شرمناک شکست کے بعد ترقیاتی کونسل لیہہ کے بی جے پی سربراہ نے دیا استعفیٰ

بلدیاتی انتخابات میں بی جے پی کو لداخ میں زبردست جھٹکا لگا اوراسے 26 حلقوں میں سے 1 پر بھی کامیابی نہیں ملی۔ کانگریس نے لیہہ میونسپل کمیٹی میں بی جے پی کو وائٹ واش کرتے ہوئے سبھی 13 بلدیاتی حلقے جیتے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل لیہہ کے چیف ایگزیکٹو کونسلر دورجے موٹپ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر اور سابق ریاستی صدر ست پال شرما نے کہا کہ مسٹر دورجے نے صحت کی وجوہات سے استعفیٰ دیا ہے۔ تاہم دورجے موٹپ کا استعفیٰ حالیہ بلدیاتی انتخابات میں بی جے پی کی شرمناک ہار کے محض آٹھ روز بعد سامنے آیا ہے۔

بتادیں کہ ریاست میں حالیہ بلدیاتی انتخابات میں بی جے پی کو خطہ لداخ میں زبردست جھٹکا لگا اور پارٹی 26 بلدیاتی حلقوں میں سے ایک بھی حلقہ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوئی ۔ کانگریس نے لیہہ میونسپل کمیٹی میں بی جے پی کو وائٹ واش کرتے ہوئے سبھی 13 بلدیاتی حلقے جیتے۔ پارٹی (کانگریس) نے کرگل میونسپل کمیٹی کے 13 میں سے پانچ حلقوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ باقی آٹھ حلقے آزاد امیدواروں کے کھاتے میں چلے گئے ۔

سنہ 2014 کے عام انتخابات میں بی جے پی نے لداخ پارلیمانی حلقہ انتخاب سے جیت درج کرکے تاریخ رقم کی تھی۔ اس کے علاوہ سنہ 2015 میں ہوئے لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل لیہہ کے انتخابات میں بڑی جیت درج کرکے کونسل تشکیل دی تھی۔ دورجے موٹپ کو رواں برس فروری میں ڈاکٹر سونم دوا لومپو کی رحلت کے بعد چیف ایگزیکٹو کونسلر کے عہدے پر فائز کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر سونم دوا کی 29 جنوری کو دل کا دورہ پڑنے سے موت واقع ہوئی تھی۔

بی جے پی لیڈر ست پال شرما نے کہا کہ لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کے آئین میں حالیہ ترمیم کی بدولت منتخب کونسلروں کی جانب سے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو کونسلر چنا جائے گا جوچیف ایگزیکٹو کونسلر کی غیرموجودگی میں کونسل کے کام کاج کو دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نئے چیف ایگزیکٹو کونسلر کو کونسل کے آئین کے مطابق منتخب کیا جائے گا، تاہم اس میں ایک دو ہفتے لگ سکتے ہیں۔

ست شرما نے تاہم دعویٰ کیا کہ دورجے موٹپ نے لیہہ کی ترقی میں کوئی کمی نہیں رہنے دی۔ ان کا کہنا تھا ’میں سمجھتا ہوں کہ دورجے کے دور میں جتنی ترقی ہوئی ہے، وہ اپنے آپ میں ایک مثال ہے۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ وہ اپنی صحت کے چلتے استعفیٰ دینا چاہتے ہیں۔ اسی کے چلتے انہوں نے آج ڈپٹی کمشنر کو اپنا استعفیٰ سونپ دیا۔ استعفے کو ایک دو دنوں کے اندر منظور کرلیا جائے۔

لیہہ ڈیولپمنٹ کونسل کے آئین میں حال ہی میں ترمیم کی گئی۔ اس کے تحت ڈپٹی ایگزیکٹو کونسلر کا انتخاب بھی کونسل کے ذریعے عمل میں آئے گا‘۔ذرائع نے بتایا کہ نئے چیف ایگزیکٹو کونسلر کے لئے نوٹیفکیشن محکمہ امور لداخ کی طرف سے جاری کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نوٹیفکیشن 5 نومبر کو جموں میں دربار مو دفاتر کھلنے کے بعد ہی جاری ہوسکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔