یوتھ کانگریس اب ’بوتھ مینجمنٹ‘ پر توجہ دے گی، لوگوں تک ’بھارت جوڑو یاترا‘ کا پیغام پہنچانے کا عزم

یوتھ کانگریس صدر شرینواس نے کہا کہ غور و خوض کے بعد یوتھ کانگریس نے بھارت جوڑو یاترا کے پیغام کو عوام تک لے جانے کا عزم کیا ہے اور ساتھ ہی ہم ملک کے آخری بوتھ تک نوجوانوں سے جڑیں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان کی کئی ریاستوں میں 2023 کے اسمبلی انتخابات کے مدنظر کانگریس نے اپنی بوتھ وِنگ کو سرگرم کرنے کا کام شروع کر دیا ہے۔ پارٹی ’یوتھ جوڑو، بوتھ جوڑو‘ جیسے پروگراموں سے بوتھ سطح پر عوام سے جڑنے اور بھارت جوڑو یاترا کے پیغام کو سرگرم انداز میں لوگوں تک لے جانے کی کوشش کرے گی۔

اسی سوچ کے تحت کانگریس کی یوتھ وِنگ یعنی یوتھ کانگریس کی تین روزہ قومی مجلس عاملہ کی میٹنگ میں ’یوتھ جوڑو، بوتھ جوڑو‘، ’یوتھ کنیکٹ پروگرام‘، ’ایک بوتھ، پانچ یوتھ‘ جیسے اہم پروگراموں پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس میٹنگ میں آئندہ اسمبلی انتخابات کو لے کر ایک انتخابی مینجمنٹ پروگرام پر بھی بات چیت کی گئی۔


تین روزہ میٹنگ کے دوران ملک کی خستہ حال معیشت، بڑھتی مہنگائی اور بے روزگاری، نفرت و تشدد سمیت دیگر اہم ایشوز پر تبادلہ خیال کرنے کے ساتھ ساتھ مستقبل کی اسٹریٹجی پر بھی بات ہوئی۔ میٹنگ میں کئی قرارداد پاس کیے گئے جن میں ’بھارت جوڑو یاترا‘ کے پیغام کو ملک کے گوشے گوشے تک پہنچانے کا مشن سب سے اہم تھا۔ اس قرارداد کو سبھی اراکین نے اتفاق رائے سے پاس کر دیا۔

انڈین یوتھ کانگریس کے قومی صدر شرینواس بی وی نے اس تعلق سے کہا کہ ’’غور و خوض کے بعد یوتھ کانگریس نے بھارت جوڑو یاترا کے پیغام کو عوام تک لے جانے عزم کیا ہے اور ساتھ ہی ہم ملک کے آخری بوتھ تک نوجوانوں سے جڑیں گے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ بی جے پی اور مرکزی ھکومت راہل گاندھی کی قیادت میں جاری بھارت جوڑو یاترا کی مقبولیت سے ڈر گئی ہے اور اس لیے مرکزی وزیر صحت کووڈ پروٹوکول کے بہانے خط لکھ رہے ہیں، لیکن یہ یاترا نہیں رکے گی۔ ملک کے لوگوں نے نفرت کے خلاف متحد ہو کر محبت کی راہ پر چلنے کا فیصلہ کیا ہے۔


انڈین یوتھ کانگریس کے قومی انچارج اور اے آئی سی سی کے جوائنٹ سکریٹری کرشنا الاورو نے اس موقع پر کہا کہ تنوع میں اتحاد ہندوستان کی شناخت ہے۔ اسی شناخت کو بنائے رکھنے کے لیے راہل گاندھی جی نے بھارت جوڑو یاترا شروع کی ہے۔ قومی مجلس عاملہ کی میٹنگ میں یوتھ کانگریس نے مختلف ذرائع سے اس یاترا کے پیغام کو پورے ملک میں پھیلانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔