’ہندوستان سے کورونا کا جلد خاتمہ ناممکن، لوگ انفیکشن کے ساتھ رہنے کی عادت ڈالیں‘

ڈبلیو ایچ او کی سائنسداں ڈاکٹر سومیا سوامی ناتھن کا کہنا ہے کہ ہندوستان میں کورونا اینڈیمک اسٹیج میں داخل ہو رہا ہے، اس کا مطلب یہ ہے کہ آبادی وائرس کے ساتھ رہنا سیکھ رہی ہے۔

کورونا، تصویر آئی اے این ایس
کورونا، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان میں کورونا انفیکشن کی تعداد میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ اس درمیان عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ایک دعویٰ نے لوگوں کی فکر میں اضافہ کر دیا ہے۔ سائنسداں ڈاکٹر سومیا سوامی ناتھن کا کہنا ہے کہ ہندوستان میں لوگوں کو کورونا سے چھٹکارا پانے کے لیے طویل انتظار کرنا ہوگا۔ انھوں نے مزید کہا کہ ملک میں کورونا وائرس اینڈیمک اسٹیج میں داخل ہو رہا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اینڈیمک اسٹیج اس سطح کو کہتے ہیں جب کوئی آبادی وائرس کے ساتھ رہنا سیکھتی ہے۔

سوامی ناتھن سے جب پوچھا گیا کہ ہندوستان میں ایسی حالت کیوں پیدا ہو رہی ہے، تو انھوں نے کہا کہ ہندوستان میں مختلف حصوں میں آبادی کے تنوع اور قوت مدافعت کی حالت کے سبب یہ ہو رہا ہے۔ یہ بہت ممکن ہے کہ یہ اتار چڑھاؤ کی حالت اسی طرح جاری رہ سکتی ہے۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ سال 2022 کے آخر تک ہم اس حالت میں ہوں گے کہ ہم 70 فیصد تک ٹیکہ کاری کے ہدف کو حاصل کر لیں گے اور پھر ملک میں حالات واپس معمول پر ہو سکتے ہیں۔


واضح رہے کہ وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 37 ہزار 593 کورونا کے نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ اس درمیان 648 کورونا متاثرین کی موت بھی ہوئی ہے۔ گزشتہ روز 25 ہزار 467 کورونا کے نئے معاملے سامنے آئے تھے۔ اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ایک دن میں تقریباً 12 ہزار سے زائد نئے کورونا مریض رجسٹرڈ ہوئے، جو ایک تشویشناک بات ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔