مغربی بنگال ایس آئی آر: 27 لاکھ میں سے ٹریبونل نے کی صرف 500 اپیل منظور، 137 ہی دے سکیں گے ووٹ

سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ ٹریبونل میں جن کی اپیل منظور کر لی جائے گی وہ لوگ 23 اور 29 اپریل کو ووٹ دے سکیں گے۔ اس کے لیے عدالت نے آرٹیکل 142 کے خصوصی اختیارات کا استعمال کیا تھا۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر اے آئی</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

مغربی بنگال ایس آئی آر سے متعلق ایک اہم خبر سامنے آئی ہے۔ 27 لاکھ اپیلوں میں سے ٹریبونل نے صرف 500 اپیلیں ہی منظور کی ہے۔ ہندی نیوز پورٹل ’ٹی وی 9 بھارت ورش‘ پر ذرائع کے حوالے سے شائع خبر کے مطابق 500 کیس کی سماعت کے بعد سپلیمنٹری ووٹر لسٹ میں صرف 137 ووٹرس ہی جوڑے گئے ہیں۔ ان 137 ووٹرس کو ووٹ ڈالنے کی اجازت دی گئی ہے۔ دراصل اس تعلق سے گزشتہ دنوں سپریم کورٹ نے اہم حکم دیا تھا۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ ٹریبونل میں جن کی اپیل منظور کر لی جائے گی وہ لوگ 23 اور 29 اپریل کو ووٹ دے سکیں گے۔ سپریم کورٹ نے اس کے لیے آرٹیکل 142 کے خصوصی اختیارات کا استعمال کیا تھا۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے سپریم کورٹ کے اس فیصلہ پر خوشی کا اظہار کیا تھا۔ مغربی بنگال میں 2 مرحلوں میں 23 اور 29 اپریل کو ووٹنگ ہے۔ پہلے مرحلہ میں 152 سیٹوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے جبکہ دوسرے مرحلہ میں 142 سیٹوں پر ووٹنگ ہوگی۔


بنگال میں ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظر ثانی (ایس آئی آر) سے پہلے مجموعی طور پر 76637529 ووٹرس تھے۔ 28 فروری کو ایس آئی آر کی پہلی لسٹ آئی۔ اس میں تقریباً 63.66 لاکھ نام ہٹائے گئے تھے، جبکہ 6006675 ناموں کو ہولڈ پر رکھا گیا کہ اس پر غور کیا جائے گا۔ بعد میں ان میں سے 27 لاکھ 16 ہزار 393 لوگ نااہل قرار دیے گئے، جبکہ 3268119 کو اہل قرار دے کر فہرست میں شامل کر دیا گیا۔

قابل ذکر ہے کہ ایس آئی آر کے بعد بنگال میں ووٹرس کی مجموعی تعداد 67720728 رہ گئی ہے۔ پہلے مرحلہ کے انتخاب سے چند روز قبل 7 لاکھ نئے ووٹرس جوڑے گئے تھے۔ اس کے بعد بنگال میں مجموعی طور پر ووٹرس کی تعداد 68251008 ہو گئی ہے۔ نئے ووٹرس میں سے تقریباً 3.22 لاکھ ووٹرس پہلے مرحلہ یعنی 23 اپریل کو ووٹنگ کریں گے باقی بچے 3.88 لاکھ ووٹرس دوسرے مرحلہ میں ووٹ ڈالیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔