یشونت سنہا نے بی جے پی اور مرکزی حکومت پر ملک کا ماحول خراب کرنے کا لگایا الزام

یشونت سنہا نے بی جے پی اور مرکزی حکومت پر ملک کا ماحول خراب کرنے کا براہ راست الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ آج ملک میں نفرت سے خوف کا ماحول بن گیا ہے جو جان بوجھ کر پیدا کیا جا رہا ہے۔

یشونت سنہا، تصویر آئی اے این ایس
یشونت سنہا، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

جے پور: صدارتی انتخابات میں متحدہ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) کے امیدوار یشونت سنہا نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور مرکزی حکومت پر ملک کا ماحول خراب کرنے کا براہ راست الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ آج ملک میں نفرت سے خوف کا ماحول بن گیا ہے جو جان بوجھ کر پیدا کیا جا رہا ہے۔

اپنی انتخابی مہم کے لیے جے پور آئے یشونت سنہا نے آج یہاں پریس کانفرنس میں یہ الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے سماج میں پرتشدد ماحول پیدا ہوا اور آج معاشرہ تقسیم ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاید ملک جس وقت تقسیم ہوا اس وقت بھی معاشرہ اتنا تقسیم نہ ہوا ہوگا۔


انہوں نے کہا کہ ملک میں منتخب حکومتوں کو گرانے کا نیا کھیل شروع ہو گیا ہے۔ اگر کسی ریاست میں اس کی پارٹی کی حکومت نہیں بنتی تو دوسری حکومت کو ٹِکنے نہیں دینا ہے اور اسے گرانا ہے۔ وہ یہ کمزور کڑیاں ڈھونڈتے ہیں اور ایک ایک کرکے منتخب حکومتوں کو گرا رہے ہیں۔ مہاراشٹر میں دیکھ لیا اور تازہ ترین مثال گوا میں کانگریس پارٹی کو توڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدارتی انتخاب سے پہلے ہی ایسا کیوں ہو رہا ہے۔ انہیں یقین ہے کہ سنہا الیکشن ہار گئے ہیں تو پھر یہ کھیل کیوں ہو رہا ہے۔

یشونت سنہا نے کہا کہ وہ طویل عرصے سے انتظامیہ اور دیگر جگہوں پر رہے ہیں، انہوں نے ملک میں ایسا ماحول پہلے کبھی نہیں دیکھا۔ راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے راجستھان میں ایسا نہیں ہونے دیا۔ لیکن احتیاط کی ضرورت ہے کیونکہ یہ لوگ کسی بھی وقت ایسی کوشش کر سکتے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ اس اندھیرے میں راجستھان میں روشنی نظر آ رہی ہے اور اشوک گہلوت کی قیادت میں اچھا کام ہو رہا ہے اور لوگ حکومت کے کاموں سے مطمئن ہیں۔ ریاستی حکومت نے صحت خدمات سمیت کئی شعبوں میں پہل کی ہے اور اچھا کام کر کے دکھایا ہے۔

یشونت سنہا نے کہا کہ مشرقی راجستھان نہر اسکیم ( ای آر سی پی) ایک مذاق بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک وزیر نے انہیں بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے سال 2018 میں ای آر سی پی کے بارے میں ایک تقریر کی تھی اور ان کے وزیر اس سے مکر گئے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے کاموں میں سیاست نہیں ہونی چاہیے لیکن سیاست ہو رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔