بی ٹی سی امیدواروں پر پولس لاٹھی چارج سے یوگی حکومت بے نقاب: کانگریس

بی ٹی سی امیدواروں پر لاٹھی چارج کی مذمت کرتے ہو ئے کانگریس نے سنیچر کو کہا کہ یہ اترپردیش کی یوگی حکومت کی نوجوان اور بے روزگار مخالف پالیسیوں کا جیتا جاگتا ثبوت ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

لکھنؤ: بی ٹی سی امیدواروں پر لاٹھی چارج کی مذمت کرتے ہو ئے کانگریس نے سنیچر کو کہا کہ یہ اترپردیش کی یوگی حکومت کی نوجوان اور بے روزگار مخالف پالیسیوں کا جیتا جاگتا ثبوت ہے۔

ریاستی کانگریس کے ترجمان ذیشان حیدر نے جاری بیان میں کہا کہ جس بے رحمی کے ساتھ پولیس نے خواتین اور مرد امیدواروں کے سر پا لاٹھیاں چلائی ہیں اور امیدواروں کے سر میں کافی چوٹیں آئیں ہیں ،کانگریس پارٹی اس کی سخت لفظوں میں مذمت کرتی ہے۔ اور لاٹھی چارج کے قصورواروں کے خلاف فورا کاروائی کا مطالبہ کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی لگاتار سابقہ حکومتوں پر ملازمتوں میں دھاندھلی کے الزامات عاید کرتی رہی ہے اور کہتی تھی کہ ساری تقرریوں میں بدعنوانی کی وجہ سے عدلیہ کو اس میں دخل دینا پڑتا تھا۔ اور آج بی جے پی کے ڈیڑھ سال کے اقتدار میں ایک طرف جہاں نوجوانوں کو روزگار نہیں مل رہا ہے تو وہیں سکچھا متروں کی تقریبا 12 ہزار بھرتیوں کی ختم کر دیا گیا ہے۔ اتنا ہی نہیں آج تک کوئی بھی بھرتی یوگی حکومت تکمیل نہیں کر پائی ہے۔

حیدر نے کہا کہ ریاست کا نوجوان بہت ہی بیدار ہے اور اب وہ بی جے پی کے وعدوں کے جھانسے میں نہیں آنے والا ہے اگر نوجوانوں نے بی جے پی کواقتدار پر فائز کیا ہے تو وہ اقتدار سے بے دخل کرنا بھی جانتے ہیں۔

قبل ازیں کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے بھی ٹوئٹ کر کے لکھوں میں بی ٹی سی امیدواروں پر لاٹھی چارج کی مذمت کی تھی۔ کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے ٹوئٹ میں کہا، ’’وعدہ تھا 2 کروڑ روزگار کا مگر اتر پردیش میں 68500 اسسٹنٹ ٹیچروں کی بھرتی کرائے جانے کی مانگ کر رہے نوجوانوں کے ساتھ یوگی حکومت کا برتاؤ دیکھیں۔ جو بچوں کا مستقبل بناتے ہیں ان کے مستقبل پر ایسی مار؟ کانگریس اتر پردی کے بی تی سی امیدوروں کے ساتھ ہے۔ نوجوان اس کا جلد جواب دیں گے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔