آسٹریلیا پر ہندوستان کی فتح کے بعد راہل گاندھی اور کرن رجیجو سمیت کئی سیاسی لیڈران نے بھی دی مبارکباد

راہل گاندھی نے روہت شرما کی قائدانہ صلاحیت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’’روہت نے شاندار طریقے سے قیادت کی اور وراٹ کوہلی نے اپنے مزاج کے مطابق کھیل دکھایا۔ پورے ملک کو اس کامیابی پر فخر ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

روہت شرما کی قیادت والی ہندوستانی ٹیم نے آج ’چمپئنز ٹرافی 2025‘ کے سیمی فائنل میچ میں آسٹریلیا کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ہندوستانی ٹیم کی اس فتح کے بعد کرکٹ سے جڑے ماہرین کی مبارکبادیوں کا سلسلہ تو شروع ہوا ہی ہے، کئی سیاسی لیڈران نے بھی روہت بریگیڈ کو مبارکباد پیش کی ہے۔ سیمی فائنل میں ملی یہ جیت ہندوستانی ٹیم کے لیے بہت اہم اس لیے ہے، کیونکہ یہی آسٹریلیا ہے جس نے نومبر 2023 میں یک روزہ عالمی کپ کے فائنل مقابلے میں ہندوستان کو شکست دے کر کروڑوں ہندوستانیوں کا دل توڑ دیا تھا۔ آج جب ہندوستانی ٹیم نے اس شکست کا بدلہ لے لیا ہے، تو پورا ملک جشن میں ڈوبا نظر آ رہا ہے۔ آتش بازیاں ہو رہی ہیں اور ساتھ ہی چمپئنز ٹرافی کے فائنل میں جیت کی دعائیں بھی شروع ہو گئی ہیں۔

ہندوستان کی جیت کے فوراً بعد ملک کی اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس نے ٹیم کو فائنل میں پہنچنے کی مبارکباد پیش کی۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کیے گئے ایک پوسٹ میں کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’ہندوستانی کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کو شکست دے کر چمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچ گئی ہے۔س بھی کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگی سے ہندوستانی ٹیم نے یہ ’وراٹ‘ (بڑی) جیت حاصل کی ہے۔‘‘ مبارکبادی کے اس پیغام میں ’وراٹ‘ لفظ کا استعمال کر کانگریس نے وراٹ کوہلی کی 84 رنوں کی شاندار اننگ کی تعریف کی ہے۔


کانگریس نے اپنے پوسٹ میں چمپئنز ٹرافی فائنل کے لیے نیک خواہشات بھی پیش کی ہے۔ اس نے لکھا ہے کہ ’’(سیمی فائنل میں) اس شاندار کارکردگی کے لیے سبھی کھلاڑیوں کو مبارکباد اور فائنل کے لیے ٹیم کو نیک خواہشات۔‘‘ لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے بھی ہندوستان کی اس تاریخی جیت کو قابل فخر قرار دیا ہے۔ انھوں نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر لکھا ہے کہ ’’ہندوستانی ٹیم کی ایک اور شاندار فتح۔ یہ مہارت، عزم اور ٹیم ورک کی ایک حقیقی مثال ہے۔‘‘ روہت شرما کی قائدانہ صلاحیت کا تذکرہ کرتے ہوئے وہ لکھتے ہیں کہ ’’یہ روہت شرما کی شاندار قیادت اور وراٹ کوہلی کا اپنے مزاج کے مطابق نمایاں انداز میں کھیلنے کا نتیجہ ہے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے ہندوستانی ٹیم کے کھلاڑیوں سے چمپئنز ٹرافی گھر لانے کی اپیل بھی کی ہے، اور لکھا ہے کہ ’’عظمت سے بس ایک قدم دور۔‘‘

آسٹریلیا پر ہندوستان کی فتح کے بعد راہل گاندھی اور کرن رجیجو سمیت کئی سیاسی لیڈران نے بھی دی مبارکباد

مرکزی وزیر اور بی جے پی کے سینئر لیڈر کرن رجیجیو نے روہت شرما کو ان کی ایک خاص کامیابی کے لیے مبارکباد پیش کی ہے۔ انھوں نے ’ایکس‘ پر کیے گئے اپنے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’روہت شرما پر فخر ہے جو تمام 4 بڑے آئی سی سی مینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں اپنی ٹیم کی قیادت کرنے والے پہلے کپتان بن گئے ہیں۔‘‘ دراصل روہت شرما پہلے کپتان ہیں جنھوں نے ٹی-20 عالمی کپ، یک روزہ عالمی کپ، ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ اور چمپئنز ٹرافی کے فائنل میں اپنی ٹیم کو پہنچایا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔