چین کے وزیر خارجہ پیر کے روز آئیں گے ہندوستان، قومی سلامتی مشیر اجیت ڈووال سے ہوگی ملاقات
چینی وزیر خارجہ وانگ یی 24ویں ’اسپیشل ریپریزنٹیٹیوس میٹنگ‘ میں شامل ہوں گے۔ یہ میٹنگ ہند-چین سرحد تنازعہ کو سلجھانے کے لیے دونوں ممالک کے خصوصی نمائندوں کے درمیان ہوتی ہے۔

ہندوستان اور چین کے بیچ جاری سرحدی تنازعہ کا کوئی حل نکلتا ہوا دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ اس درمیان چین کے وزیر خارجہ وانگ یی 18 اگست سے ہندوستان کے 2 روزہ دورے پر پہنچ رہے ہیں۔ امید کی جا رہی ہے کہ ان کا یہ دورہ سرحدی تنازعہ کا حل نکالنے میں کچھ مدد کرے گا۔ ہندوستانی وزارت خارجہ نے ہفتہ کے روز دی گئی جانکاری میں بتایا کہ چینی وزیر خارجہ ہندوستان کے قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوال کے ساتھ سرحدی تنازعہ پر اگلے دور کی بات چیت کریں گے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق چینی وزیر خارجہ دورۂ ہند کے دوران 24ویں ’اسپیشل ریپریزنٹیٹیوس میٹنگ‘ میں شامل ہوں گے۔ یہ میٹنگ ہند-چین سرحدی تنازعہ کا حل نکالنے کے لیے دونوں ممالک کے خصوصی نمائندوں کے درمیان ہوتی ہے۔ اجیت ڈووال اور واننگ یی اس مذاکرے کی قیادت کرتے ہیں، جس کا مقصد 3488 کلومیٹر طویل حقیقی لائن آف کنٹرول (ایل اے سی) پر جاری تنازعہ کا حل تلاش کرنا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ بار دسمبر 2024 میں ڈووال چین گئے تھے اور انھوں نے وہاں وانگ یی کے ساتھ 23ویں دور کی بات چیت کی تھی۔ یہ میٹنگ اس وقت ہوئی تھی جب وزیر اعظم نریندر مودی اور چینی صدر شی جنپنگ نے روس کے کزان شہر میں برکس اعلیٰ سطحی سمیلن کے دوران ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات میں مختلف مذاکروں کے عمل کو پھر سے شروع کرنے پر اتفاق ظاہر کیا گیا تھا۔
بہرحال، وانگ یی کا 2 روزہ ہندوستانی دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب 31 اگست سے یکم ستمبر تک چین کے تیانجن شہر میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اعلیٰ سطحی سمیلن ہونے والا ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی بھی اس میٹنگ میں شامل ہوں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔