ہر مسجد میں شیو لنگ کیوں تلاش کریں، بے سبب تنازعہ کیوں بڑھائیں! موہن بھاگوت

گیان واپی تنازعہ کے درمیان آر ایس ایس سربراہ نے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب آر ایس ایس مندروں کے حوالہ سے کوئی تحریک نہیں چلائے گی

آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت / ٹوئٹر / @friendsofrss
آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت / ٹوئٹر / @friendsofrss
user

قومی آوازبیورو

ناگپور: ملک بھر میں کئی مسجدوں پر کھڑے کئے گئے تنازعات، گیان واپی مسجد میں عدالتی حکم سے کرائے گئے سروے اور وضو خانہ سے شیو لنگ برآمد ہونے کے دعووں کے بعد آر ایس ایس (راشٹریہ سوم سیوک سنگھ) کے سربراہ موہن بھاگوت نے بیان دیا ہے کہ اب سنگھ کی طرف سے مندروں کے حوالہ سے کوئی تحریک نہیں چلائی جائے گی۔ موہن بھاگت آر ایس ایس کے ناگپور میں واقع صدر دفتر پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

موہن بھاگوت نے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس بات سے انکار نہیں ہے کہ سنگھ نے ایودھیا سے وابستہ رام مندر تحریک میں حصہ لیا تھا لیکن اس تحریک میں شامل ہونا تنظیم کی بنیادی فطرت کے خلاف تھا۔ اب آر ایس ایس مستقبل میں کسی مندر تحریک میں شامل نہیں ہوگی۔ اس دوران بھاگوت نے وارانسی کی گیان واپی مسجد پر بھی اظہار خیال کیا۔


موہن بھاگوت نے کہا ’’تاریخ کو کوئی بدل نہیں سکتا۔ گیان واپی ایک مسئلہ ہے لیکن اسے ہندو-مسلمان کی نظر سے دیکھنا غلط ہے کیونکہ مسلمان حملہ آور تو باہر سے آئے تھے۔ اب سنگھ کے ذریعے ہر طرف صرف بھائی چارے کو فروغ دینا ہے، ہندوتوا کو تقویت دینی ہے۔‘‘ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اب ملک کے فرقوں کے درمیان لڑائی نہیں ہونی چاہئے، ہندوستان کو ’وشو گرو‘ بننا چاہئے اور پوری دنیا کو امن کا درس دینا چاہئے۔

بھاگوت نے آر ایس ایس کارکنان کو تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہمیں ہر مسجد میں شیو لنگ تلاش کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ کچھ عقیدت کے مرکز ہو سکتے ہیں لیکن ہر موضوع پر لڑائی کیوں کرنی؟ تنازعہ کیوں بڑھانا؟‘‘

موہن بھاگوت نے خطاب کے دوران روس یوکرین جنگ کا بھی تذکرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین پر روس نے حملہ کیا ہے لیکن ہندوستان کا موقف بالکل متوازن ہے۔ آر ایس ایس سربراہ نے حکومت ہند کی اس پالیسی کو بالکل درست قرارد دیا اور کہا کہ روس یوکرین جنگ نے ہندوستان کو بھی بتا دیا ہے کہ اسے مضبوط رہنا ضروری ہے۔

سنگھ سربراہ نے خطاب میں ہندو مذہب کو مضبوط کرنے کی بھی وکالت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندو مذہب کو مزید طاقتور بنانا ہے، لیکن نہ کسی سے ڈرنا ہے اور نہ ہی کسی کو ڈرانا ہے، سب کے ساتھ مل کر رہنا ہے اور وشو گرو بننے کی طرف بڑھنا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 03 Jun 2022, 8:42 AM