اے آئی اور بے قابو آٹومیشن سے ملازمت کو شدید خطرہ، پوپ لیو کا انتباہ!
پوپ لیو نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’ٹیکنالوجی کو اخلاقیات کے دائرے میں رہنا چاہیے اور کاروبار کی کامیابی کو صرف مالی فائدے سے نہیں پرکھا جانا چاہیے۔‘‘

مصنوعی ذہانت یعنی اے آئی لوگوں کے کام کرنے کا طریقہ بدل رہی ہے۔ اس کے ساتھ یہ سوال پھر سامنے آیا ہے کہ جب مشینیں انسانوں کے زیادہ کام کرنے لگیں گی تب ملازمین کا کیا ہوگا؟ پوپ لیو چودہویں نے خبردار کیا ہے کہ اے آئی اور بے قابو آٹومیشن ملازمتوں، انسانی وقار اور کام کاج کے مستقبل کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔ پوپ کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ صرف منافع کمانے والی کمپنیوں یا زیادہ طاقتور اے آئی سسٹم بنانے والی ٹیکنالوجی کمپنیوں پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’ٹیکنالوجی کو اخلاقیات کے دائرے میں رہنا چاہیے اور کاروبار کی کامیابی کو صرف مالی فائدے سے نہیں پرکھا جانا چاہیے۔‘‘ ان کے مطابق ٹیکنالوجی کو لوگوں کی مدد کرنی چاہیے انہیں کنارے نہیں کرنا چاہیے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’مصنوعی ذہانت اور ضابطوں کے بغیر آٹومیشن سے پیدا ہونے والے چیلنجز بے شمار ملازمتوں کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں اور انسان کی حقیقی اور مکمل کامیابی کے لیے سنگین خطرہ بن سکتے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’ٹیکنالوجی ہمیشہ اخلاقیات کے تابع ہونی چاہیے۔ کوئی ایلگوردم انسانی سمجھ یا کسی ملازم کی اہمیت کی جگہ نہیں لے سکتا۔‘‘ پوپ لیو نے ان تاجروں کو بھی ہدف تنقید بنایا جو مالی فائدے کو کامیابی کا واحد پیمانہ مانتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’جب مالی منافع کو کامیابی کا واحد پیمانہ بنا دیا جاتا ہے تب کاروبار انسانی اقدار سے دور ہو جاتا ہے اور ایسے گناہ آلود نظام میں تبدیل ہو جاتا ہے جو لوگوں کو باہر کر دیتا ہے۔‘‘
پوپ لیو نے کاروباری رہنماؤں سے اس مالی منافع کی سوچ پر دوبارہ غور کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کا مقصد صرف مالی فائدہ حاصل کرنا نہیں ہونا چاہیے بلکہ اس کے ذریعہ ملازمین اور ماحولیات کا تحفظ بھی یقینی بنایا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق کسی کاروبار کی کامیابی کا اصل پیمانہ یہ ہونا چاہیے کہ وہ سب کی بھلائی کے لیے کتنا معاون ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اگر کسی کام کی قیمت کمزور طبقوں یا آنے والی نسلوں کو چکانی پڑے تو اسے ترقی نہیں کہا جا سکتا۔
قابل ذکر ہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہے جب پوپ لیو نے اے آئی کو لے کر اپنے خدشے کا اظہار کیا۔ وہ پہلے بھی انسانی وقار، تخلیقی صلاحیتوں اور ملازمتوں پر اے آئی کے اثرات کے حوالے سے تشویش ظاہر کر چکے ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے فنکاروں، چرچ اور ثقافتی اداروں سے اے آئی کے ذریعے تیار کردہ مواد کے اثرات سے انسانیت کو محفوظ رکھنے کے لیے مل کر کام کرنے کی اپیل کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ مشینوں میں وہ انسانی تجربہ اور ارادہ موجود نہیں ہوتا جو حقیقی فنکارانہ اظہار کے پیچھے موجود رہتا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
