سانبہ سے ’ٹی آر ایف‘ کا ایک ملی ٹینٹ ظہور احمد راتھر گرفتار، پولیس کا دعویٰ

پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے کہا کہ ضلع اننت ناگ کی ایک پولیس ٹیم نے ضلع سانبہ میں چھپے ٹی آر ایف کے ملی ٹنٹ کو گرفتار کیا ہے۔

علامتی، تصویر آئی اے این ایس
علامتی، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

جموں: جموں و کشمیر پولیس نے ضلع سانبہ سے دی رزسٹنس فورس (ٹی آر ایف) نامی ملی ٹنٹ تنظیم سے وابستہ ایک اعلیٰ ملی ٹنٹ کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس ذرائع نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی ایک ٹیم نے جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب ضلع سانبہ کے باری برہمنہ علاقے میں چھپے ٹی آر ایف نامی ملی ٹنٹ تنظیم سے وابستہ ایک ملی ٹنٹ کو گرفتار کیا ہے۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ گرفتار شدہ ملی ٹنٹ جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں سال گزشتہ بی جے پی کے تین کارکنوں اور ایک پولیس اہلکار کی ہلاکت میں ملوث تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹی آر ایف ملی ٹنٹ تنظیم لشکر طیبہ کی ایک ذیلی تنظیم ہے۔ گرفتار شدہ ملی ٹنٹ کی شناخت ظہور احمد راتھر عرف ساحل کے بطور کی گئی ہے۔


دریں اثنا کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے بھی ٹی آر ایف کے ملی ٹنٹ کی ضلع سانبہ میں گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع اننت ناگ کی ایک پولیس ٹیم نے ضلع سانبہ میں چھپے ٹی آر ایف کے ملی ٹنٹ کو گرفتار کیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ گرفتار شدہ ملی ٹنٹ کو تفتیش کے لئے سری نگر لایا جا رہا ہے۔

بتادیں کہ جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے وائی کے پورہ علاقے میں سال گزشتہ کے 29 اکتوبر کو اسلحہ برداروں نے بی جے پی کے تین کارکنوں فدا حسین یتو، عمر رشید بیگ اور عمر رمضان حجام کو ہلاک کر دیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔