’جمہوریت پر حملہ ہندوستان کے لیے سب سے بڑا خطرہ‘، راہل گاندھی نے کولمبیا میں انجینئرنگ کے طلبا کو کیا خطاب
راہل گاندھی نے ای آئی اے یونیورسٹی میں انجینئر طلبا کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ہندوستان میں جو جمہوری نظام ہے، وہ ہر طرف سے حملہ کی زد میں ہے۔

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے اپنے کولمبیا دورہ کے دوران ہندوستانی وزیر اعظم اور برسراقتدار طبقہ کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ انھوں نے کولمبیا کے ای آئی اے یونیورسٹی میں انجینئرنگ کے طلبا کو خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’جمہوریت پر حملہ ہندوستان کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے۔‘‘ ان کا کہنا ہے کہ ہندوستان میں کئی مذاہب، روایات، زبانیں ہیں اور جمہوری نظام سبھی کے لیے جگہ فراہم کرتی ہے۔ لیکن اس وقت جمہوری نظام ہر طرف سے حملہ کی زد میں ہے۔
راہل گاندھی نے اپنی تقریر کے دوران عالمی منظرنامہ میں ہندوستان اور چین کی اہمیت سے متعلق ایک سوال کا بھی بے باکانہ انداز میں جواب دیا۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستان میں 1.4 ارب لوگوں کی موجودگی ہے جن میں بے پناہ صلاحیت ہے۔ لیکن ہندوستان کا سسٹم چین سے پوری طرح مختلف ہے، کیونکہ یہاں کئی طرح کی زبانیں، ثقافتیں، روایات اور مذاہب ہیں۔ اس لیے ہندوستان کا سسٹم تھوڑا پیچیدہ ہے۔
راہل گاندھی نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ہندوستان دنیا کو بہت کچھ دے سکتا ہے، لیکن ہندوستانی ڈھانچے میں کچھ خامیاں ہیں، کچھ جوکھم ہیں، جن سے ہندوستان کو پار پانا ہوگا۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’سب سے بڑا جوکھم جمہوریت پر ہو رہا حملہ ہے۔ جمہوریت میں الگ الگ روایات، مذاہب اور نظریات کو جگہ دینے کی ضرورت ہوگی ہے، لیکن اس وقت ہندوستان میں جمہوری نظام پر زبردست حملہ ہو رہا ہے۔‘‘ انھوں نے چین کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم وہ نہیں کر سکتے جو چین کرتا ہے۔ لوگوں کو دبانا اور ایک تاناشاہی نظام چلانا ہندوستان کا ڈھانچہ قبول نہیں کرے گا۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’ہندوستان کو دیکھا جائے تو وہ چین کا پڑوسی اور امریکہ کا بڑا شراکت دار ہے۔ ہم ٹھیک اس جگہ پر بیٹھے ہیں جہاں دونوں طاقتیں آپس میں ٹکرا رہی ہیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔