پاکستانی کشتی سے اسلحہ سمیت 300 کروڑ روپے کا ڈرگس برآمد، کوسٹ گارڈ اور گجرات اے ٹی ایس کی مشترکہ کارروائی

آئی سی جی نے بتایا کہ ایک خفیہ جانکاری گجرات اے ٹی ایس کی طرف سے ملی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ پاکستانی کشتی ہندوستانی سرحد میں داخل ہو رہی ہے، اس کے بعد 25 دسمبر کی دیر شب آپریشن چلایا گیا۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آوازبیورو

گجرات اے ٹی ایس نے انڈین کوسٹ گارڈ یعنی ساحلی محافظ کے ساتھ ایک مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے پاکستان کی ایک ایسی کشتی کو پکڑا ہے جس میں کثیر تعداد میں اسلحے، گولہ و بارود اور ڈرگس موجود تھے۔ ایک خفیہ جانکاری کو بنیاد بنا کر کی گئی اس کارروائی کے دوران جو پاکستانی کشتی پکڑی گئی ہے اس میں 10 پاکستانی شہری سوار ملے ہیں۔ آئی سی جی (انڈین کوسٹل گارڈ) کو اس ناؤ سے اسلحہ اور گولہ بارود کے ساتھ ساتھ 40 کلو ڈرگس ملا ہے۔ اس ڈرگس کی قیمت تقریباً 300 کروڑ روپے اندازہ کی جا رہی ہے۔

آئی سی جی نے اس کارروائی کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ آپریشن 25 اور 26 دسمبر کو چلایا گیا تھا۔ ایک خفیہ جانکاری گجرات اے ٹی ایس کی طرف سے ملی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ پاکستانی کشتی ہندوستانی سرحد میں داخل ہو رہی ہے۔ اس کے بعد 25 دسمبر کی دیر شب آپریشن چلایا گیا جس میں آئی سی جی نے اپنے جہاز ارنجے کو پاکستان سے ملحق سرحدی لائن پر تعینات کر دیا تھا۔ اس کے بعد ٹیم نے ایک مچھلی پکڑنے والی پاکستانی کشتی کو روکا جس کا نام السہیلی تھا۔ اس میں جب تلاشی لی گئی تو اس سے اسلحے، گولہ و بارود اور نشیلی اشیاء برآمد ہوئی۔ آئی سی جی کا کہنا ہے کہ فی الحال کشتی میں سوار سبھی لوگوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور آگے کی جانچ و پوچھ تاچھ کے لیے انھیں اوکھا لے جایا جا رہا ہے۔


قابل ذکر ہے کہ گزشتہ 18 ماہ میں ہندوستانی ساحلی محافظ اور اے ٹی ایس گجرات کے ذریعہ یہ ساتویں مشترکہ کارروائی ہے اور ایسی پہلی مہم ہے جس میں مبینہ طور پر ڈرگس کے ساتھ اسلحے و گولہ بارود کی اسمگلنگ کا پردہ فاش ہوا ہے۔ اس مدت کے دوران 44 پاکستانی اور 7 ایرانی ڈرائیور ٹیم کی گرفتاری کے ساتھ 1930 کروڑ روپے قیمت کی مجموعی طور پر 346 کلوگرام ہیروئن پہلے ہی ضبط کی جا چکی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔