ایم ایس پی سمیت کسانوں کے کئی ایشوز پر کانگریس کے چنتن شیویر میں ہوگا تبادلہ خیال: بھوپندر ہڈا

کسان لیڈروں سے ملاقات کے بعد ہڈا نے کہا تھا کہ پنجاب، تمل ناڈو، کرناٹک اور اتراکھنڈ سے کسان آئے، انھوں نے ایم ایس پی کو لے کر ’سی 2 فارمولہ‘ نافذ کرنے کا مطالبہ کیا۔

بھوپندر ہڈا
بھوپندر ہڈا
user

قومی آوازبیورو

کانگریس پارٹی سہ روزہ ادے پور چنتن شیویر میں کسانوں کو قرض سے راحت اور ایم ایس پی سے متعلق ایشوز پر تبادلہ خیال کرے گی۔ ہریانہ کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر بھوپندر سنگھ ہڈا نے اس تعلق سے منگل کے روز کہا کہ مرکزی حکومت کی طرف سے بنائے گئے زرعی قوانین کے خلاف کسان ایک سال سے زیادہ وقت تک دہلی کے آس پاس بیٹھے رہے۔ حکومت کو جھکنا پڑا۔ ہم نے ان کسانوں سے ملاقات کی اور قرض، راحت، ایم ایس پی سے متعلق ایشوز پر بات چیت کی۔ ہم اس پر ایک مسودہ تیار کریں گے اور اسے ادے پور چنتن شیویر میں رکھیں گے۔

واضح رہے کہ بھوپندر ہڈا نے اس سلسلے میں گزشتہ دنوں ایک میٹنگ بلائی گئی تھی جس میں زراعت سے متعلق بات چیت ہوئی تھی۔ اس میٹنگ میں غیر کانگریسی کسان لیڈران کو بھی شامل کیا گیا تھا۔ ہڈا کی صدارت میں ہوئی اس میٹنگ میں اکھلیش پرساد سنگھ، بھارتیہ کسان یونین لیڈر راکیش ٹکیت، یدھویر سنگھ اور دیگر کسان لیڈران موجود رہے۔ میٹنگ میں کسانوں کے مسائل رکھے گئے اور ایم ایس پی، بجلی بل، قرض معافی جیسے تمام ایشوز پر بات چیت کی گئی تھی۔


کسان لیڈروں سے ملاقات کے بعد ہڈا نے کہا تھا کہ پنجاب، تمل ناڈو، کرناٹک اور اتراکھنڈ سے کسان آئے، انھوں نے ایم ایس پی کو لے کر ’سی 2 فارمولہ‘ نافذ کرنے کا مطالبہ کیا۔ میٹنگ میں پانی، امپورٹ ڈیوٹی، ہائی ٹینشن تار، لینڈ کمپلسیشن، قرض، کلائمیٹ چینج جیسے ایشوز پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ ہڈا نے کہا کہ میٹنگ کے دوران کسان لیڈران نے اہم مشورے دیئے جس کو پیش نظر رکھتے ہوئے ایک ’کانسیپٹ پیپر‘ تیار کیا جائے گا اور پھر آگے کی بات چیت ہوگی۔ بھوپندر ہڈا نے کہا کہ سال 2024 میں حکومت بننے پر کسانوں کے لیے کیا نافذ کیا جائے، اس بات کو لے کر تبادلہ خیال ضروری ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔