یوگی کابینہ میں توسیع، بی جے پی سے دو اور جینت اور راجبھر کی جماعت سے ایک ایک وزیر کی حلف برداری

یوپی حکومت کی کابینہ میں توسیع کے تحت چار وزراء کو حلف دلوایا گیا ہے، ان میں سے دو بھارتیہ جنتا پارٹی سے، ایک سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی اور ایک راشٹریہ لوک دل سے تعلق رکھتے ہیں

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: اترپردیش میں یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت والی حکومت کے دوسرے دور میں پہلی بار کابینہ میں توسیع ہوئی ہے۔ تمام وزراء کو راج بھون میں حلف دلایا گیا۔ ان میں سے دو وزیر بی جے پی، ایک سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی اور ایک راشٹریہ لوک دل سے ہیں۔ حلف لینے والے نئے وزراء میں بی جے پی کے دارا سنگھ چوہان اور سنیل شرما شامل ہیں۔ سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے قومی صدر اوم پرکاش راجبھر اور راشٹریہ لوک دل کے انیل کمار نے بھی حلف لیا۔

سماج وادی پارٹی چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے والے دارا سنگھ چوہان کو کابینہ میں جگہ دی گئی ہے۔ دارا سنگھ چوہان ضمنی انتخاب میں کوئی کمال نہیں دکھا سکے، تاہم لونیا برادری میں ان کا اچھا اثر ہے اور گھوسی لوک سبھا سیٹ پر اس برادری کا کافی اثر و رسوخ ہے۔


چوہان نے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز بی ایس پی سے کیا اور اپنے علاقہ میں وہ کافی مقبول ہیں۔ دارا سنگھ نے 2015 میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ انہوں نے 2022 میں بی جے پی سے استعفیٰ دے دیا اور ایس پی میں شامل ہو گئے۔ تاہم لوک سبھا انتخابات سے پہلے دارا سنگھ ایک بار پھر بی جے پی میں واپس آ گئے ہیں۔

انیل کمار کو آر ایل ڈی کوٹے سے وزیر بنایا گیا ہے۔ انیل کمار مظفر نگر کی پورقاضی ریزرو سیٹ سے رکن اسمبلی ہیں۔ وہ تیسری بار آر ایل ڈی سے ایم ایل اے منتخب ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق آر ایل ڈی نے دلتوں کو مائل کرنے کے لیے انل کو وزیر بننے کا موقع دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔