مغربی بنگال کو اب تک نہیں ملا ’پی ایم رہائش منصوبہ‘ کا پیسہ، ناراض ممتا حکومت نے مرکز کو لکھا خط

مغربی بنگال کے ایک افسر کہنا ہے کہ ’’مرکز کا حصہ نہ ملنے کے سبب رہائش کی تعمیر کا کام روک دیا گیا ہے، ہم نے مرکز سے پی ایم رہائش منصوبہ کے لیے جلد از جلد رقم بھیجنے کی گزارش کی ہے۔‘‘

ممتا بنرجی، تصویر آئی اے این ایس
ممتا بنرجی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

مغربی بنگال حکومت نے مرکز کی مودی حکومت کو ایک خط لکھا ہے جس میں مطالبہ کیا ہے کہ جلد از جلد پی ایم رہائش منصوبہ کے تحت مختص رقم جاری کی جائے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ریاست میں 11.5 لاکھ گھروں کو 31 مارچ تک پورا کیا جانا ہے۔ اگر مرکز سے رقم ملنے میں تاخیر ہوتی ہے تو وقت پر تعمیر کا عمل انجام نہیں پا سکے گا۔ ریاست کے ایک افسر نے بتایا کہ پیر کے روز یہ خط بھیجا گیا ہے۔

اس سے قبل مرکزی وزارت برائے دیہی ترقی نے 493 صفحات کا خط بھیج کر پی ایم رہائش منصوبہ پر ہوئے خرچ کی تفصیلات مانگی تھی۔ مرکزی وزارت کے خط کے بعد ریاستی حکومت نے جوابی خط لکھا ہے۔ اس خط میں ریاست نے واضح کیا ہے کہ اس نے پہلے ہی مرکز کے سبھی سوالات کے جواب دے دیئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی جلد از جلد بقیہ رقم جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ریاست نے سنگین مالی بحران کے باوجود رہائش منصوبہ کے تحت 40 فیصد خرچ برداشت کیا ہے۔ خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر مرکز کے ذریعہ رقم جلد جاری نہیں کی جاتی ہے تو 11.5 لاکھ گھر بنانے کا کام 31 مارچ تک پورا کرنا ممکن نہیں ہوگا۔


واضح رہے کہ پی ایم رہائش منصوبہ کے تحت بننے والے گھروں کی تعمیر میں 60 فیصد اخراجات مرکز اور 40 فیصد اخراجات ریاست برداشت کرتی ہے۔ ایک ریاستی افسر کا کہنا ہے کہ ریاستی حکومت اس منصوبہ کے تحت 4800 کروڑ روپے خرچ کر چکی ہے۔ لیکن مرکزی حکومت نے ابھی تک اپنے حصے کے 13000 کروڑ روپے نہیں بھیجے ہیں۔ افسر کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’’مرکز کا حصہ نہ ملنے کے سبب رہائش کی تعمیر کا کام روک دیا گیا ہے۔ ہم نے مرکز سے منصوبہ کے لیے جلد از جلد رقم بھیجنے کی گزارش کی ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔