بی جے پی کی جھوٹی اور فریبی سرکاروں سے کانگریس نجات دلائے گی: غلام نبی آزاد

سینئر لیڈر غلام نبی آزاد نے کہا کہ پیٹرول و ڈیزل کی قیمتیں روزانہ بڑھ رہی ہیں اور وزرا کہتے ہیں کہ اس پر ان کا اختیار نہیں ہے، یہ عالمی مارکیٹ کے اثرات ہیں۔ لیکن ان کی یہ دلیلیں پوری جھوٹی ہیں۔

تصویر قومی آواز
تصویر قومی آواز
user

ڈاکٹر مہتاب امروہوی

امروہہ: ’’بی جے پی کی مرکزی سرکار اور تمام بی جے پی کی صوبائی سرکاروں میں عوام بری طرح پریشان ہے اور بد حال ہو گئی ہے۔ عوام ان سرکاروں سے جلد از جلد نجات پانا چاہتی ہے کیوں کہ اب صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔‘‘ ان خیالات کا اظہار آل انڈیا کانگریس پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری اور اتر پردیش کے پارٹی انچارج غلام نبی آزاد نے 17 ستمبر کی شام امروہہ اسمبلی حلقہ گڑھ مکتیشور کے شاہراہ نمبر 24 پر امروہہ ضلع کے کانگریسی کارکنان سےملاقات کرتے ہوئے کیا۔

مسٹر آزاد مراد آباد میں منعقد کانگریسی کارکنان کانفرنس کوخطاب کرنے کے لیے بذریعہ کار مرادآباد جا رہے تھے جہاں امروہہ ضلع کانگریس پارٹی کے صدر چودھری سکھراج سنگھ کی قیادت میں سینکڑوں کانگریسی کارکنان نے ہائی وے پر پہنچ کر ان کا استقبال کیا۔ ان کے ساتھ سینئر لیڈر پرمود تیواری ایم پی اور ڈاکٹرسنجےسنگھ ایم پی بھی تھے۔ مسٹر آزاد نے کہا کہ کانگریس صوبے کےہرضلع میں کارکن کانفرنس کر رہی ہے اور جلد ہی امروہہ ضلع میں بھی یہ کانفرنس منعقد ہوگی جس میں پارٹی کی پالیسیوں اور مستقبل کے پروگراموں کے بارےمیں بتایا جائے گا۔

اس دوران غلام نبی آزاد نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی سرکاروں نے جھوٹ اور فریب کے سہارے اقتدار حاصل کیا ہے جس کا سلسلہ جاری ہے ۔ پیٹرول و ڈیزل کی قیمتیں روز بڑھ رہی ہیں اور وزرا کہتے ہیں کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں پر ان کا اختیار نہیں ہے، یہ عالمی مارکیٹ کے اثرات ہیں۔ لیکن یہ دلیلیں پوری طرح فریب اور جھوٹی ہیں کیوں کہ عالمی بازار میں آج بھی خام تیل کی قیمت بہت کم ہیں۔ مہنگائی نے غریب اور متوسط عوام کو بری طرح روند ڈالا ہے اور حد تو یہ ہے کہ ہر محکمے میں بد عنوانی آسمان پر ہے۔ انہوں نے سبھی کارکنان سے کہا کہ اب کانگریس پارٹی کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو اس عذاب اور مشکل سے نجات دلائیں۔ انہوں نے اس موقع پر سبھی کانگریسیوں سے یہ بھی کہا کہ اب لوک سبھا الیکشن کے لیے پوری طرح تیار ہو جائیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔