’بی جے پی نے ملک کا کیا حال بنا رکھا ہے؟ خود ہی دیکھ لیجیے‘، کانگریس نے جاری کی ویڈیو
ویڈیو میں مختلف بی جے پی حکمراں ریاستوں میں موجودہ حالات کا سرسری ذکر کیا گیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ ڈبل انجن والی حکومت کا ڈھول پیٹنے والی ریاستیں پوری طرح فیل ہیں۔

کانگریس نے مرکز کی مودی حکومت اور مختلف ریاستوں میں برسراقتدار بی جے پی حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انھیں عوام مخالف ٹھہرایا ہے۔ مدھیہ پردیش کے اندور میں آلودہ پانی پینے سے ہوئی ہلاکتوں، دہلی میں فضائی آلودگی سے پیدا مشکل حالات، اراولی کی نئی تعریف سے اس پہاڑی سلسلہ کو ہونے والے ممکنہ نقصان اور اتراکھنڈ میں انکیتا بھنڈاری قتل واقعہ پر جاری ہنگامہ معاملوں میں کانگریس نے ایک ویڈیو جاری کی ہے۔ اس ویڈیو میں وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی حکومت پر حملہ کیا گیا ہے۔
یہ ویڈیو کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر ڈالی ہے، جس کے ساتھ کیپشن لگایا گیا ہے ’’بی جے پی نے ملک کا کیا حال بنا رکھا ہے؟ خود ہی دیکھ لیجیے۔‘‘ اس ویڈیو میں سب سے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی کا ایک پرانا بیان دکھایا گیا ہے، جس میں وہ دہلی حکومت کی تنقید کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’’دیکھیے تو سہی، کیا حال بنا رکھا ہے دہلی کا۔‘‘ اس بیان کے بعد ویڈیو میں وزیر اعظم کو آئینہ دکھاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’’صرف دہلی کا ہی کیوں، پورے ملک کا حال دیکھیے۔‘‘
بعد ازاں ویڈیو میں مختلف بی جے پی حکمراں ریاستوں میں موجودہ حالات کا سرسری ذکر کیا گیا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ ’’مدھیہ پردیش میں زہریلے پانی سے 17 لوگ مر گئے۔ گجرات میں آلودہ پانی سے ایک بچی کی موت ہو گئی۔ 150 سے زائد لوگ بیمار ہیں۔ دہلی کی آلودگی نے لگاتار جینا دشوار کر رکھا ہے۔ راجستھان میں اراولی کاٹ کر دوست کو دینے کی تیاری چل رہی ہے۔‘‘ ویڈیو میں مزید بتایا گیا ہے کہ ’’چھتیس گڑھ میں اڈانی کی کوئلہ کانوں کے لیے ہسدیو ارنڈ کے جنگل کاٹے جا رہے ہیں۔ اتراکھنڈ میں لوگ سڑک پر اتر کر انکیتا بھنڈاری کے لیے انصاف مانگ رہے ہیں، لیکن مودی حکومت کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔‘‘
مختلف ریاستوں میں پیدا مذکورہ بالا مسائل سے متعلق چھوٹی چھوٹی ویڈیو کلپس اور تصویروں کو کانگریس نے ویڈیو میں شامل کیا ہے، اور بیک گراؤنڈ سے آ رہی آواز میں کہا گیا ہے کہ ’’ہر جگہ بی جے پی حکومت عوام کا استحصال کر رہی ہے۔ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔‘‘ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’’ان سب ریاستوں میں ڈبل انجن کا ڈھول پیٹنے والی حکومت ہے، لیکن دونوں انجن فیل... فیل... فیل... نہ کوئی جوابدہی، نہ کوئی ذمہ داری۔ اور نریندر مودی ہمیشہ کی طرح بالکل خاموش۔ شرمناک۔‘‘ کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر مزید کچھ پوسٹس گجرات میں آلودہ پانی پینے سے بچی کی ہوئی موت اور اراولی معاملہ پر ’دی وائر‘ کی ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کیے گئے ہیں۔ ان سوشل میڈیا پوسٹس میں پی ایم مودی اور بی جے پی حکومتوں کو کٹہرے میں کھڑا کیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔