گوا میں واضح اکثریت حاصل کریں گے، لیکن غیر بی جے پی پارٹیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے: کانگریس

مختلف چینلوں پر برآمد ایگزٹ پول میں گوا میں کانگریس اور بی جے پی کے درمیان سخت ٹکر دکھائی دے رہی ہے، اس درمیان گوا کے وزیر اعلیٰ پرمود ساونت نے بھی مان لیا کہ بی جے پی کو اکثریت حاصل نہیں ہو رہی۔

کانگریس کا پرچم
کانگریس کا پرچم
user

قومی آوازبیورو

گوا کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس لیڈر دگمبر کامت نے پیر کے روز امید ظاہر کی کہ پارٹی اپنے معاون گوا فارورڈ کے ساتھ واضح اکثریت حاصل کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ اگر کانگریس گوا میں اکثریت حاصل کرتی ہے تو بھی وہ حکومت کی تشکیل کے دوران دیگر غیر بی جے پی پارٹیوں کو ساتھ لے کر چلے گی۔

کانگریس کے 37 امیدواروں اور ان کے انتخابی ایجنٹوں کی ایک میٹنگ کے بعد صحافیوں کو خطاب کرتے ہوئے دگمبر کامت نے اعتماد ظاہر کیا کہ پارٹی اپنے معاون گوا فارورڈ کے ساتھ اس انتخاب میں واضح اکثریت حاصل کرے گی۔ کامت نے کہا کہ گوا کے لیے کانگریس کے سینئر نگراں اور سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم نے ابھی ہم سے کہا ہے کہ بھلے ہی پارٹی کو اکثریت مل جائے، کانگریس سبھی غیر بی جے پی پارٹیوں (حکومت کی تشکیل میں) کو جوڑنا چاہے گی۔


دگمبر کامت نے کہا کہ ہمیں لگتا ہے ہماری پارٹی واضح اکثریت حاصل کرے گی اور گوا فارورڈ کے ساتھ اتحاد کر کے اقتدار میں آئے گی۔ کانگریس کے وزیر اعلیٰ عہدہ کے چہرے کے بارے میں پوچھے جانے پر کامت، جو وزیر اعلیٰ عہدہ کے لیے امیدواروں میں سے ایک ہیں، نے کہا کہ آپ اس بارے میں فکر کیوں کر رہے ہیں؟ میں بھی اس کے بارے میں نہیں سوچ رہا ہوں۔

واضح رہے کہ کانگریس نے گوا فارورڈ پارٹی (تین سیٹوں) کے ساتھ اتحاد کر کے 40 اسمبلی سیٹوں میں سے 37 پر انتخاب لڑا ہے۔ آج آئے مختلف چینلوں کے ایگزٹ پول میں گوا میں کانگریس اور بی جے پی میں سخت ٹکر دکھائی دے رہی ہے۔ اس درمیان گوا کے وزیر اعلیٰ پرمود ساونت نے بھی مان لیا ہے کہ بی جے پی کو اکثریت نہیں ملنے جا رہی۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی 18 سے 20 سیٹیں جیتے گی۔ حالانکہ اس کے ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ بی جے پی ریاست میں حکومت تشکیل دے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔