گیہوں کی قیمت میں لگاتار اضافہ کی وجہ آئی سامنے، پابندی کے باوجود بیرون ممالک بھیجا گیا 1.5 ارب ڈالر کا گیہوں

مرکزی حکومت نے پارلیمنٹ کو جانکاری دی کہ مالی سال 23-2022 کے اپریل سے اکتوبر ماہ کے درمیان ہندوستان نے 46.56 لاکھ ٹن گیہوں کی برآمدگی کی جس کا ویلیو 1.5 ارب ڈالر، یعنی 12400 کروڑ روپے ہے۔

گیہوں، فائل تصویر آئی اے این ایس
گیہوں، فائل تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان میں گیہوں کی قیمت لگاتار بڑھ رہی ہے۔ روس اور یوکرین جنگ کے بعد گھریلو بازار میں گیہوں کی قیمتیں نہ بڑھیں، اس کے لیے مرکزی حکومت نے گیہوں کے ایکسپورٹ (برآمدگی) پر رواں سال مئی میں پابندی لگا دی تھی۔ اس کے باوجود ملک میں گیہوں اور آٹے کی قیمت بڑھ رہی ہے۔ اب اس کی ایک بڑی وجہ سامنے آ گئی ہے۔ دراصل پابندی کے باوجود کثیر مقدار میں گیہوں بیرون ممالک برآمد کیے گئے ہیں جس سے ملک میں گیہوں کا اسٹاک کم ہو گیا ہے۔

دراصل مرکزی حکومت نے حال ہی میں پارلیمنٹ کو یہ جانکاری دی ہے کہ مالی سال 23-2022 کے اپریل سے اکتوبر ماہ کے درمیان ہندوستان نے 46.56 لاکھ ٹن گیہوں کی برآمدگی کی ہے جس کا ویلیو 1.5 ارب ڈالر، یعنی 12400 کروڑ روپے ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ گیہوں کی برآمدگی پر پابندی لگا دی گئی تھی لیکن کئی ممالک کی فوڈ سیکورٹی کو دیکھتے ہوئے ان کی گزارش کے بعد حکومت نے یہ گیہوں برآمد کیا تھا۔


قابل ذکر ہے کہ گھریلو بازار میں مئی 2022 کے بعد سے گیہوں کی قیمتوں میں 25 سے 30 فیصد کا اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ گیہوں کی قیمت بڑھنے سے آٹے کی قیمت میں بھی اضافہ لازمی ہے جس سے عام لوگوں پر بوجھ کافی بڑھ گیا ہے۔ صارفین امور کی وزارت کے ذریعہ پیش کردہ اعداد و شمار کے مطابق بھی گیہوں و آٹا کی قیمت میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ 26 دسمبر کو گیہوں کی اوسط قیمت 31.99 روپے کلو رہی، جبکہ زیادہ سے زیادہ قیمت 48 روپے فی کلو اور کم از کم قیمت 19 روپے فی کلو کے ساتھ ساتھ موڈل پرائس 28 روپے کلو رہی۔ اسی طرح آٹا کی اوسط قیمت 36.87 روپے کلو، زیادہ سے زیادہ قیمت 66 روپے کلو، کم از کم قیمت 23 روپے کلو، اور موڈل پرائس 35 روپے کلو رہی۔

واضح رہے کہ حال ہی میں یہ جانکاری سامنے آئی تھی کہ دسمبر 2021 کو حکومت کے گوداموں میں 37.85 ملین ٹن گیہوں کا اسٹاک تھا جو گھٹ کر اب 19 ملین ٹن پر آ چکا ہے۔ توجہ طلب بات یہ ہے کہ گیہوں کی نئی فصل بازار میں آنے میں ابھی چار ماہ کا وقت درکار ہے۔ یعنی جب تک بازار میں گیہوں کی نئی پیداوار نہیں آتی تب تک قیمتوں میں نرمی کی امید بے کار ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔