دہلی میں دسمبر کا سرد ترین دن ریکارڈ، 27 پروازیں منسوخ، کئی تاخیر کا شکار
دہلی کے لیے 19 دسمبر کو یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ صبح کے وقت گھنی دھند کا امکان ہے۔دہلی میں ستائیس پروازیں منسوخ ہو گئی ہیں۔

کل یعنی 18 دسمبر کو دہلی نے اس سیزن میں دسمبر کا اب تک کا سب سے سرد دن ریکارڈ کیا ہے۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات کے مطابق، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 20.1 ڈگری سیلسیس تھا، جو معمول سے 2.1 ڈگری کم ہے۔ آئی ایم ڈی کے اعداد و شمار کے مطابق، اس سیزن کا دوسرادن جس کو دسبر کا سرد ترین کہا جا سکتا ہے 4 دسمبر کو رہا جس میں درجہ حرارت 23.7 ڈگری سیلسیس تھا۔
اس کے مقابلے میں گزشتہ سال دسمبر میں سب سے کم درجہ حرارت 14.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا۔ آئی ایم ڈی کے اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ برسوں میں دسمبر میں سب سے کم درجہ حرارت 31 دسمبر 2023 کو 15.9 ڈگری سیلسیس، 26 دسمبر 2022 کو 15.6 ڈگری سیلسیس اور 26 دسمبر 2021 کو 18 ڈگری سیلسیس تھا۔ اس دوران، کم سے کم درجہ حرارت معمول سے 9 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ، ریکارڈ نو ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
محکمہ موسمیات نے جمعہ کے لیے شہر کے لیے یلو الرٹ جاری کیا ہے، جس میں صبح کے وقت گھنے دھند کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 22 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت نو ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہنے کا امکان ہے۔ موسم کی پیشن گوئی کے مطابق صبح کے وقت آسمان جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، کئی مقامات پر درمیانے درجے کی دھند اور بعض مقامات پر گھنی دھند چھائی رہے گی۔ شام اور رات کے وقت اسموگ یا ہلکی دھند پڑنے کا امکان ہے۔ دہلی کے لیے ایئر کوالٹی ارلی وارننگ سسٹم کے مطابق، سطحی ہوائیں سست رہنے کی توقع ہے۔
ایک سرکاری ذریعہ نے بتایا کہ گھنے دھند اور اس کے نتیجے میں خراب وزیبلیٹی کی وجہ سے جمعرات کو دہلی ہوائی اڈے پر مختلف ایئر لائنز کی 27 پروازیں منسوخ ہوئیں اور کئی دیگر پروازوں میں تاخیر ہوئی۔
جمعرات کو دہلی کو اسموگ کی چادر نے لپیٹے میں لے لیا، جس سے پورے شہر میں مرئیت کم ہو گئی اور فضائی آلودگی بڑھ گئی۔ 24 گھنٹے کا اوسط’ اے کیو آئی انتہائی خراب‘ زمرے میں رہا، جو ایک دن پہلے 334 سے بڑھ کر 373 ہو گیا۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ یعنی سی پی سی بی کے سمیر ایپ کے مطابق، شہر کے 40 میں سے 15 ایئر کوالٹی مانیٹرنگ سٹیشنوں نے 'شدید' ہوا کا معیار ریکارڈ کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔