اقتدار میں آنے پر اپنے کارکنوں کی موت کا بدلہ لیں گے: بنگال بی جے پی صدر

مغربی بنگال میں مئی 2021 میں اسمبلی انتخاب ہونا ہے۔ اس کے پیش نظر بی جے پی نے ابھی سے جارحانہ رخ اختیار کر لیا ہے۔ پارٹی لیڈران لگاتار ٹی ایم سی پر حملہ آور ہیں اور بدکلامی سے بھی پرہیز نہیں کر رہے۔

دلیپ گھوش، تصویر فیس بک
دلیپ گھوش، تصویر فیس بک
user

تنویر

مغربی بنگال میں اسمبلی انتخاب کے بہت زیادہ دن نہیں رہ گئے ہیں۔ مئی 2021 میں اسمبلی انتخاب ہونا ہے اور اس کو لے کر بی جے پی نے اپنی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔ بی جے پی لیڈران لگاتار ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) اور وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں اور اس دوران وہ بدکلامی و بدتہذیبی سے بھی گریز نہیں کر رہے۔ مغربی بنگال بی جے پی صدر دلیپ گھوش بھی کئی بار ممتا بنرجی کے لیے قابل اعتراض الفاظ کا استعمال کر چکے ہیں۔ دلیپ گھوش کا ایک تازہ بیان سامنے آیا ہے جس میں وہ ممتا بنرجی کے ذریعہ ’جے شری رام‘ نہ کہنے پر اعتراض ظاہر کر رہے ہیں۔ انھوں نے سوال کیا ہے کہ ’’کیا جے شری رام بولنے سے ممتا دیدی کو بہت دقت ہوتی ہے؟‘‘

دراصل دلیپ گھوش نے یہ سوال ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پوچھا۔ انھوں نے کہا کہ آخر ان کے (ممتا بنرجی کے) خون میں ایسا کیا ہے کہ وہ جے شری رام نہیں بول سکتی ہیں۔ رام کے ملک میں ہی ایسا سلوک کیوں کیا جا رہا ہے۔ دلیپ گھوش نے مزید کہا کہ ’’ممتا بنرجی کہہ رہی ہیں کہ بدلا نہیں، بدل دو، لیکن میں کہنا چاہتا ہوں کہ جب ہم اقتدار میں آئیں گے تو ہمارے کارکنوں کی موت کا بدلہ لیں گے۔‘‘


واضح رہے کہ بی جے پی نے مغربی بنگال میں 200 سیٹیں حاصل کرنے کا ہدف رکھا ہے۔ مغربی بنگال اسمبلی میں کل 294 سیٹیں ہیں اور بی جے پی کو گزشتہ انتخاب میں محض 17 سیٹیں حاصل ہوئی تھیں۔ ترنمول کانگریس نے سب سے زیادہ 221 سیٹیں حاصل کر بہ آسانی اقتدار پر قابض ہوئی تھی۔ اکثریت حاصل کرنے کے لیے ریاست میں 148 سیٹوں کی ضرورت ہوتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔