گونڈوانا ایکسپریس میں خاتون نے پھانسی لگا کر کی خودکشی، سفر کر رہا کنبہ حیران!

ٹرین کے بیت الخلاء میں مردہ خاتون کے گلے میں ساڑی کا ایک ٹکڑا بندھا ہوا ملا تھا جو بیت الخلاء کے پائپ سے جڑا ہوا تھا، خاتون کی شناخت 35 سالہ بائی اتھیا کی شکل میں ہوئی ہے۔

موت، علامتی تصویر
موت، علامتی تصویر
user

قومی آوازبیورو

مدھیہ پردیش کے دموہ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ حضرت نظام الدین-جبل پور گونڈوانا ایکسپریس کے جنرل کوچ میں بیت الخلاء کے اندر ایک خاتون کی لاش لٹکی ہوئی برآمد ہوئی ہے۔ دموہ سرکاری ریلوے پولیس (جی آر پی) کو اس بارے میں مطلع کیا گیا اور ٹرین کے دموہ پہنچنے پر انھوں نے ٹرین کے بیت الخلاء سے خاتون کی لاش باہر نکالی۔

شروعاتی جانچ میں پتہ چلا ہے کہ خاتون کی عمر 35 سال اور اس کا نام بائی اتھیا ہے۔ ابتدائی جانچ میں پتہ چلا ہے کہ اس خاتون نے خودکشی کی ہے، حالانکہ اس کی وجہ سامنے نہیں آئی ہے۔ بیت الخلاء میں مردہ خاتون کے گلے میں ساڑی کا ایک ٹکڑا بندھا ہوا ملا تھا جو پائپ سے جڑا ہوا تھا۔ بائی اتھیا اپنے شوہر، بچوں اور کچھ دیگر جانکاروں کے ساتھ دہلی سے دموہ جا رہی تھی۔ سفر کے دوران اس کے لاپتہ ہونے کے بعد رشتہ داروں و دیگر لوگوں نے تلاش شروع کی اور پھر بیت الخلاء میں لاش دکھائی دی۔


بتایا جاتا ہے کہ رات میں ہی خاتون اچانک غائب ہو گئی تھی اور جب گھر والوں نے دیر تک اسے نہیں دیکھا تو پوری ٹرین میں اس کو تلاش کرنے کا عمل شروع ہوا۔ کافی دیر تلاشی کے بعد لوگوں نے بیت الخلاء میں تلاش کرنا شروع کیا اور وہاں اسے مردہ دیکھ کر سبھی حیران رہ گئے۔

پولیس نے خاتون کی لاش کو قبضہ میں لے لیا ہے اور پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ جی آر پی پولیس کے مطابق معاملہ خودکشی کا ہی معلوم پڑ رہا ہے۔ پوسٹ مارٹم کے بعد جانچ آگے بڑھے گی۔ خودکشی کے پیچھے کی وجہ اب تک سامنے نہیں آ پائی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔