پاکستان کے خلاف کارروائی کے بعد ملک میں جشن کا ماحول، سیاسی پارٹیاں متحد 

ہندوستان میں عوام فضائیہ کی ’کارروائی کو شاندار اور کامیاب‘ قرار دیتے ہوئے جشن منا رہے ہیں۔ دوسری جانب ہندوستان کی تمام سیاسی جماعتوں نے بھی اس عمل کی حمایت کی ہے۔

پاکستان میں کارروائی پر بھارت میں جشن کا ماحول
پاکستان میں کارروائی پر بھارت میں جشن کا ماحول
user

ڈی. ڈبلیو

ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی نے خود صدر رام ناتھ کووند سے مل کر اس کارروائی کی اطلاع دی۔ انہوں نے بعد میں راجستھان میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ’’پورے ملک میں آج خوشی کا ماحول ہے۔ میں ملک کو بھروسہ دلانا چاہتا ہوں کہ ہندوستان محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ ہم نہ جھکیں گے، نہ رکیں گے، ہم آگے بڑھتے رہیں گے۔‘‘
پاکستان پر ’ہندوستانی فضائیہ کے حملے‘ کے بعد ہندوستانی خارجہ سکریٹری وجے گوکھلے نے ہنگامی طورپر طلب کردہ پریس بریفنگ میں بتایا کہ ’’یہ حملہ کوئی فوجی کارروائی نہیں تھی بلکہ احتیاطی قدم تھا، جس کا مقصد دہشت گردی کے اڈوں کو نشانہ بنانا تھا اور اس کارروائی میں اس بات کا خاص خیال رکھا گیا کہ عام شہریوں کو کوئی نقصان نہ ہو۔‘‘ ا نہوں نے مبینہ حملے کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا، ’’ہندوستانی فضائیہ کے حملے میں جیش محمد کا بالاکوٹ میں واقع ٹریننگ کیمپ پوری طرح تباہ ہو گیا اور اس میں دہشت گرد تنظیم کے کئی سینئر کمانڈر اور کارکن بھی مارے گئے۔‘‘
خارجہ سکریٹری نے پلوامہ میں ہوئے حملے کا بھی میڈیا بریفنگ میں تذکرہ کیا اور کہا کہ جیش محمد نے اس کی ذمہ داری لی تھی اور ایسی خبریں موصول ہو رہی تھیں کہ وہ مزید بڑے حملے کی تیاری کر رہے ہیں۔
ہندوستانی خارجہ سکریٹری نے کہا، ’’ہم امید کرتے ہیں کہ پاکستان 2004ء کے اپنے اس وعدے پر عمل کرے گا کہ وہ ہندوستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائی کے لئے اپنی سرزمین کو استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ ہندوستان کو توقع ہے کہ پاکستان جیش محمد سمیت تمام دہشت گرد تنظیموں کے کیمپوں کو تباہ کر دے گا۔‘‘
کل شام ہندوستانی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کل جماعتی میٹنگ طلب کی، جس میں انہوں نے پاکستان میں کی گئی کارروائی کی اطلاع دی۔ انہوں نے بعد میں میڈیا کو بتایا، ’’مجھے خوشی ہے کہ کل جماعتی میٹنگ میں تمام جماعتوں نے ایک آواز ہوکر ہندوستانی فضائیہ کو مبارک باد دی اور مودی حکومت کے ذریعے کسی بھی دہشت گردی مخالف کارروائی کے لئے مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ حزب اقتدار اور اپوزیشن نے کسی تفریق کے بغیر اتحاد کا مظاہرہ کیا۔‘‘
اس دوران ہندوستانی وزارت خارجہ نے دہلی میں متعین غیر ملکی سفیروں کو بلا کر اس تازہ ترین پیش رفت کے اطلاع دی۔ ان میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچوں مستقل رکن ممالک کے سفیر بھی شامل تھے۔
پاکستان کے خلاف اس کارروائی کے بعد قومی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف حصوں میں جشن کا ماحول ہے۔ لوگ سڑکوں پر ہندوستانی پرچم لے کر نکل آئے۔ انہوں نے بھارت ماتا زندہ باد کے نعرے لگائے، آتش بازی کی اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔ بالی ووڈ کے متعدد اداکاروں نے بھی پاکستان کے خلاف کارروائی کی تعریف کرتے ہوئے ہندوستانی فضائیہ اور نریندر مودی حکومت کو مبارک باد دی ہے۔ تاہم عام شہریوں نے بات چیت کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ جوہری ہتھیار رکھنے والے دونوں ممالک کے درمیان جنگ کی نوبت نہیں آئے گی۔
دریں اثناء پاکستان کی طرف سے کسی ممکنہ جوابی کارروائی کے خدشے کے پیش نظر ہندوستانی فضائیہ نے بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول کے پاس اپنے سبھی ایئر ڈیفنس سسٹمز کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔