مہاراشٹر میں اب ختم ہوگی ’بیوگی رسم‘، ادھو حکومت نے جاری کیا سرکلر

مہاراشٹر حکومت نے بیوگی رسم ختم کرنے سے متعلق بڑا قدم اٹھایا ہے، حکومت نے 17 مئی 2022 کو جاری سرکلر میں سبھی گرام پنچایتوں کو بیوہ خواتین سے متعلق قدیم رواجوں سے چھٹکارا حاصل کرنے کی ہدایت دی ہے۔

بیوہ خواتین
بیوہ خواتین
user

قومی آوازبیورو

مہاراشٹر کی اُدھو ٹھاکرے حکومت نے سماجی اصلاح کی سمت میں بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ریاست میں بیوگی رسم ختم کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ اب بیوہ ہونے پر خواتین کی چوڑی توڑنے، سندور پونچھنے اور منگل سوتر نکالنے کی رسم مہاراشٹر میں نہیں ہوگی۔ مہاراشٹر حکومت نے اسے پوری ریاست میں نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مہاراشٹر حکومت نے رسم کو ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اس کے لیے سرکلر بھی جاری کر دیا ہے۔ حکومت نے 17 مئی 2022 کو جاری سرکلر میں سبھی گرام پنچایتوں کو بیوہ ہونے کے قدیم رواجوں سے چھٹکارا حاصل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ریاست کے دیہی ترقیات محکمہ کے وزیر حسن مشریف نے کہا کہ ہندوستان ایک سائنسی اور ترقی پذیر ملک ہے۔ دیہی مہاراشٹر کے کچھ حصوں میں شوہر کی موت کے بعد خواتین کی چوڑیاں توڑنے، پیشانی سے سندور پونچھنے اور منگل سوتر ہٹانے کی رسم چلی آ رہی تھی، اس لیے ایسی رسموں کو روکنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔

دراصل کولہاپور ضلع میں ہیرواڑ گرام پنچایت کے ذریعہ بیوگی رسم کو روکنے کے فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے مہاراشٹر حکومت نے پوری ریاست میں اسے نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہیرواڑ گرام پنچایت کی دیہی ترقیاتی افسر پلوی کولیکر اور سرپنچ سرگونڈا پاٹل اور گرام سبھا نے اس رسم کو ختم کرنے کی سب سے پہلے پیش قدمی کی تھی۔ کولہاپور میں سیلاب اور اس کے بعد وبا کے دوران دیہی علاقوں میں بڑی تعداد میں اموات کے بعد چاروں طرف بیوگی رسم کے مناظر سامنے آنے پر گرام سبھا نے اسے روکنے کا عزم کیا۔


سرپنچ پاٹل نے کہا کہ یہ انقلابی فیصلہ راج شری ساہو مہاراج کی طرف سے بیوہ خواتین کے لیے کیے گئے کاموں کے سبب لیا گیا ہے۔ پاٹل نے کہا کہ بیوہ خواتین کو بھی دیگر خواتین کی طرح عزت سے جینے کا پورا حق ہے۔ بیوگی کی رسم پر عمل کرنا باوقار زندگی کے انسانی اور آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ اس لیے دیہی ترقیاتی محکمہ نے یہ یقینی کیا ہے کہ مستقبل میں خواتین کے حقوق کی خلاف ورزی نہ ہو اور اس کے لیے سرکلر جاری کر دیا ہے۔

حیران کرنے والی بات یہ ہے کہ کئی خواتین تنظیمیں بھی اس رسم کو روکنے کی کوشش کر رہی تھیں۔ لیکن ایسی رسموں کو روکنے کے لیے قانون کا خوف ضروری تھا۔ اسی لیے حکومت نے اب سرکلر جاری کر سبھی گرام سبھاؤں میں ہیرواڑ گرام پنچایت کے پیٹرن کو نافذ کرنے کی ہدایت دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔