گریٹر نوئیڈا: مسلمانوں کو چن چن کر گولی مارنے والا ’دادری کا غنڈہ‘ گرفتار

ایک مہینے میں 5 مسلمانوں کو راہ چلتے گولی کا نشانہ بنانے والے دونوں بدمعاشوں ابھشیک اور منیش کو پولس نے گرفتار کر لیا ہے۔ پولس کی اس کامیابی سے دادری کے مقامی مسلمانوں نے سکون کا سانس لیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

گریٹر نوئیڈا کے دادری میں گزشتہ ایک مہینے کے دوران پانچ مسلمانوں کو گولی کا نشانہ بنایا گیا۔ یہ حرکت بائک پر سوار دو لوگ کر رہے تھے جس کی وجہ سے دادری کے مسلمانوں میں دہشت کا ماحول تھا۔ لوگ اس بات سے حیران تھے کہ بائک پر سوار دو بدمعاش سڑک پر مسلمانوں کو بلاوجہ گولی مار کر فرار ہو جاتے ہیں اور یہ سب کچھ اتنی جلدی ہوتا ہے کہ کوئی کچھ سمجھ بھی نہیں پاتا۔ لیکن پولس نے اس معمہ کو حل کرتے ہوئے دونوں بدمعاش کو گرفتار کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مسلمانوں کو گولی کا نشانہ بنانے والے دادری کے ان غنڈوں میں سے ایک کا نام ابھشیک اور دوسرے کا منیش ہے۔ پولس نے ان کے پاس سے دو پستول بھی برآمد کی ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ایک مہینے میں مسلم افراد کو گولی مارنے کے کل چار واردات داردی میں پیش آئے تھے اور سبھی افراد کو سڑک پر ہی گولی کا نشانہ بنایاگیا تھا۔ ان میں سے 3 لوگوں کو سڑک پار کرتے ہوئے گولی ماری گئی تھی جب کہ چوتھے اور آخری واردات میں ایک موٹر سائیکل پر سوار دو مسلمانوں کو گولی ماری گئی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ بدمعاش موٹر سائیکل پر سوار آتے تھے اور پیچھے بیٹھا شخص گولی مارتا تھا۔ گزشتہ 9 اگست کو پیش آئے چوتھے واردات میں دو دوست سلمان اور افسر موٹر سائیکل پر سوار ہو کر کہیں جا رہے تھے کہ اچانک دو بدمعاش موٹر سائیکل پر سوار ان کے پیچھے لگ گئے۔ ان بدمعاشوں پر سلمان اور افسر نے کوئی دھیان نہیں دیا لیکن کچھ ہی دیر میں دوسری موٹر سائیکل پر پیچھے سوار نوجوان نے پستول نکال کر سلمان اور افسر کو گولی مار کر زخمی کر دیا۔ ان دونوں کو مقامی لوگوں نے فوراً اسپتال پہنچایا تھا۔

اس سے قبل کے تین واقعات میں فیاض، فیضان اور شوقین نامی لوگوں کو گولی کا نشانہ بنایا گیا تھا اور ان سبھی کی خوش قسمتی تھی کہ گولی لگنے کے باوجود وہ زندہ بچ گئے۔ ایک مہینے میں ایک ہی طرح کے چار واقعہ میں پانچ مسلم نوجوانوں کے زخمی ہونے اور کسی کی گرفتاری نہ ہونے سے مقامی مسلم طبقہ میں کافی دہشت اور ناراضگی دیکھنے کو مل رہی تھی، لیکن اب جب کہ پولس نے دونوں بدمعاش کو گرفتار کر لیا ہے تو لوگوں کے لیے یہ نہایت سکون والی بات ہے۔ دراصل سلمان اور افسر پر حملہ کے بعد پولس نے اس پورے معاملے کو سنجیدگی سے لیا اور فوراً سی سی ٹی ویکیمرہ کے فوٹیج کو کھنگالنا شروع کر دیا۔ فوری طور پر اس سے کچھ فائدہ نہیں پہنچا لیکن بالآخر دونوں بدمعاش ابھشیک اور منیش پکڑ میں آ ہی گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔