر ذاکر نائک کے اس پروگرام کے پیش نظر حکومت ہند نے حکومت عمان سے رابطہ کیا تھا اور گزارش کی تھی کہ انھیں ملک میں نہ آنے دیں۔ حکومت ہند نے کہا بتایا تھا کہ ڈاکٹر ذاکر نائک اشتعال انگیز تقریریں کرتے ہیں اور ہندوستان میں ان کے خلاف کئی معاملے درج ہو چکے ہیں۔ اس سے قبل یہ بھی خبریں آئی تھیں کہ ہندوستانی ایجنسیاں عمان کے افسران سے رابطے میں ہیں تاکہ ڈاکٹر ذاکر نائک کو حراست میں لیا جا سکے اور پھر ڈیپورٹ کر ہندوستان لایا جا سکے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔