بی جے پی کو ملا 532 کروڑ کا چندہ، دیگر پارٹیاں بہت پیچھے

اے ڈی آر کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بی جے پی کے ذریعہ اعلان کردہ چندہ کانگریس، این سی پی، سی پی آئی ایم، سی پی ایم اور ترنمول کانگریس کے مجموعہ چندہ سے بھی 9 گنا زیادہ ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بی جے پی کو سال 17-2016 میں 5 قومی پارٹیوں کے مشترکہ چندہ سے بھی 9 گنا زیادہ چندہ حاصل ہوا ہے۔ ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمس (اے ڈی آر) نے اپنی رپورٹ میں اس بات کا انکشاف کیا ہے۔ اس میں لکھا گیا ہے کہ ’’بی جے پی کارپوریٹ چندہ دینے والوں کے لیے پسندیدہ پارٹی ہے۔ ان کے ذریعہ چندہ کی شکل میں دی گئی یہ رقم کانگریس کو پہلے دی گئی رقم سے 14 گنا زیادہ ہے۔‘‘

20000 روپے سے زیادہ چندہ حاصل کرنے والی 7 قومی پارٹیوں کے ذریعہ اعلان کردہ چندہ کی کل رقم 589.38 کروڑ روپے ہے جو 2123 چندہ دہندگان (نجی اور کارپوریٹ) کے ذریعہ دیا گیا۔ بی جے پی نے 1194 چندہ دہندگان کے ذریعہ حاصل 532.27 کروڑ روپے کا اعلان کیا جب کہ کانگریس نے 599 چندہ دہندگان کے ذریعہ حاصل 41.90 کروڑ روپے کا اعلان کیا۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہی وقت میں بی جے پی کے ذریعہ اعلان چندہ کانگریس، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی، سی پی آئی، سی پی آئی ایم اور ترنمول کانگریس کے ذریعہ مجموعی طور پر اعلان کردہ چندہ سے 9 گنا زیادہ ہے۔ بہوجن سماج پارٹی نے اعلان کیا ہے کہ پارٹی کو سال 17-2016 کے دوران 20 ہزار روپے سے زیادہ کا چندہ نہیں ملا۔ رپورٹ کے مطابق ’’مالی سال 17-2016 میں کارپوریٹ سیکٹر نے 708 چندہ دہندگان کی شکل میں 563-24 کروڑ روپے کا چندہ دیا جب کہ 1354 انفرادی چندہ دہندگان نے 25.07 کروڑ روپے چندہ کی شکل میں دیے۔‘‘

کارپوریٹ گھرانوں نے بی جے پی کو 531 مرتبہ 515.43 کروڑ روپے چندہ کی شکل میں دیے جب کہ 663 انفرادی چندہ دہندگان نے 16.82 کروڑ روپے چندہ کے طور پر دیے۔ وہیں کانگریس کو کارپوریٹ گھرانوں نے 98 مرتبہ چندہ دیا جس سے اسے 36.06 کروڑ روپے حاصل ہوئے۔ اسی دوران 501 انفرادی چندہ دہندگان نے 5.84 کروڑ روپے کا چندہ دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */