مغربی بنگال: بی جے پی کے روڈ شو میں گونجا ’گولی مارو‘ کا نعرہ، 3 پارٹی کارکنان گرفتار

ایک روڈ شو کے دوران کچھ بی جے پی کارکنان نے قابل اعتراض نعرے لگائے۔ ضلع پولس نے اس پر از خود نوٹس لیتے ہوئے معاملہ درج کیا اور تین لوگوں کو گرفتار کیا جنھیں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

علامتی، تصویر آئی اے این ایس
علامتی، تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر عوامی جلسہ اور ریلی و روڈ شو کا سلسلہ تیز ہوتا جا رہا ہے، اور اس کے ساتھ ہی ترنمول کانگریس و بی جے پی لیڈران و کارکنان کے درمیان تلخ کلامی بھی بڑھتی جا رہی ہے۔ اس درمیان بی جے پی کے ایک روڈ شو میں ’گولی مارو‘ کا نعرہ بلند کیے جانے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق بی جے پی کے ہگلی ضلع کی یوتھ یونٹ سربراہ سریش ساہو سمیت تین پارٹی کارکنان کو پولس نے متنازعہ نعرہ بلند کرنے کے الزام میں گرفتار بھی کیا ہے۔

دراصل ہگلی ضلع میں ترنمول چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوئے شوبھیندو ادھیکاری کا روڈ شو نکلا تھا جس میں ’گولی مارو‘ کا نعرہ لگایا گیا۔ اس سلسلے میں پولس نے بتایا کہ قابل اعتراض نعرہ لگانے پر کچھ بی جے پی کارکنان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ایک پولس افسر نے بتایا کہ بدھ کے روز ہگلی ضلع میں بی جے پی کا پروگرام تھا جس میں کچھ بی جے پی کارکنان نے قابل اعتراض نعرے لگائے۔ ضلع پولس نے اس پر از خود نوٹس لیتے ہوئے ایک معاملہ درج کیا اور تین لوگوں کو گرفتار کیا جنھیں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔


بتایا جاتا ہے کہ رتھالا علاقہ میں یہ روڈ شو نکلا تھا جس میں ہگلی کی رکن پارلیمنٹ لاکٹ چٹرجی اور راجیہ سبھا رکن سوپن داس گپتا کے ساتھ شوبھیندو ادھیکاری بھی موجود تھے۔ ان کے ٹرک کے پیچھے چل رہے کارکنان نے بی جے پی کا جھنڈا اور ترنگا تھام رکھا تھا۔ اس پورے معاملے پر بی جے پی نے کنارہ کشی اختیار کر لی ہے۔ پارٹی ترجمان سمک بھٹاچاریہ نے کہا کہ پارٹی کا جھنڈا ہاتھ میں تھام کر قابل اعتراض نعرہ بازی کی حمایت نہیں کی جا سکتی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔