کسانوں کی حمایت میں تیس سے زائد سابق کھلاڑیوں نے ایوارڈ واپسی کا کیا اعلان

ارجن ایوارڈ یافتہ سجن چیما نے اعلان کیا ہے کہ وہ کئی سابق کھلاڑیوں کے ساتھ 5 دسمبر کو ایوارڈ واپس کریں گے۔ انھیں 30 سے زائد سابق اولمپک اور دیگر میڈل حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی حمایت حاصل ہو گئی ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

ایک طرف مودی حکومت کسانوں کے ساتھ بات چیت کے ذریعہ زرعی قوانین کے خلاف ان کی ناراضگی ختم کرنے کی کوششیں کر رہی ہے، اور دوسری طرف کسانوں پر ہو رہے مظالم کے خلاف ایوارڈ واپسی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ پرکاش سنگھ بادل نے اپنا پدم وبھوشن گزشتہ دنوں واپس کر دیا ہے اور اب خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ تقریباً 30 سابق کھلاڑی جلد ہی اپنا سرکاری ایوارڈ واپس کریں گے۔

دراصل سابق ہندوستانی باسکیٹ بال کھلاڑی اور ارجن ایوارڈ یافتہ سجن سنگھ چیما نے گزشتہ دنوں اعلان کیا تھا کہ وہ 5 دسمبر کو کئی دیگر سابق کھلاڑیوں کے ساتھ دہلی پہنچیں گے اور راشٹرپتی بھون کے گیٹ پر اپنا ایوارڈ رکھ کر پرامن طریقے سے واپس چلے آئیں گے۔ ان کی حمایت میں اب کئی سابق کھلاڑی سامنے آئے ہیں جو ان کی پیروی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق چیما کو 30 سے زائد سابق اولمپک اور دیگر میڈل حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی حمایت حاصل ہوئی ہے۔ ان کھلاڑیوں میں گرمیل سنگھ اور سرندر سنگھ سوڈھی بھی شامل ہیں۔ یہ دونوں کھلاڑی سال 1980 ماسکو اولمپک میں گولڈ میڈل جیتنے والی ہندوستانی ہاکی ٹیم کا حصہ تھے۔


اس تعلق سے سجن سنگھ چیما کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی مہینوں سے کسان پرامن مظاہرہ کر رہے ہیں۔ اس کے باوجود جب وہ دہلی جانے لگے تو ان پر پانی کی بوچھار کی گئی اور اانسو گیس کے گولے پھینکے گئے۔ اگر بزرگوں اور بھائیوں کی پگڑی ایسے اچھالی جائے گی تو ایوارڈ رکھ کر کیا کریں گے۔ قابل ذکر ہے کہ سابق ہاکی کپتان پرگٹ سکھدیو سنگھ ڈھینڈسا نے بھی اپنا پدم شری ایوارڈ واپس کرنے کا اعلان کیا ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ 7 دسمبر کو اپنا ایوارڈ واپس کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 04 Dec 2020, 5:11 PM
/* */