’رام مندر محفوظ نہیں تو ملک کا کیا حال ہوگا؟‘ سماجوادی پارٹی کا بی جے پی پر سخت حملہ
سماج وادی پارٹی کے ریاستی صدر نے کہا کہ بی جے پی کے دور حکومت میں خواتین کے خلاف مظالم، عصمت دری اور ہراسانی کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، نیز خواتین کو بااختیار بنانا سماج وادی پارٹی کی دین ہے

اتر پردیش کے گونڈا میں سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے ریاستی صدر شیام لال پال نے بی جے پی اور یوگی حکومت پر تلخ حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھگوان رام کا مندر نہیں بچا تو آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ ملک بھر میں کتنا بڑا گھپلہ ہوا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مندر میں دن رات رہنے والے لوگوں سے پوچھا جائے کہ پرندہ کیسے پر مار گیا؟ کیسے چوری کر لے گیا؟ اس کا مطلب ہے کہ گھر کے لوگ ہی بھگوان رام کے نقلی بھکت بن کر وہاں سے چوری کر رہے ہیں۔ پال یہیں نہیں رکے، انہوں نے مزید کہا کہ رام کے دربار میں ہی رہ کر چوری کرنے والے لوگ غدار اور رام کے دشمن ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ایس پی کے ریاستی صدر جمعہ کو کرنیل گنج سڑک حادثے میں جان گنوانے والوں کے اہل خانہ سے ملنے پہنچے تھے۔ اس دوران انہوں نے ٹاؤن ہال گونڈہ میں پریس کانفرنس کی جس میں صحافیوں نے ان سے رام مندر میں نذرانے کی چوری کے بارے میں سوال کیا۔ ایک سوال کے جواب میں دعویٰ کرتے ہوئے ایس پی رہنما نے کہا کہ آئندہ 2027 کے انتخابات میں سماجی انصاف قائم ہوگا اور اکھلیش یادو وزیر اعلیٰ بنیں گے۔ انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے دور حکومت میں خواتین کے خلاف مظالم، عصمت دری اور ہراسانی کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ خواتین کو بااختیار بنانا سماج وادی پارٹی کی دین ہے۔
پال نے کہا کہ پورے ملک میں گھپلے ہو رہے ہیں۔ جب بھگوان رام کا مندر ہی بچا نہیں ہے تو آپ امید کرسکتے ہیں کہ پورے ملک میں کتنا بڑا گھپلہ ہوا ہوگا۔ وہیں رہنے والے لوگوں سے پوچھا جائے جو رات دن وہاں رہتے ہیں کہ پرندہ کیسے پر مار گیا، کیسے چوری کر لے گیا، اس کا مطلب ہے کہ گھر کے لوگ ہی بھگوان رام کے نقلی بھکت بن کر چوری کر رہے ہیں۔
پال نے کہا کہ اب میں کیا کہوں؟ یہ کہاوت ’الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے‘ والی ہے۔ جب رام کے مندر میں ہی چوری ہوگی تو ملک کیسے چلے گا؟، اس لیے رام کا دروازہ سب کے لیے کھلا ہے لیکن رام کے دربار میں جو بھگوان رام کے نزدیک ہیں، وہاں 24 گھنٹے رہتے ہیں۔ ایسے لوگ جب رام کے دربار میں گھپلہ کریں گے تو ملک کے ساتھ کتنا بڑا گھپلہ ہوگا، یہ سوچنے کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ دیکھ رہے ہیں کہ روز فرضی انکاؤنٹر ہو رہے ہیں، غازی پور میں دیکھا، جونپور میں دیکھا، فرضی انکاؤنٹروں کا سیلاب آیا ہوا ہے، جنتنے لوگ قصوروار ہیں وہ سڑکوں پر گھوم رہے ہیں، ان کو کہیں کوئی نہیں پوچھ رہا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
