بی ایل او پر کام کا دباؤ! ایس آئی آر میں مصروف اہلکار نے کی خودکشی کی کوشش، ساتھی ملازمین کا اسپتال میں ہنگامہ
اہل خانہ کا الزام ہے کہ کام میں معمولی کوتاہی ہو جانے پر موہت کو اعلیٰ افسران کی طرف سے سخت پھٹکار کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے وہ ذہنی طور سے ٹوٹ گئے اور اس طرح کا قدم اٹھانے پر مجبور ہوئے

ووٹر لسٹوں کی جامع خصوصی نظر ثانی (ایس آئی آر) کے عمل میں مصروف بی ایل او کی خودکشی کے معاملے تھمنے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔ تازہ معاملہ اتر پردیش کے ضلع میرٹھ میں سامنے آیا ہے جہاں ایک بی ایل او نے زہریلی چیز کھا کر خودکشی کرنے کی کوشش کی۔ بی ایل او کی حالت بدستور تشویشناک ہے۔
اطلاعات کے مطابق یہ واردات میرٹھ کے پلو پورم تھانہ علاقہ میں سامنے آئی ہے۔ یہاں ووٹر لسٹ پر نظر ثانی کے کام میں مصروف بی ایل او موہت کمار نے منگل کی شام کوئی زہریلی چیز کھا لی۔ واردات کے بعد اہل خانہ انہیں فوراً اسپتال لے کر پہنچے جہاں ان کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ اہل خانہ کا الزام ہے کہ موہت نے کام کے دباؤ اور ڈانٹ پھٹکار سے عاجز آکر زہر کھا لیا ہے۔ اس دوران اسپتال میں موہت کے ساتھی ملازمین نے ہنگامہ بھی کیا۔
خاندان کا کہنا ہے کہ موہت کئی دنوں سے مسلسل ایس آئی آر سے متعلق کام میں مصروف تھے۔ ان پر مطلوبہ تعداد میں فارم بھرنے کا بہت زیادہ دباؤ ڈالا جارہا تھا۔ اہل خانہ کا الزام ہے کہ کام میں معمولی کوتاہی ہوجانے پر انہیں اپنے اعلیٰ افسران کی طرف سے سخت پھٹکار کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے وہ ذہنی طور سے ٹوٹ گئے اور اس طرح کا قدم اٹھانے پر مجبور ہوئے۔
موہت کی گزشتہ روز بھی اپنے سپروائزر کے ساتھ کہا سنی ہونے کی بات سامنے آئی تھی جس کے بعد موہت نے انتہائی قدم اٹھایا۔ موہت کی خبر سنتے ہی ان کے ساتھی ملازمین بھی اسپتال پہنچے اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے نعرے بازی شروع کردی۔ دریں اثنا، ضلع انتظامیہ نے کہا ہے کہ پورے معاملے کی تحقیقات کی جائے گی اور اگر کوئی اہلکار قصوروار پایا گیا تو کارروائی کی جائے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔