ہاں میں نے ہی کہا تھا کہ لاٹھی لے کر آؤ، بغیر ڈنڈے کا کوئی جھنڈا ہوتا ہے کیا؟ راکیش ٹکیت

راکیش ٹکیت نے کہا کہ ’’ہاں ہم نے لوگوں سے لاٹھی ڈنڈے لانے کو کہا تھا۔ آپ ہمیں کوئی ایسا جھنڈا دکھا دیں جو بنا ڈنڈے کا ہو، تو میں اپنی غلطی کا اعتراف کر لوں گا۔‘‘

 راکیش ٹکیت، ترجمان بھارتیہ کسان یونین / UNI
راکیش ٹکیت، ترجمان بھارتیہ کسان یونین / UNI
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: یومِ جمہوریہ کے موقع پر دہلی کے کئی علاقوں میں پولیس اور کسانوں کی جھڑپ کے معاملہ میں بھارتیہ کسان یونین کے لیڈر راکیش ٹکیت نے صفائی دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے کسانوں سے لاٹھی لانے کو کہا تھا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے سوالیہ لہجہ میں پوچھا کہ کوئی بتائے کہ کیا بغیر ڈنڈے کا بھی کوئی جھنڈا ہوتا ہے؟ ٹکیت اپنے اس وائرل ویڈیو پر صفائی دے رہے تھے جس میں انہیں کسانوں سے لاٹھی ڈنڈے لے کر ٹریکٹر ریلی میں آنے کو کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔

اس پر راکیش ٹکیت نے خبر رساں ایجنسی اے این آٗی سے کہا، ’’ہاں ہم نے لوگوں سے لاٹھی ڈنڈے لانے کو کہا تھا۔ آپ ہمیں کوئی ایسا جھنڈا دکھا دیں جو بنا ڈنڈے کا ہو، تو میں اپنی غلطی کا اعتراف کر لوں گا۔‘‘ اس سے قبل راکیش ٹکیت نے کہا تھا کہ لال قلعہ پر مذہبی جھنڈا لہرانے ولا دیپ سدھو سکھ نہیں ہے بلکہ وہ بی جے پی کا کارکن ہے۔ ٹکیت نے کہا کہ دیپ سدھو کی وزیر اعظم کے ساتھ تصویر ہے۔


ٹکیت نے کہا کہ کسانوں کی تحریک ہے اور کسانوں کی ہی تحریک رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے پولیس کی بندشیں توڑی ہیں وہ کسان تحریک کا حصہ نہیں ہیں۔ راکیش ٹکیت نے سنیوکت کسان مورچہ کی اپیل پر یومِ جمہوریہ کے موقع پر ٹریکٹر پریڈ میں شرکت کرنے والے کسانوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے پریڈ کے دوران ہونے والے ناخوشگوار واقعات کی سخت الفاظ میں مذمت بھی کی ہے۔

خیال رہے کہ منگل کے روز ٹریکٹر ریلی کے دوران دہلی کے کسان مشتعل ہو گئے تھے۔ کئی مقامات پر کسانوں نے بندشیں توڑ ڈالی تھیں اور پولیس کے سامان کو نقصان پہنچایا تھا۔ یہاں تک کہ بیریکیڈ پر تعینات پولیس اہلکاروں پر ٹریکٹر چڑھانے کی بھی کوشش کی گئی تھی۔ شرارتی عناصر نے لال قلعہ پر بھی ہنگامہ آرائی کی اور وہاں مذہبی جھنڈا لہرا دیا۔ آخر کار فورس طلب کر کے حالات پر قابو پایا جا سکا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔